مکرّمہ فوزیہ بیگم منڈا سگرصاحبہ مرحومہ کا تعلق ہبلی، کرناٹک سے تھا۔ گزشتہ دنوں بقضائے الٰہی 68 سال کی عمر میںمورخہ 19؍اگست 2025کو وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔ مرحومہ کی تدفین بہشتی مقبرہ قادیان میں21؍اگست 2025 کوعمل میں آئی۔
میری شریکِ حیات مکرّمہ فوزیہ بیگم منڈا سگرصاحبہ مرحومہ کا ابتدا ہی سے نیکی، تقویٰ اور خدمتِ دین سے گہراتعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی دینی ذوق عطا فرمایا تھا۔ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، ذکر و اذکار میں مصروف اور کثرت سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی خاتون تھیں ۔ غریبوں کی مدد کرنا، یتیموں اور ضرورت مندوں کو سہارا دینا، بیواؤں کا دکھ درد بانٹنا ان کا عام معمول تھا۔ مرحومہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب سے گہرا شغف تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک چھوٹی سی لائبریری قائم کی تھی جس میں جماعتی لٹریچر اور حضور علیہ السلام کی کتابیں شامل تھیں۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں جماعتی خدمت کا بھی موقع عطا فرمایا۔ ایک طویل عرصہ تک صدر لجنہ اماء اللہ ہبلی کے طور پر خدمت انجام دیتی رہیں۔ گھریلو زندگی میں بھی ان کا نمونہ مثالی تھا۔ ایک وفاشعار بیوی کے طور پر انہوں نے ہر حال میں میرا ساتھ دیا۔ مشکل وقت ہو یا آسانی کا دور، ہر حال میں صبر، شکر اور دعا کا دامن تھامے رکھا۔ بچوں کی تربیت میں ان کی سب سے بڑی تاکید یہی رہی کہ نماز کو کبھی نہ چھوڑو اور ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھو۔
مرحومہ اپنے پسماندگان میں پانچ بیٹیاں، ایک بیٹا، تین پوتے، ایک پوتی، چھ نواسیاں اور پانچ نواسے یادگار چھوڑ گئی ہیں ۔ان کی وفات میرے اور میرے اہل خانہ کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی نیکیاں قبول فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور مجھے اور میرے بچوں کو بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔آمین۔ ٭٭٭