اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-10-29

وقارِ عمل: قومی ترقی کا راز، سید اعزاز الدین احمد مربی سلسلہ نظارت نشر و اشاعت قادیان

دنیا کی تاریخ اس بات پر گواہ ہے کہ وہی قومیں عروج و کمال کی منازل طے کرتی ہیں جن کے افراد محنت، مشقت اور مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ جب تک کسی قوم کے نوجوانوں اور افراد میں اپنے ہاتھ سے چھوٹے سے چھوٹا کام کرنے کی لگن اور جوش پیدا نہ ہو، وہ قوم کبھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی۔

قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے محنت کی اسی اہمیت کو یوں بیان فرمایا ہے:

لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ كَبَدٍ (البلد :5)

یقیناً ہم نے انسان کو ایک مسلسل محنت میں (رہنے کے لئے)پیدا کیا۔

اس حوالے سے جب ہم اسلامی تاریخ پر نظر دوڑاتے ہیں تو ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے بہترین اور روشن ترین نمونہ ہے۔ جنگ احزاب (خندق) کے موقع پر، جب شہر کے دفاع کے لیے خندق کھودنے کا فیصلہ ہوا، تو آپ ﷺ نے محض صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ڈیوٹیاں ہی نہیں لگائیں، بلکہ خود بھی اپنے دست مبارک سے اس مشقت طلب کام میں عملی طور پر حصہ لیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب خندق کی کھدائی کے دوران ایک انتہائی سخت پتھر صحابہ کرامؓ سے نہ ٹوٹ سکا، تو حضور ﷺ نے خود آگے بڑھ کر اس پتھر کو توڑا اور اسی دوران اللہ تعالیٰ کی جانب سے قیصر و کسریٰ کی کنجیاں پانے کی عظیم الشان بشارت بھی صحابہ کو سنائی۔ اسی طرح ایک اور بہترین نمونہ ہمیں رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی میں ملتا ہے۔ مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ کی تعمیر کے وقت آنحضرت ﷺ نے صرف دوسروں کو کام کرنے کا حکم نہیں دیا بلکہ خود بھی صحابہؓ کے ساتھ تعمیری کام میں حصہ لیا۔ حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ سیرت خاتم النبیین ﷺ میں لکھتے ہیں :

’’صحابہ نے معماروں اور مزدوروں کا کام کیا جس میں کبھی کبھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خود بھی شرکت فرماتے تھے ‘‘۔

(سیرت خاتم النبیین ﷺ، صفحہ 301)

صرف یہی نہیں، بلکہ دیگر غزوات و اسفار میں جب بھی لشکر اسلام کہیں پڑاؤ ڈالتا، آپ ﷺ صحابہ میں مختلف کام تقسیم فرمانے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے بھی کوئی نہ کوئی کام ضرور لیتے۔ حالانکہ صحابہ کرامؓ آپ ﷺ پر اپنی جانیں چھڑکتے تھے مگر رسول اکرم ﷺ نے اپنے ہاتھ سے کام کرنے میں کبھی عار محسوس نہ کی۔

کتاب فتح الباری شرح صحیح بخاری میں ایک حدیث نقل ہے کہ ابن عباس ؓ فرماتے ہے کہ حضرت داؤدؑزرہ سازی کرتے تھے اورحضرت آدم ہل چلاتے تھےاور حضرت نوح ؑنجار تھےاور حضرت ادریسؑ درزی تھے اور حضرت موسیٰؑ بھیڑ بکریاں چرایا کرتے تھے۔

( فتح الباری شرح صحیح بخاری جلد 4 صفحہ 306)

اسی عظیم الشان سنت کو زندہ رکھنے اورافراد جماعت کی روحانی و اخلاقی تربیت کے لیے، حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے جماعت کو مختلف ذیلی تنظیموں میں تقسیم فرمایا۔ اس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ ہم اپنے ایمان کی حفاظت کریں، اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی جانب سے عائد کردہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

