اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-07-10

مکرم رشید احمد شرق صاحب مرحوم آف حیدرآباد کا ذکر خیر محمد کلیم خان مبلغ انچارج مڈیکری کرناٹک

خاکسار کو حیدرآباد میں ایک لمبا عرصہ بطور مبلغ انچارج و امیرضلع حیدر آباد خدمت کی توفیق ملی ۔خاکسار کے محترم رشید احمد شرق صاحب سے بہت قریبی تعلقات تھے۔آپ ایک با اخلاق، خوش مزاج، بے انتہا مہمان نوازی کا وصف اپنے اندر رکھنے والے ایک مخلص احمدی تھے۔مرکزی نمائندگان کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ پیش آتے ۔
آپ کی پیدائش 10 اپریل 1962 کو حیدرآباد میں ہوئی۔آپ کے والد محترم غلام قادر شرق صاحب بنگلور کے رہنے والے تھے جنہیں 1907 میں بذریعہ خط حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کرنے کا شرف حاصل ہوا ۔علمی ذوق رکھنے والے بزرگ تھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے کا بے حد شوق تھا ۔جماعت احمدیہ بنگلور میں ایک لمبا عرصہ جنرل سکریٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔
آپ کی والدہ محترمہ صوفیہ بیگم صاحبہ حیدرآباد کی ایک معزز اور مخلص احمدی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں ۔ محترم رشید احمد شرق صاحب کے دو بھائی اور تین بہنیں ہیں۔سب کے سب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مخلص اور فعال احمدی ہیں۔محترم رشید احمد شرق صاحب بہت دنوں سے عارضہ قلب کی تکلیف میں مبتلاء تھے۔باوجود ناسازی طبیعت کے قادیان بغرض دعا تشریف لے جاتے اور دو تین ماہ قادیان میں گزارتے اور مقامات مقدسہ کی زیارت کرتے اور دعائوں میں وقت گزارتے ۔
جماعت احمدیہ حیدرآباد میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کیا کرتے تھے ۔خلافت کی دل وجان سے اطاعت کرتے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات و خطبات پوری توجہ سے سنتے اور اہل خانہ کو بھی اس طرف توجہ دلایا کرتے ۔ جماعتی جلسہ جب بھی ہوتا ہمیشہ قبل از وقت حاضر ہو جاتے اور آخر تک جلسہ کی کاروائی میں موجود رہتے اور بڑے غور سے تقاریر سنا کرتے۔
1991میں جب حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر تشریف لائے تو آپ کو جلسہ سالانہ قادیان کے دوران ڈیوٹی دینے کی توفیق ملی ۔نیز دہلی میں جب حضور رحمہ اللہ تعالیٰ مقیم رہے تب دہلی میں بھی حیدرآبادکے خدام کے ساتھ آپکوڈیوٹی دینے کی سعادت نصیب ہوئی ۔حیدرآباد میں جن مبلغین کی تقرری ہوتی سبھی کے ساتھ بہت ہمدردانہ اور دوستانہ تعلقات رکھا کرتے اور ہمیشہ احترام سے پیش آتے۔
حیدرآباد میں ہر سال وسیع پیمانے پر ایک نمائش لگا کرتی ہے جس میں سارے ہندوستان سے کاروباری لوگ اپنے اپنے اسٹالز لگایا کرتے ہیں ۔اس نمائش میں آپ کے داماد مکرم مزمل احمد صاحب ضمیر بھی اپنا اسٹال لگاتے ہیں۔ اور پھولوں کی نمایش میں حصہ لیتے ہیں ۔آپ وہاں ہمیشہ موجود رہتے ۔اور حیدرآباد کی مساجد کے لیے پھولوں کے پودے مہیا کرتے اور ان کے رکھ رکھاؤ کے طریقے بھی بتاتے اور جماعت کے دوستوں کو بہت کم قیمت پر دیا کرتے تھے۔میراجب بھی وہاں جانا ہوتا آپ بہت خوش ہوتے اور اپنے جان پہچان کے دوستوں سے میرا تعارف کراتے اور بلا جھجک جماعت کے بارے میں بتاتے ۔
آپ کی شادی محترم سیٹھ غفور احمد صاحب مرحوم کی صاحبزادی محترمہ امتہ المتین صاحبہ کے ساتھ ہوئی ۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے دو بیٹےعزیز فرید شرق اور عزیز وحید شرق اور ایک بیٹی عزیزہ طلعت صدیقہ سے نوازا ۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تینوں مخلص اور فدائی احمدی ہیںاور جماعت کے ہر پروگرام میں بھر پور شمولیت کرتے ہیں ۔انکے داماد مکرم مزمل احمد صاحب ضمیر بھی ایک مخلص احمدی ہیں ۔
محترم رشید احمد صاحب مورخہ 11 فروری 2025 بروز منگل اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہو گئے ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔آپ کا تابوت قادیان لے جایا گیا جہاں محترم حافظ مخدوم شریف صاحب ایڈیشنل ناظراعلیٰ جنوبی ہند نے آپکی نماز جنازہ پڑھائی اور بہشتی مقبرہ قادیان میں تدفین عمل میں آئی۔کثیر تعداد میں افراد جماعت نماز جنازہ اور تدفین میں شامل ہوئے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائےاور درجات بلند فرمائے ۔اللہ تعالیٰ پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے اور مرحوم کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔ ٭٭٭