حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 10کی تفسیر میں بیان فرماتے ہیں :
يَشْعُرُونَ شَعَرَ سے مضارع جمع غائب کا صیغہ ہے اور شَعَرَہُ کے معنے ہیں عَلِمَ بِہٖ اس کو جانا۔ شَعَرَ لِكَذَا: فَطِنَ لَہٗ۔ اس کو خوب سمجھ لیا۔ عَقَلَہٗ۔ اس کو جان لیا۔ وَ اَحَسَّ بِہٖ۔ اس کو محسوس کیا (اقرب)
تاج العروس میں ہے اَلشَّعْرُ هُوَ الْعِلْمُ بِدَقَائِقِ الْاُمُوْرِ وَ قِيْلَ هُوَ الْإِدْرَاكُ بِالْحَوَاسِّ کہ شعر علم کی وہ قسم ہے جس کے ذریعہ سے امور کی باریکیاں معلوم ہو سکیں۔ اور بعض نے کہا ہے کہ حواس کے ذریعہ سے کسی امر کو معلوم کر لینا شعر کہلاتا ہے۔ نیز لکھا ہے کہ لَا يَشْعُرُوْنَ کی جگہ لَا يَعْقِلُوْنَ استعمال نہیں کر سکتے کیونکہ اکثر اوقات ایک چیز معقول تو ہوتی ہے لیکن محسوس نہیں ہوتی۔ شعور اور علم میں یہ فرق ہے کہ شعور ایک حِسّ باطنی کے متعلق ہے جو بلا سامانِ ظاہری بھی اپنا کام کرتی ہے لیکن علم بیرونی چیزوں سے حاصل ہوتا ہے۔ ممکن ہے علم کا اثر قلب پر نہ ہو لیکن شعور کا بالضرور ہوتا ہے۔ پس وَمَا يَشْعُرُوْنَ کے معنے ہوں گے۔ وہ سمجھتے نہیں۔ (تفسیر کبیر جلد 1، صفحہ 242، البقرة 2)