اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-11-19

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس خدام الاحمديہ جرمنی کے ریجنSchleswig-Holstein اور مجلس Dietzenbachکےایک وفد کی ملاقات

دین کو دنیا پر مقدّم کرنے کی سب سے بڑی اور ضروری چیز تو نماز ہے ، اللہ تعالیٰ نے پہلے تو نماز اور عبادت کا ہی حکم دیا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو سب سے پہلا سوال قیامت والے دن انسان سے پوچھا جائے گا، وہ یہی ہوگا کہ تم باقاعدہ نمازیں پڑھتے تھے یا نہیں؟ تم اللہ کے آگے جھوٹ تو بول نہیں سکتے کہ کہہ دو کہ ہاں جی! غلطی ہو گئی، غلطی ہو گئی تو پھر سزا ہے، تو اِس لیے اپنی نمازوں کی حفاظت کرو

مورخہ ۲۶؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء ، بروزاتوار، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے ریجنSchleswig-Holsteinکے سینتیس اور مجلس Dietzenbach کے سات ممبران پر مشتمل چوالیس (۴۴) رکنی ایک وفد کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ وفد نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے جرمنی سے برطانیہ کا سفر اختیار کیا۔

 

جب حضورِ انور مجلس میں رونق افروز ہوئے تو آپ نےتمام شاملینِ مجلس کو السلام علیکم کا تحفہ عنایت فرمایا۔

سب سے پہلے ریجنل قائد صاحب Schleswig-Holstein نے حضورِانور کی خدمتِ اقدس میں وفد کا مختصر تعارف پیش کیا، بعدازاں تمام شرکا مجلس کو فرداً فرداً اپنا تعارف پیش کرنے کا بھی موقع ملا۔

دورانِ ملاقات شاملینِ مجلس کو حضورِ انور کی خدت میں مختلف سوالات پیش کرنے نیز ان کے جواب کی روشنی میں حضورانور کی زبانِ مبارک سے نہایت پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔

ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ

امسال مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا ماٹو اَلصَّلٰوۃُ عِمَادُ الدِّیْنِ یعنی “نماز دین کا ستون ہے” مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے موصوف نے راہنمائی کی درخواست کی کہ خدام کس طرح اس ماٹو پر حقیقی طور پر عمل پیرا ہو سکتے ہیں اور اپنے دلوں میں نماز اور اللہ تعالیٰ کی سچی محبّت پیدا کر سکتے ہیں؟

اس پر حضورِ انور نے دین اور اللہ تعالیٰ کی پہچان کی اہمیت کو نہایت دلنشین انداز میں بیان کرتے ہوئے سائل سے استفہامیہ انداز میں دریافت فرمایا کہ اللہ میاں پریقین ہے، الله تعالیٰ ہے،اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں ربّ العالمین ہوں، مَیں ساری چیزیں دیتا ہوں، اس بات کو مانتے ہو؟

ان سوالات کے جواب اثبات میں سماعت فرما کر حضورِ انور نے انسانی فطرت میں ودیعت کردہ صفتِ شکرگزاری اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کے حوالے سے نہایت حکیمانہ رنگ میں سمجھایا کہ اگر کوئی انسان تمہیں تحفہ دے یا تمہاری favourمیں کوئی بات کرے یا تمہیں کوئی فائدہ پہنچائے، تو تم شکر گزار بنتے ہو ئےاس کا شکریہ ادا کرتے ہو ؟تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں نے ساری دنیا پیدا کی، تمہارے پیدا ہونے کے جو سامان تھے،اس میں جب کہ تم ابھی ماں کے پیٹ میں تھے ،تبھی تمہارے لیے ایسا انتظام کیا کہ تمہاری اچھی طرح nourishment ہو جائے۔ پھر اچھا صحت مند بچہ پیدا ہوا، پھر اس کو ماں باپ نے پالا، تمہارے لیے سامان مہیا کیا، پھر بڑے ہوئے، تمہیں کچھ سیکھنے کا موقع ملا، تمہارے کپڑے اور تمہاری پڑھائی وغیرہ کا انتظام کیا، ان سب کا جب شکریہ ادا کرتے ہو، تو اللہ کہتا ہے کہ یہ ساری چیزیں مَیں نے دی تھیں، مَیں نے ان کو سب کچھ سکھایا ، تو میرا شکریہ ادا کرو، تمہیں میرا شکریہ ادا کرنا چاہیے ۔

