محترم سیٹھ عبد الصمد صاحب مرحوم کی وفات 12 مارچ 2025 بروز چہار شنبہ حیدرآباد میں رمضان المبارک کے مہینہ میں ہوئی۔ انا للہ و انا الیہ رجعون۔ آپ کے والد محترم سیٹھ عبد الحی صاحب مرحوم یادگیر کے رہنے والے تھے اور آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ یادگیر میں گزارا۔ آپ کی پیدائش 26 جون 1943 کو ہوئی۔ آپ کے دادا حضرت جی سیٹھ شیخ حسن صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام تھے۔
آپ با اخلاق، با اثر اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ آپ نے گیارہ سال امیر جماعت احمدیہ یادگیر کے طور پر خدمت کی۔ نایب امیر، قاضی سلسلہ اور جماعت احمدیہ تیما پور کے صدر جماعت کے طور پر بھی خدمت کا موقع ملا۔ آپ ایک بہترین داعی الی اللہ تھے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی تحریک پر آپ نے ایک ٹیم بنائی، تبلیغ کے لئے دیہات تک جاتے، قیام کرتے، گاؤں والوں کو پیغام پہنچاتے، اور بہت سے لوگ احمدیت قبول کرتے۔ تبلیغی اخراجات آپ خود برداشت کرتے اور شمالی کرناٹک کی اکثر نئی جماعتوں کا قیام آپ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
آپ اچھے مقرر بھی تھے۔ 1992 میں یادگیر میں کشیدہ حالات کے دوران PEACE COMMITTEE کے ممبر بنائے گئے اور قومی یکجہتی کے جلسہ عام میں آپ کی تقریر نے حالات کو پرامن بنا دیا۔ 1989 میں صد سالہ جشن تشکر کے موقع پر بھی آپ نے مخالفت کا حکمت سے مقابلہ کیا۔ تماپور میں شدید مخالفت کے دوران ایک احمدی شہید ہوئے اور دیگر پر مقدمات قائم ہوئے۔ آپ نے بھرپور پیروی کی اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا فرمائی۔
آپ خوش اخلاق، غرباء کے ہمدرد، اور یتیم بچیوں کے مددگار تھے۔ حضرت مسیح موعودؑ اور خاندان سے محبت رکھتے تھے۔ حضرت صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحبؒ کی خدمت میں پیش پیش رہتے، خلفاء کرام کی تحریکات پر لبیک کہتے، اور واقفین زندگی کا خاص احترام کرتے۔
آپ کی اہلیہ محترمہ رضیہ بیگم صاحبہ جماعتی خدمات اور غرباء نوازی میں معروف ہیں۔ بڑے بیٹے ڈاکٹر عبدالرزاق صاحب نایب امیر حیدرآباد ہیں اور مرکزی نمائندگان کا علاج مفت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز صاحب بھی اس خدمت میں شامل ہیں۔ چھوٹے بیٹے محمد حسیب صاحب نہایت خوش اخلاق ہیں۔ بیٹی عالیہ جبیں صاحبہ لجنہ کی فعال ممبر ہیں۔ داماد محمد عظمت اللہ صاحب غوری صوبائی قائد، ضلع امیر اور امیر جماعت حیدرآباد رہ چکے ہیں۔ آپ کی بڑی بہو طیبہ رزاق صاحبہ صدر لجنہ رہیں اور چھوٹی بہو فوزیہ حسیب صاحبہ لجنہ کی فعال ممبر ہیں۔ آپ کے سات پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں، یہ سب آپ کی تربیت کا نتیجہ ہے۔
اللہ تعالیٰ محترم سیٹھ عبد الصمد صاحب کو اپنے قرب خاص میں جگہ عطا فرمائے، درجات بلند کرے، اور گھر کے تمام افراد کو آپ کی نیکیوں پر قائم رکھے۔ آمین۔
بلانے والا ہے سب سے پیارا
اسی پہ اے دل تو جاں فدا کر
( خاکسار محمد کلیم خان مبلغ سلسلہ میڈیکری کرناٹک )