قوموں کی ترقی کے لیے محنت کا پایا جانا بے حد ضروری ہے۔ جب ہمارے سامنے قرآن کی تعلیم اور ہمارے آقا ﷺ کی سنت موجود ہے، تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس تعلیم کو اپنائیں اور اپنی زندگیوں کو اسی سانچے میں ڈھالیں۔ مجلس خدام الاحمدیہ کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد یہی ہے کہ وقارِ عمل کی اس صحیح روح کو نوجوانوں کے دل و دماغ میں جاگزیں کیا جائے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے ایک طرف تو بے کاری کے خلاف زبردست تحریک چلائی اور دوسری طرف جماعت کو جھوٹی عزت اور تکبر کے جذبات سے پاک کرنے کے لیے ہاتھ سے کام کرنے کی بھرپور ترغیب دی۔ آپؓ نے اس اہم کام کو 'تحریکِ جدید' کے مطالبات میں بھی شامل فرمایا۔ آپؓ کا یہ ارشاد ہے کہ:

"جماعت کے دوست اپنے ہاتھ سے کام کی عادت ڈالیں۔ میں نے دیکھا ہے اکثر لوگ اپنے ہاتھ سے کام کرنا ذلت سمجھتے ہیں حالانکہ یہ ذلت نہیں بلکہ عزت کی بات ہے‘‘۔

(تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک جلد اول صفحہ 71)

وقارِ عمل کی اس تحریک سے حضورؓ کا اولین مقصد نوجوانوں سے نکمے پن اور بیکاری کی عادت کو دور کر کے ان کا Characterبلند کرنا تھا۔ یکم اپریل 1938ء کے خطبہ جمعہ میں اس فلسفے کو بیان کرتے ہوئے آپؓ فرماتے ہیں:

’’اگر ان نوجوانوں کے ذہن میں یہ بات ڈال دی جائے اور ان کے قلوب پر اس کا نقش کر دیا جائے کہ یہ جو شخص کام کرتا ہے وہ عزت کا مستحق ہے اور جو کام نہیں کرتا بلکہ نکما رہتا ہے وہ اپنی قوم اور اپنے خاندان کے لیے عار کا موجب ہے... تو یقیناً اگلی نسل درست ہو سکتی ہے اور پھر وہ نسل اپنے سے اگلی نسل کو، یہاں تک کہ یہ باتیں قومی کیریکٹر میں داخل ہو جائیں گی۔‘‘

(خطبات محمود جلد 19 صفحہ 197)

درحقیقت، اپنے ہاتھ سے کام کرنا اللہ کے نیک بندوں اور رہبروں کا شیوہ رہا ہے۔ اور جو لوگ اللہ کی نظر میں معزز ہو جائیں، انہیں دنیا والوں کی تعریفوں کی کیا پرواہ؟ اگر ہم گہرائی سے سوچیں تو آسمانی عزت و مرتبے کے سامنے اس فانی دنیا کی واہ واہ بالکل بے معنی لگتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآنِ کریم بھی مومن کو اسی حقیقت کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرماتا ہے:

وَلِلّٰهِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُوْلِهٖ وَلِلْمُؤْمِنِيْنَ

(سورۃ المنافقون:9)

اور عزت اللہ ہی کے لیے ہے اور اس کے رسول کے لیے اور مومنوں کے لیے۔پس حقیقی عزت وہی ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہو۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا ایک شعر ہے :

کام کیا عزت سے ہم کو شہرتوں سے کیا غرض

گر وہ ذلّت سے ہو راضی اس پہ سو عزّت نثار

انسان اُس وقت تک اپنی زندگی کے مقصد کو نہیں پاسکتا جب تک جھوٹی عزت کے جذ بہ کو کچل کر ختم نہ کر دے۔

اسی مضمون کوبیان کرتے ہوئے حضرت مصلح موعودؓنے خدام الاحمدیہ کو کیا ہی ایمان افروز پیغام دیا ہے۔

بادشاہی کی تمنا نہ کرو ہرگز تم

کوچۂ یارِ یگانہ کے گدا ہوجاؤ

اس میں یہ پیغام مضمر ہے کہ ہاتھ سے کام کرنا غلامی کی عادت کو دور کرتا ہے۔پس ہمیں زندگی کے ہر موڑ پر نبی کریم ﷺ کی دی گئی تعلیمات پر ہی عمل کرنا چاہیے۔ بجائے اس کے کہ ہم آنکھیں بند کر کے زمانے کے پیچھے دوڑیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان تعلیمات پر عمل کر نے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین