اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-09-07

مورخہ27؍اگست 2023ءبروز اتور

رپورٹ دورہ جرمنی سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز (اگست،ستمبر 2023ء)

 

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا چار سال کے وقفہ کے بعد جرمنی کے بابرکت دورہ کاآغاز

جرمنی پہنچنے پر بیت السبوح میں احباب جماعت کا اپنے پیارے آقا کا والہانہ استقبال

(رپورٹ : مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ،ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن، یو.کے)


مورخہ 27؍اگست 2023ءبروز اتور

اسلام آباد (یو.کے) سےر وانگی

آج جرمنی کے سفر کیلئے روانگی کا دن تھا۔قبل ازیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ا لعزیز نے اکتوبر 2019ء میں جرمنی کا دورہ فرمایا تھا۔ پھر بعد ازاں COVID وبا کی وجہ سے گزشتہ سالوں میں جرمنی اور یورپ کے کسی بھی ملک کا سفر نہ ہو سکا تھا۔اب چار سال کے وقفہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ا لعزیز جرمنی کے سفر پر روانہ ہورہے تھے۔
پروگرام کے مطابق صبح 10 بجکر 5منٹ پر حضور انور اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے۔ حضور انور کو الوداع کہنے کیلئے صبح سے ہی احباب جماعت مردو خواتین ایک بڑی تعداد میں رہائشی حصّہ کے بیرونی احاطہ میں جمع تھے۔ حضور انور جب باہر تشریف لائے تو ہر ایک نے اپنے پیارے آقا کا دیدار کیا اور شرف زیارت پایا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اجتماعی دعا کروائی۔ بعد ازاں اسلام آباد (ٹلفورڈ) کی حدود سے پانچ گاڑیوں پر مشتمل قافلہ برطانیہ کے ایک ساحلی شہرDoverکی طرف روانہ ہوا۔Doverبرطانیہ کی ایک مشہور بندرگاہ ہے۔ لندن اور اسکے اردگرد کے علاقوں میں آباد لوگ یورپ کا سفربذریعہ Ferriesاِسی بندرگاہ سے کرتے ہیں۔ Doverشہر سے گیارہ میل قبل Folkstoneکے علاقہ میں وہ مشہورChannel Tunnelہے جو برطانیہ اور فرانس کے ساحلی علاقوں کو آپس میں ملاتی ہے۔ اس سرنگ کے ذریعہ کاریں اور دیگر بڑی گاڑیاں بذریعہ ٹرین فرانس کے ساحلی شہرCalaisتک پہنچتی ہیں۔ آج اِسی Channel Tunnelکے ذریعہ سفر کا پروگرام تھا۔
اسلام آباد (ٹلفورڈ) سے مکرم رفیق احمد حیات صاحب (امیر جماعت یو.کے)، مکرم ڈاکٹر شبیر احمد بھٹی صاحب (نائب امیر یو.کے)، مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب، مکرم عطاء القدوس صاحب ریجنل امیر، مکرم ناصر انعام صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ یو.کے، مکرم اخلاق احمد انجم صاحب(وکالت تبشیر) اور مکرم عبد القدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یو.کے اپنی خدام کی سیکورٹی ٹیم کے ساتھ حضور انور کو الوداع کہنے کیلئے چینل ٹنل تک قافلہ کے ساتھ آئے تھے۔
قریباً ایک گھنٹہ چالیس منٹ کے سفر کے بعد 11 بجکر 45 منٹ پر چینل ٹنل آمد ہوئی۔ اسلام آباد سے ساتھ آنے والے احباب نے اپنے آقاکو الوداع کہا۔
بعد ازاں امیگریشن اور دیگر سفری امور کی تکمیل کے بعد کچھ وقت کیلئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سپیشل لاؤنج میں تشریف لے آئے۔
قریباً 1 بجکر 5 منٹ پر قافلہ کی گاڑیاں ٹرین پر بورڈ کی گئیں۔ ٹرین1 بجکر25 منٹ پر140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فرانس کے ساحلی شہر Calais کیلئے روانہ ہوئی۔
اِس سرنگ کی لمبائی 31 میل ہے۔ جس میں سے 24 میل کا حصّہ سمندر کی تہ کےنیچے ہے۔ اس سرنگ کا گہرا ترین حصّہ سمندر کی تہ سے 75میٹر یعنی 250فٹ نیچے ہے۔ اب تک کسی بھی سمندر کے نیچے بننے والی ٹنل میں سے یہ دنیا کی سب سے بڑی اور لمبی ٹنل ہے۔قریباً 35 منٹ کے سفر کے بعد فرانس کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے فرانس کے شہر Calais پہنچے۔ فرانس کا وقت برطانیہ کے وقت سے ایک گھنٹہ آگے ہے۔ ٹرین رکنے کے بعد قریباً 3 منٹ کے وقفہ سےگاڑیاں ٹرین سے باہر آئیں اور موٹروے پر سفر شروع ہوا۔
پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق یہاں سے چند کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ایک پٹرول پمپ کے پارکنگ ایریا میں جماعت جرمنی سے آنے والے وفد نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا استقبال کرنا تھا۔جونہی قافلہ اس جگہ کے قریب پہنچا تو بغیر رُکے سفر آگے جاری رہا اور جرمنی سے آنے والی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی نے قافلہ کو escort کیا۔ Calais سےقریباً 55کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد فرانس کا بارڈر کراس کر کے بلجیم کی حدود میں داخل ہوئے اور مزید 53 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد موٹروے پر ہیBrugge کے علاقہ میں واقع ایک ہوٹل میں نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کا انتظام جماعت جرمنی نے کیا ہوا تھا۔
4 بجے یہاں تشریف آوری ہوئی۔ جونہی حضور انور ایدہ اللہ گاڑی سے باہر تشریف لائے تو مکرم امیر صاحب جرمنی عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب نے اپنے پیارے آقا کو ’’اھلاً و سھلاً و مرحباً‘‘ کہتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
جرمنی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے استقبال کیلئے اور یہاں کے جملہ انتظامات کیلئے آنے والے وفد میں امیر صاحب جرمنی کے علاوہ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی، مکرم جری اللہ صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جرمنی، مکرم طارق ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی، مکرم ڈاکٹر اطہر زبیر صاحب، مکرم عبد اللہ سپراء صاحب اور مکرم انچارج صاحب سیکورٹی ٹیم اپنے خدام کے ساتھ اپنے پیارے آقا کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کیلئے ہوٹل کے ایک علیحدہ ہال میں انتظام کیا گیا تھا۔ حضور انور نے نماز ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائی۔نمازوں کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد یہاں سے آگے فرینکفرٹ کیلئے روانگی کا پروگرام تھا۔ روانگی سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت کچھ دیر کیلئے امیر صاحب جرمنی سے مختلف امور کے حوالہ سے گفتگو فرمائی۔ بعد ازاں قریباً ساڑھے پانچ بجے یہاں سے فرینکفرٹ (جرمنی) کیلئے روانگی ہوئی۔
راستہ میں آخن ( Aachen)کے مقام پر بلجیم کا بارڈر کراس کر کے جرمنی میں داخل ہوئے اور مزید کچھ سفر کرنے کے بعد قریباً 7:15 بجے یہاں ایک ریسٹورنٹ کے پارکنگ ایریا میں کچھ دیر کیلئے رُکے۔ بعد ازاں بطرف فرینکفرٹ سفر جاری رہا اور اس طرح Calais سے فرینکفرٹ تک قریباً چھ صد کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد رات 10:30 بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جرمنی کے مرکز ’’بیت السبوح‘‘ میں ورود مسعود ہوا۔

