اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-11-12

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ احمدیہ مسلم ویمن سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMWSA)کینیڈا کی طالبات کےایک وفد کی ملاقات ( بقیہ مجلس عرفان از شمارہ نمبر45)

مجلس عرفان

اپنی ایک خاص حیثیت بناؤ۔ اپنی identity کوestablish کرو، یہی اصل کام ہے، یہ کر لو گی تو تم ایکambassador بن جاؤ گی۔ کہتے ہیں کہ خلیفۂ وقت کی کس طرح پہچان کریں،

تو خلیفۂ وقت کی پہچان کروانے والے تم لوگ ہو، توپہلے خود سمجھو اور پھر خلیفہ ٔوقت کیambassador بنو اور جماعت کا یہ پیغام پہنچاؤ

مورخہ ۱۹؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء، بروزاتوار، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ لجنہ اماء الله کینیڈا کے ایک سو سنتالیس (۱۴۷) رکنی وفد کو شرفِ ملاقات حاصل ہوا، جس میں احمدیہ مسلم ویمن سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن(AMWSA) کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ۱۰۷؍طالبات، جبکہ دیگر شرکاء میں اراکینِ نیشنل مجلسِ عاملہ لجنہ اماء الله کینیڈا بھی شامل تھیں۔ یہ ملاقات ایوان مسرور ،اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ وفد نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے کینیڈا سے برطانیہ کا سفر اختیار کیا۔

 

نفسیات کی پہلے سال کی ایک طالبہ نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں مؤدبانہ گزارش کی کہ

آپ اپنی یونیورسٹی کے زمانے کی پڑھائی کے کچھ مفید مشورے شیئر فرما دیں۔

اس پر حضورِ انور نے کمال عاجزی اور متانت کے ساتھ فرمایا کہ آپ نوجوانی میں خود اوسط سے کم درجے کے طالبعلم تھے، لیکن زندگی کے تجربے کی بنیاد پر حضورِ انورنے ایک نہایت گہری اور مؤثر نصیحت عطا فرمائی کہ تعلیمی کامیابی کی کلید یہ ہے کہ ایک دن کے لیکچرز کو اسی دن دوبارہ دُہرایا جائے، اس مواد کو باقاعدگی سے اور مسلسل دیکھنے سے مضبوط بنیاد تیار ہوتی ہے جس سے امتحانات کی تیاری آسان اور کم پریشان کُن ہو جاتی ہے۔

حضورِ انور نے طالبات کو تاکید فرمائی کہ اپنی زندگی کو منظّم معمولات کے ساتھ ترتیب دیں، جس میں فجر کی نماز کے لیے جلدی اُٹھنا، قرآنِ شریف کی تلاوت کرنا اور تازہ ہوا میں ہلکی پھلکی ورزش کرنا شامل ہے تاکہ دن بھر کے مطالعے کے لیے دماغ کوتر و تازہ بنایا جا سکے، جو لوگ پڑھائی میں باقاعدگی اور نظم و ضبط رکھتے ہیں وہ بہترین طالبعلم بن جاتے ہیں۔ آخر میں اس بات پر زور دیا کہ دعا اور نماز ہر معاملے میں ناگزیر ہیں، کیونکہ کامیابی دینے والا آخرکار اللہ ہی ہے۔

ایک طالبہ نے سوال کیا کہ

مسجد میں بہت سے لوگ لڑکیوں کو تنقیدی نظروں سے دیکھتے ہیں اور ان کے پردے یا جسم کے بارے میں منفی تبصرے کرتے ہیں، ایسی صورت میں اگر کوئی ہمارے بارے میں اس طرح کے تبصرے کرے تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟

اس پر حضورِ انور نے دو ٹوک الفاظ میں تبصرہ فرمایا کہ پہلے تو یہ جو لوگ ایسی حرکتیں کرتے ہیں وہ بیہودہ ہیں۔ قرآنِ کریم نے اگر عورتوں کو پردے کا حکم دیا ہے، تواس سے پہلی آیت میں مردوں کو کہا ہے کہ اپنی نظریں نیچی رکھو، بلا وجہ اپنی lustful eyes عورتوں کی طرف نہ رکھو یا اس قسم کی critical eyes نہ رکھو، جس سے کسی بھی حیثیت سے اُن کو تم کمتر دیکھ رہے ہو، کسی بھی صورت اور کسی بھی حالت میں لڑکی کو undermine نہیں کرنا چاہیے۔ یہ پہلے تو ان کےلیے سبق ہے کہ لوگ اپنی اصلاح کریں۔ دوسرے اگر آپ کا پردہ اور حجاب ٹھیک ہے، تو آپ کو پرواہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پردے اور حجاب کی شرعی ضرورت اور اس کے تاریخی پسِ منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے حضورِ انور نے فرمایا کہ پردہ اور حجاب تو اس لیےرکھا تھا کہ یہودی یا غیر مسلم جو تھے، انہوں نے مسلمان عورتوں کا مذاق اڑانا شروع کیا تھا اور بعض دفعہ بعض ایسے incidents ہوئے کہ جس میں عورتوں کو بڑی شرمندگی اُٹھانی پڑی۔ اس کی وجہ سے پھر اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں پردے کا حکم بھی اُتارا اور مسلمان عورتوں کو بھی کہا کہ تم لوگ پردہ کیا کرو تاکہ تمہاری ایک identity رہے۔