اسی تسلسل میں حضورِ انور نے نماز کے ذریعے شکرگزاری کے عملی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے توجہ دلائی کہ تمہیں تھوڑا سا تو اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیےکہ اللہ میاں نے اتنی چیزیں دیں۔ تو اللہ کہتا ہے کہ شکر گزاری کا طریقہ کیا ہے؟ تم نماز پڑھو، پانچ وقت نمازیں پڑھو، پانچ وقت اللہ تعالیٰ کے پاس جاؤ، اس کا شکر ادا کرو۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ شریف میں فرماتا ہے کہ تم شکر کرو گے، تو مَیں تمہیں اَور بھی زیادہ دوں گا، پہلے سے بڑھ کے دوں گا۔

آخر میں حضورِ انور نے نماز میں گہری توجہ پیدا کرنے اور عبدِ شکور بنتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے فضلوں کا مزید وارث بننے کی بابت نہایت پُر معارف انداز میں تلقین فرمائی کہ اس لیے یہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر لیا ، تو اللہ خوش ہو گیا، الله کہتا ہے کہ مجھے تمہاری عبادتوں اور تمہارے شکریوں کی کوئی ضرورت نہیں ، لیکن اگر تم کرو گے، تو مَیں تمہیں انعام دوں گا، اَور دوں گا اور بڑھاؤں گا۔ اِس لیے یہ سوچ کے نماز پڑھو، تو نماز میں توجہ پیدا ہو گی اور اللہ کےشکر گزار بندے بنو گے، توپھر اللہ تعالیٰ کے اَور فضل ہوں گے۔

ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ

شادی کے بعد اکثر بہن بھائیوں کے درمیان محبّت اور ہم آہنگی کم ہو جاتی ہے، حتیٰ کہ بعض اوقات اختلافات پیدا ہوجاتے ہیں۔اس سلسلے میں راہنمائی کی درخواست ہے کہ انسان شادی کے بعد اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ محبّت اور اتحاد کس طرح برقرار رکھ سکتا ہے؟

اس پر حضورِ انور نےحقوق کی ادائیگی کو ہم آہنگی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ ہر ایک کے حقوق ادا کرو، ماں باپ کے حقوق ادا کرو، بہن بھائیوں کے حقوق ادا کرو۔ بیوی جو کسی کی لڑکی ہے ، جس کو تم اپنے گھر لائے ہو، اس کے حق ادا کرو۔ اللہ تعالیٰ نے تو ہر ایک کے حق ادا کرنے کا حکم کیا ہے ۔

اسی طرح حضورِ انور نے جلسہ سالانہ کے مواقع پر ارشاد فرمودہ اپنی بصیرت افروز خطابات کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ مَیں نے اپنی جلسے کی تقریروں میں حقوق کی ایک لسٹ بنائی تھی، دو تین سال اس پر تقریریں کرتا رہا، ابھی پورے نہیں ہوئے کہ کس طرح حق ادا کرنے ہیں۔

نیز اس کی روشنی میں راہنمائی فرمائی کہ اگر انسان یہ سوچے کہ مَیں نے ہر ایک کا حق ادا کرنا ہے تو اختلاف پیدا نہیں ہوتے۔ دعا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ دوسرے یہ کہ دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اندر محبّت اور پیار پیدا کرے، جو کبھی ختم نہ ہونے والا ہو، وہ ایسا پیار ہونا چاہیے تاکہ بہن بھائیوں کے حق ادا کرو۔

حضورِ انور نے باہمی حقوق کی ادائیگی کے ضمن میں توجہ دلائی کہ بہن بھائیوں کو بھی realise کرنا چاہیے کہ تم شادی شدہ ہو ، تمہاری بیوی آئی ہے، تو اس کو ایڈجسٹ کس طرح کرنا ہے۔ جو بیوی آنے والی ہے، اس کو بھی خیال ہونا چاہیے کہ مَیں نے اپنے سسرال میں جا کے اس طرح ایڈجسٹ کرنا ہے۔ تمہیں بھی خیال ہونا چاہیےکہ تم نے بیوی کے حق کو کس طرح ادا کرنا ہے اور اپنے گھر والوں کے حق کو بھی ادا کرنا ہے۔

آخر میں حضورِ انور نے اس ضروری اور انتہائی اہم اَمر کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی کہ تم عقلمند ہو، خود تو نہیں لڑائی ہوگی، اگر بیوقوف ہو تو لڑائیاں ہوتی رہیں گی۔ نیز تاکید فرمائی کہ اپنی عقل کو بڑھاؤ، اپنے جذبات کو کنٹرول میں رکھو اور اچھے اخلاق دکھانے کی کوشش کرو اور نماز میں اس کے لیے دعا بھی کیا کرو، تو اللہ فضل کرتا ہے۔پڑھے لکھے لوگ تو عام طور پر نہیں لڑتے، جاہل لوگ ہی لڑتے ہیں، تو جاہل نہ بنو پڑھے لکھے بنو۔

