اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-07-20

اللہ تعالیٰ نے سب انسانوں کو عزت بخشی ہے نہ کہ خاص اقوام کو پس قوموں کو ایک دوسرے پر تفاخر نہیں کرنا چاہئے

سیّد ناحضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ سورۃ بنی اسرائیل آیت71 وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِيْٓ اٰدَمَ وَحَمَلْنٰہُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنٰہُمْ مِّنَ الطَّيِّبٰتِ وَفَضَّلْنٰہُمْ عَلٰي كَثِيْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيْلًا کی تفسیر میں فرماتے ہیں :
اس میں بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سب انسانوں کو عزت بخشی ہے نہ کہ خاص اقوام کو پس قوموں کو ایک دوسرے پر تفاخر نہیں کرنا چاہئے۔ اس سے یہود اور قریش کو نصیحت کی ہے جو اپنے آپ کو دوسروں سے معزز سمجھتے تھے اور بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر اک قوم کو عزت دی ہے مگر بعض اقوام اس عزت سے فائدہ نہیں اٹھاتیں اور خدا تعالیٰ کے کھولے ہوئے راستوں کو اپنے لئے بند کر لیتی ہیں ۔ وَحَمَلْنٰہُمْ فِي الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ کہہ کر اس طرف اشارہ کیا ہے کہ سمندر اور خشکی کو یکساں  طور پر اللہ تعالیٰ نے انسانی ترقی کیلئے مقرر کیا ہے۔ پس اگر کوئی قوم عزت حاصل کرنا چاہے تو اسے یکساں طور پر دونوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
لوگ کہتے ہیں کہ قرآن کریم محمد(ﷺ)کا بنایا ہوا ہے۔کیا یہ باتیں جو اس جگہ بیان ہوئی ہیں ایک عرب کے رہنے والے کے منہ سے نکل سکتی ہیں۔ خصوصاً اسکے منہ سے جس نے کبھی کشتی میں سفر تک نہیں کیا۔ افسوس کہ مسلمانوں نے چند گزشتہ صدیوں سے اس نصیحت کو بھلا دیا اور ان کی طاقت کمزور ہو گئی ۔ اگر وہ سمندر ی بیڑوں کا خیال رکھتے تو اسلام کبھی اس قدر کمزور نہ ہوتا جس قدر اب ہے۔
فَضَّلْنٰہُمْ عَلٰي كَثِيْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا سے بعض لوگ یہ استدلال کرتے ہیں کہ انسان بعض قسم کی مخلوق سے افضل ہے، سب قسم کی مخلوق سے نہیں۔ مگر یہ استدلال غلط ہےکیونکہ اس جگہ بنی آدم کا ذکربہ حیثیت جماعت ہے اور اس میں کیا شک ہے کہ سب انسان تو سب مخلوق سے افضل نہیں ہیں ۔ انسانوں میں سے بعض تونہایت گندے ہیں اور جانوروں سے بھی بدتر ہیں۔ بعض معمولی بھلے مانس ہیں اور جانوروں سے اچھے ہیں۔ بعض بہت اچھے ہیں اور عام فرشتوں سے بھی اچھے ہیں ۔ بعض اعلیٰ مقام پر ہیں اور اعلیٰ فرشتوں سے بھی اعلیٰ ہیں ۔ غرض سب انسان سب مخلوق سے افضل نہیں بلکہ بعض انسان سب مخلوقات سے اچھے ہیں اور انسان بحیثیت انسان کے اکثر مخلوق سے اچھا ہے کیونکہ سورج ، چاند ، ستارے ، گھوڑے ، بیل ، اونٹ، بکریاں یہ کافر ومومن سب ہی کے کام کررہی ہیں اور سب ہی کی خدمت پرلگائی گئی ہیں۔ پس انسان بلحاظ جنس کے اکثر مخلوق سے افضل ہے اور انسان بلحاظ کامل فرد کے سب مخلوق سے افضل ہے۔

(تفسیر کبیر، جلد4، صفحہ 365،مطبو عہ 2010قادیان )