نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ مکرم عزیزم جاوید احمد راتھر ابنِ مکرم منصور احمد راتھر ، ساکن ہاری پاری گام، کشمیر، 14 اور 15 نومبر کی درمیانی شب ایک افسوسناک حادثہ میں وفات پا گئے۔
موصوف جموں و کشمیر پولیس (کرائم برانچ) میں بطور کیمرہ مین ملازم تھے۔ فرائضِ منصبی کی ادائیگی کے دوران ایک دھماکہ ہونے کے باعث موصوف اپنے آٹھ ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور وطنِ عزیز کی خدمت کے صلہ میں انہیں شہادت کا رتبہ عطا فرمائے۔
جوان عمری میں ان کی وفات ان کے بزرگ والدین، ایک بھائی، بیوہ اور تین سالہ چھوٹی بیٹی کے لیے نہایت عظیم صدمہ ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور خود ان کا حامی و ناصر ہو۔
15 نومبر کو مسجد سلام، ہاری پاری کے وسیع صحن میں موصوف کی نمازِ جنازہ مکرم عمران احمد نائک صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی، بعد ازاں سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
تعزیت کے لیے ہزاروں احمدی و غیر احمدی افراد جمع ہوئے۔ تعزیت کرنے والوں میں چیف منسٹر عمر عبداللہ صاحب، ڈائریکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی کرائم، ڈپٹی کمشنر پلوامہ، برگیڈیئر آرمی کھنہ بل، ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ، ایم پی پلوامہ، ایم ایل اے ترال اور دیگر متعدد معزز و ذمہ داران شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی مرحوم کے گھر آ کر تعزیت کی۔
مرحوم جاوید احمد راتھر نہایت ایماندار، دیانتدار اور محبِ وطن انسان تھے۔ اپنے تفویض کردہ فرائض نہایت خوش اسلوبی سے ادا کرتے رہے۔ متقی، صلوٰۃ کے پابند اور جماعتی خدمات میں ہمہ وقت سرگرم رہتے تھے۔ آپ مقامی مجلس حاملہ کے ممبر اور ایڈیشنل سیکرٹری ایم ٹی اے کے عہدہ پر فائز تھے۔
مرحوم خلافتِ احمدیہ کے فدائی، مقامی مبلغِ سلسلہ کے ساتھ نہایت تعاون کرنے والے، نیک طبیعت، شریف النفس، نرم گفتار اور والدین کے فرمانبردار تھے۔ غیر از جماعت افراد کے ساتھ بھی حسنِ سلوک، وسیع القلبی اور مہمان نوازی ان کی نمایاں صفات تھیں۔
ادارہ بدر اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے والدین، اہلِ خانہ اور احبابِ جماعت ہاری پاری گام سے دلی اظہارِ تعزیت کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ (ادارہ بدر)