ایک خادم نے سوال کیا کہ

سائنس کے مطابق ایک دن کائنات یا تو Big Crunch میں یا heat death کے ذریعے ختم ہو جائے گی ۔ اسلام قیامت کے دن کے حوالے سے اس کو کس طرح سمجھتا ہے؟

اس پر حضورِ انور نے کائنات کے انجام کے بارے میں سائنس اور قرآنِ کریم میں پائے جانے والی کامل ہم آہنگی کے حوالے سے بصیرت افروز اور مفصّل راہنمائی عطا فرمائی کہ قرآنِ شریف پڑھتے ہو، سورۃ الانبیاء میںBig Bangکا ذکر آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں صفیں لپیٹ لوں گا، جس طرح تم کاغذ کے پلندے لپیٹتے ہو، اس طرح کائنات لپٹ کے چلی جائے گی۔ جب قیامت آئے گی تووہ سب کچھ black hole میں چلا جائے گا ۔ Big Bangکا اللہ تعالیٰ نے اس سے پہلے ذکر فرمایا کہ اس طرح ہوا کہ سب کچھ سمٹا ہوا تھا، مَیں اس کو پھاڑا اور مختلف سیّارے اور planets بن گئے، جس کو ہم یونیورس میں دیکھتے ہیں۔ تو قرآنِ شریف تو کہتا ہے کہ Big Bangبھی ہوا اور اس کے بعد black hole میں تم قیامت والے دن جاؤ گے ۔ تو اسلام تو بڑی اچھی تعلیم دیتا ہے۔اس کی تفسیر قرآنِ شریف میں پڑھ لو، تم اگر پڑھو تو تمہیں ساری باتیں سمجھ آ جائیں گی ۔

حضورِ انور نے سائنس اور مذہب کے باہمی تعلق کو بھی اُجاگر فرمایا کہ اسلام تو کہتا ہے کہ سائنس اللہ تعالیٰ کا عمل ہے اور جو دینی تعلیم ہے وہ اللہ تعالیٰ کی تعلیم ہے۔ اس سے پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ تو یہ کہتا ہے کہ جو یہ لوگ کہتے ہیں کہ خدا کے سوا اَور معبود بھی ہیں، ان کو ہم جہنّم میں ڈال دیتے ہیں، ان کو سزا ملے گی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے آگے کافروں کو فرمایا کہ کیا تم نے یہ نہیں دیکھا کہ آسمان اور زمین دونوں بند تھے، ہم نے ان کو کھول دیا ، پھر پانی سے ہر چیز کو زندہ کیا۔ کیا ایمان نہیں لاتے؟ ایک تو یہ ہے کہ روحانی طور پر وحی بھیجی اور اللہ تعالیٰ نے اپنےوجود کو ثابت کیا اور انبیاء نے تعلیم بتائی ۔ دوسرا یہ ہے سائنسی طور پر کہ یہ چیز بند تھی ، اس کو پھر اللہ تعالیٰ نے پھاڑا اور مختلف planets بن گئے اور پانی سے دنیاوجود میں آئی، انسان پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا ، اس پانی کی بھی پھر آگے تعریف کر دی ۔

حضورِ انور نے گذشتہ مضمون کو جاری رکھتے ہوئے مزید فرمایا کہ اسی طرح black hole میں جانے کے بارے میں اسی سورت کے آخر میں لکھا ہے کہ ہم آسمان کو اس طرح لپیٹ دیں گے کہ جس طرح رجسٹر یا کاغذ لپیٹے جاتے ہیں اور جس طرح ہم نے تمہاری پہلی دفعہ پیدائش کی تھی، پہلی دفعہ ہم نے دنیا بنائی تھی، کائنات بنائی تھی، planets بنائے تھے، اس طرح پھر جب تم ایک black hole میں چلے جاؤ گے، تو پھر ایک اور Big Bangہوگا اور پھر دوبارہ ایک نئی دنیا بنے گی۔ تو اللہ تعالیٰ تو کہتا ہے کہ مَیں اس طرح پیدا کرتا رہتا ہوں، پیدائش بھی ہوگی اور پھر اس کا ارتقا بھی ہوگا ۔ اللہ تعالیٰ نے تو یہ سب بتادیا ہے اور قرآن میں اس کا ذکر ہے ۔

