حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
’’پس چونکہ اصل مقصد انسانی پیدائش کا خدا تعالیٰ کی یاد اور اس کا ذکر ہی ہے۔ جب خدا مل جاتا ہے تو کوئی جلن اور تڑپ نہیں رہتی۔ بلکہ اطمینان ہی رہتا ہے۔ جو لوگ دنیا کی جستجو میں رہتے ہیں ان کو جس قدر ترقی ملتی ہے ان کی جلن بڑھتی جاتی ہے۔ مگر جو خدا تعالیٰ کی طرف جاتا ہے اور جس قدر اس کی طرف متوجہ ہوتا ہے اتنا ہی اس کے دل کا اطمینان بڑھتا جاتا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے اپنی ذات کی جستجو ہی ہماری زندگی کا اصل مقصد قرار دیا ہے۔ پس جب وہ مقصد پورا ہو جاتا ہے انسان کو اطمینان حاصل ہو جاتا ہے۔ ہماری ریاستوں کو ہی دیکھو۔ باوجودیکہ ان کی حفاظت گورنمنٹ کے ذریعہ ہے مگر بعض رؤسا کے ڈر کا یہ حال ہے کہ ولایت سے بند ہو کر پانی آتا ہے۔ ان کے سامنے کھولا جاتا ہے۔ پھر بھی پہلے دوسروں کو پلایا جاتا ہے پھر راجہ صاحب پیتے ہیں۔ اسی طرح ان کا کھانا ہے کہ ہزار احتیاطوں میں لگایا جاتا ہے۔ پھر اس سے پہلے خود اسی کو کھلایا جاتا ہے جو پکانے والا ہو۔ پھر اس کو ڈاکٹر کھاتا ہے۔ پھر ان کے سامنے پیش ہوتا ہے۔ گویا ہر دم خطرہ ہے۔ اور احتیاط ہوتی رہتی ہے۔ ہر دم بے چینی رہتی ہے۔ مگر ہمارے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھو ہر طرف دشمن ہی دشمن ہیں۔ مگر کوئی خطرہ نہیں۔ اطمینان وسرور ہے۔ دشمن بھی اگر کھانے کی دعوت دیتا ہے تو بے دھڑک چلے جاتے ہیں۔ ایک دفعہ ایک یہودن عورت نے زہر بھی دے دیا مگر پھر بھی اللہ تعالیٰ کے الہام سے آپؐ کو یہ امر معلوم ہو گیا۔ اور آپؐ اس سے محفوظ رہے۔ (سیرت النبی لابن ہشام زیر عنوان امر خیبر)۔ آپ کو اس قدر اطمینان کیوں تھا؟ اسی وجہ سے کہ آپ نے ایک ایسی ہستی سے تعلق قائم کیا ہوا تھا جو غیب کو جانتی ہے اور اس سے جب کسی کا تعلق ہو جاتا ہے تو وہ اپنے غیب سے بندے کو بھی حسب ضرورت حصہ دیتا رہتا ہے۔ پس اس سے تعلق رکھنے والا مطمئن رہتا ہے۔‘‘
(تفسیر کبیر جلد ۵، صفحہ نمبر ۶۷، الرعد ۱۳، آن لائن ایڈیشن)