بیت السبوح (جرمنی )میں والہانہ استقبال

بیت السبوح مرکز کو خوبصورت جھنڈیوں اور مختلف بینرز اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔بیت السبوح میں تشریف آوری کے بعد جونہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کار سے باہر تشریف لائے تو فرینکفرٹ شہر اور اسکے اردگردکی جماعتوں اور جرمنی کے بعض مختلف شہروں سے آئے ہوئے احباب جماعت مرد و خواتین اور بچوں بچیوں نے اپنے پیارے آقا کا بڑے والہانہ انداز میں استقبال کیا۔ فرطِ عقیدت اور محبّت سے ہر طرف ہاتھ بلند تھے اور اھلاً و سھلاً و مرحبا کی صدائیں بلند ہورہی تھیں۔ ایک طرف احباب بڑے پُر جوش انداز میں نعرے بلند کرتے ہوئے اپنے آقا کو خوش آمدید کہہ رہےتھے تو دوسری طرف خواتین شرف زیارت سے فیضیاب ہورہی تھیں اور بچے بچیاں خوبصورت لباس میں ملبوس مختلف گروپس کی صورت میں خیر مقدمی دعائیہ نظمیں پڑھ رہی تھیں۔
مکرم خواجہ مبشر احمد صاحب لوکل امیر، مکرم حیدر علی ظفر صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم مبشر احمد بٹ صاحب مربی سلسلہ فرینکفرٹ نے حضور انور کو خوش آمدید کہا۔
اپنے پیارے آقا کا استقبال کرنے والے یہ احباب فرینکفرٹ شہر کے مختلف علاقوں کے علاوہ مندرجہ ذیل شہروں اور جماعتوں سے آئے تھے۔