حضورِ انور نے سائنس اور مذہب کے باہمی تعلق کو ایک واقعے کی روشنی میں بھی واضح فرمایا کہ آسٹریلیا میں ہم بیٹھے ہوئے تھے، وہاں میرے ساتھ ایک کیتھولک یا کوئی اور عیسائی تھا، بڑا اُن کا پادری تھا، وہ بھی بیٹھا ہوا تھا اور بائبل کی باتیں کررہا تھا کہ سائنس مذہب کے ساتھ نہیں ہوتی۔ مَیں نے کہا کہ سائنس اور مذہب ایک چیز ہیں۔سائنس جو ہے، وہ اللہ تعالیٰ نے ہی انسان کو دماغ دیا اور انسان کو بتایا کہ یہ یہ سائنس ہے اَور اس کی جو دنیا میں پریکٹیکل صورتحال ہے، وہ مذہب ہے۔اور مذہب روحانیت میں ترقی کرنے کے لیے ہے اور اس پراللہ تعالیٰ نےیہ تعلیم بھی دی ہوئی ہے، تو مَیں نے کہا کہ قرآنِ شریف میں لکھا ہے، پھر مَیں نے اس کو یہ آیتیں بتائیں ، مَیں نے اسے قرآنِ شریف تحفہ بھی دے دیا اور کہا کہ جا کے پڑھو۔ تو کہنے لگا کہ اچھا !پھر قرآن نے یہ باتیں لکھی ہیں اَور کسی مذہب نے نہیں لکھیں۔

آخر میں حضورِ انور نے مذہب اور اسلام کی ضرورتِ حقّہ کی بابت غیروں کے اعتراض کا ردّ فرماتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کہتے ہیں کہ مذہب اور اسلام کی کیا ضرورت تھی کہ جب اَور بہت سارے مذہب تھے، تو یہی باتیں ہیں، جو دوسرے مذاہب کو پتا ہی نہیں تھیں کہ جو اسلام نے چودہ سو سال پہلےبتائی ہیں کہ Big Bangکیا ہوگا، پھر black hole کیا ہوگا اور کوئی کس طرح انسان پیدا کرے گا، پھر دوبارہ کس طرح ہوگا، جس طرح دنیا کے سائیکل چلتے ہیں، پھر اس میں ہوا اور پانی کی کیا اہمیت ہے، اس کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، وہ انسان کو قرآنِ شریف میں اللہ نے بتایا کہ کیا اہمیت ہے، تو اس کو ذرا غور سے پڑھو، اس کی تفسیریں پڑھو، تو تمہیں پتا لگ جائے گا۔

[قارئین کی معلومات کے لیے تحریر کیا جاتا ہے کہ بلیک ہول(Black Hole) ایک فلکیاتی مظہر ہے، جو خلا میں اُس مقام کو ظاہر کرتا ہے، جہاں کششِ ثقل اس قدر شدید ہوتی ہے کہ کوئی شے، حتیٰ کہ روشنی بھی، اس سے فرار حاصل نہیں کرسکتی۔ بلیک ہول اپنے اطراف کی تمام شعاعوں اور مادے کو اس شدت سے جذب کرتا ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے اس میں مدغم ہو جاتے ہیں۔ جبکہ بِگ بینگ (Big Bang) کائنات کی تخلیق کا وہ سائنسی نظریہ ہے کہ جس کے مطابق یہ تقریباً ۱۳.۸؍ارب سال پہلے ایک نہایت گرم اور کثیف نقطے سے ایک زبردست دھماکے کے ذریعے وجود میں آئی اور اُس وقت سے مسلسل وسعت پذیر ہے یعنی پھیل رہی ہے۔

بِگ کرنچ (Big Crunch) کائنات کے ممکنہ اختتام کے اس نظریے کے مطابق اگر کائنات کا پھیلاؤ کسی وقت رُک جائے اور کششِ ثقل غالب آ جائے، تو کائنات دوبارہ سکڑنا شروع کر دے گی۔ اس سکڑنے کے نتیجے میں ستارے، کہکشائیں اور تمام مادےایک نہایت کثیف اور گرم نقطے میں جمع ہو جائیں گے۔ یوں کائنات ایک اُلٹی بِگ بینگ کی مانند، یعنی بِگ بینگ کے برعکس مخالف سمت میں سمٹ کر ختم ہو جائے گی۔

ہیٹ ڈیتھ (Heat Death): یہ نظریہ بھی کائنات کے ممکنہ اختتام سے متعلق ہے۔ اس کے مطابق کائنات مسلسل پھیلتی رہے گی اور وقت کے ساتھ توانائی بتدریج یکساں طور پر تقسیم ہو جائے گی۔ نتیجۃً تمام ستارے اور کہکشائیں توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھیں گی، اور کائنات ایک انتہائی سرد، خاموش اور غیر فعّال حالت میں بدل جائے گی، جہاں نہ کوئی عمل ممکن ہو گا اور نہ ہی زندگی باقی رہے گی۔] ( باقی آئندہ ۔انشاء اللہ )

(بشکریہ الفضل انترنیشنل 6؍نومبر2025ء)