ہمبرگ
ویزبادن
میونخ
گروس گیراؤ
کوبلنز
Dietzenbach
Calw
Morfelden
Riedstadt
Friedberg
Waldshot
Darmstadt
Limburg
Offenbach
Mainz
Hannover
Dresder
Russelsheim
Fulda
Raunheim
Chemnitz
Augsburg
Dortmurd
Bensheim
Kiel
Delmerhorst
Leipeig
Oberursel

اپنے پیارے آقا کے استقبال کیلئے بعض احباب اور فیملیز بڑے لمبے سفرطے کرکے بیت السبوح پہنچی تھیں۔ Calwسے آنے والے دوصد کلومیڑ، Augsburg سے آنے والے 206کلومیٹر،Hannoverکی جماعت سے آنے والے احباب 347 کلومیٹر جب کہMunchen(میونخ)،Leipeig، Waldshotاور Chemritzکی جماعتوں سے آنے والے چار صد کلومیٹر،Delmerhorstسے آنے والے 430کلومیٹر، Dresderسے آنے والے 450 کلومیٹر، ہمبرگ سے آنے والے احباب 500 کلومیٹر اور Kiel سے آنے والے احباب 600 کلومیٹر کا لمبا سفر طے کر کے اپنے آقا کے استقبال کیلئے پہنچے تھے۔
جلسہ سالانہ میں شرکت کیلئے بیرونی ممالک سے مہمانوں اور وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک پاکستان، ارجنٹائن، انڈیا، پولینڈ، ایران، آذربائیجان، قزاقستان، سربیا، نائیجیریا، غانا، مالی، کروشیا، ٹوگو بورکینا فاسو اور مسیڈونیا سے آنے والے وفود اور احباب بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔
استقبال کرنے والوں کی مجموعی تعداد چار ہزار سے زائد تھی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنا ہاتھ بلند کرکے سب کو السلام علیکم کہا اور دو رویہ کھڑے اپنے عشاق کے ہجوم کے درمیان سے گزرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
10 بجکر 55 منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنے رہائشی حصّہ میں تشریف لے گئے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے استقبال کیلئے جرمنی کی مختلف جماعتوں اور بیرونی ممالک سے جو احباب پہنچے تھے ان سبھی نے اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں نماز مغرب و عشاء اداکرنے کی سعادت پائی۔ ان میں سے ایک بڑی تعداد ایسے خوش قسمت احباب اور نوجوانوں کی تھی جو گذشتہ تین چار سال کے دوران پاکستان سے کسی ذریعہ سے یہاں تک پہنچے تھے اور ان کی زندگی میں اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں یہ پہلی نماز تھی۔ ان کے جذبات کی کیفیت بیان سے باہر ہے۔ یہ سبھی لوگ اپنی اس سعادت کے حصول پر بےحد خوش تھے اور ان انتہائی مبارک اور بابرکت لمحات سے فیضیا ب ہورہے تھے۔جو ان کی زندگیوں میں پہلی مرتبہ آئے تھے اور ان پیاسی روحوں کی تشنگی دور کررہے تھے۔
اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں نماز ادا کرنے والوں کی تعداد بھی چار ہزار کے لگ بھگ تھی۔ بیت السبوح کے چاروں ہال نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے اسی طرح بیرونی احاطہ بھی نمازیوں سے بھرا ہوا تھا، ان ہالوں کے پیچھے اور دائیں بائیں بیرونی احاطہ میں جس کو جہاں جگہ ملی اُس نے غنیمت جانا۔ جس کو صرف اتنی جگہ ملی کہ وہ صرف کھڑا ہوسکتا تھا تو اس نے کھڑے ہوکر نماز ادا کی۔
آج بیت السبوح میں عید کا سماں تھا۔ سارا ماحول خوشیوں اور مسرّتوں سے بھرا ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ یہ برکتیں اور سعادتیں ہم سب کیلئے مبارک کرے اور ہماری آئندہ نسلیں اور اولادیں بھی ان انعامات اور الٰہی فیوض سے ہمیشہ فیض پاتی رہیں۔ (آمین)

(باقی آئندہ )

…٭…٭…٭…