مزید برآں حضورِ انور نے اسلامی تعلیمات کے مطابق جسم کی زینت چھپانے اور پردے کی بابت عملی راہنمائی بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ شریف میں کہا کہ چادر اوڑھو اور اچھی طرح چادر اوڑھو کہ جو تمہارے سر کو بھی ڈھانکے تمہارے cheeks کو بھی ڈھانکے، تمہارے گالوں کو بھی ڈھانکے اور تمہارے جسم کو بھی ڈھانکے۔ وہ آج کل مشکل ہے، تو اس کا اس لیےsimpleطریقہ یہ نکالا ہے کہ ڈھیلا ڈھالا کوٹ انسان پہن لے اور سر کو حجاب سے ڈھانک لے، تاکہ ہاتھfree ہوں اور وہ کام کر سکے۔ تو اس کےلیے کسیcomplex میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔جو لوگ ایسا کرتے ہیں اور اِس طرح دیکھتے ہیں، اُن کا گناہ اُن کے سر، وہ اللہ تعالیٰ کو آپ ہی جوابدہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں آتے ہیں۔ آپ لوگوں کو complex کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر تم صحیح پردہ کر رہی ہو تو پھر ٹھیک ہے۔

پردے کے احکام پر حتّی الوسع عمل پیرا ہو نے کے ضمن میں توجہ دلاتے ہوئے حضورِ انور نے فرمایا کہ باقی قرآنِ شریف میں تو یہی آیا ہے کہ پردے سے اپنے جسم کی زینت کو چھپاؤ، جو چیزیں ظاہر ہوتی ہیں ان کو تم مکمل تو چھپا نہیں سکتے، جس حد تکcover کر سکتے ہو وہیcoverکرنا ہے۔ ہاتھ، پاؤں، ناک یا جسم کے مختلف حصّے ہیں، تو ہر ایک کے جسم کی اپنی اپنی جسامت کے حساب سے، physique کے حساب سے، مختلف فیچرز کے حساب سے مختلف حالتیں ایسی ہوتی ہیں کہ بعض دفعہ نہیں چھپ سکتیں۔ تو اس پر اگر کوئی دیکھتا ہے، تو وہ غلط کرتا ہے، اِس لیےاللہ تعالیٰ نے مردوں کو کہا ہے کہ نظریں نیچی کرو، تو پھر مردوں کی اصلاح کرو۔

آخر میں حضورِ انور نے مردوں کی اصلاح کے حوالے سے اس بات پر زور دیا کہ تم لجنہ ایک move چلاؤ کہ اپنے گھروں سے مردوں کی اصلاح کرنی ہے۔ ہر ایک اپنے اپنے گھروں میں مردوں کی اصلاح کر لےتو قوم ٹھیک ہو جائے گی اور پھر عورتیں بھی ٹھیک ہو جائیں گی۔

اکنامکس اور فنانس کی ایک طالبہ نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ

آج کل موسیقی کے concerts میں جانا بہت عام ہو گیا ہے۔اس بارے میں پیارے حضور کی کیا راہنمائی ہے؟

اس پر حضورِ انور نے مسکراتے ہوئے فرمایا کہ اتنا ویلہ وقت ہے سٹوڈنٹس کے پاس کہ میوزک concerts میں جانا ہے۔اتنا فارغ وقت ہوتا ہے؟پڑھنے کے بعد وقت مل جاتا ہے یونیورسٹی سے آ کے اور کام کر کے کہ concerts جو ہوتے ہیں کہ ان میں چلے جاؤ؟ اور وہاں کیا ہوتا ہے، ہا ہُو، وہ تو کان پھٹتے ہیں، شور شرابا ہی ہوتا ہے اورvolume اتنا اونچی کر کےلگایا ہوتا ہے کہ آدمی جب واپس آتا ہےتو میرا خیال ہے کہ دو دن تو اس کے کانوں میں آوازیں آتی ہوں گی، کیونکہ جس طرح ٹی وی پر دکھا رہے ہوتے ہیں وہ تو کان پھاڑنے والی باتیں ہوتی ہیں۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ ’’ویلہ‘‘ پنجابی زبان کا لفظ ہے جو اُردو میں فارغ یا بےکار کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ لفظ عموماً اس وقت بولا جاتا ہے جب کسی شخص کے پاس کوئی کام نہ ہو یا وہ اپنا وقت بے مقصد ضائع کر رہا ہو۔]

حضورِ انور نے اپنا فارغ وقت کسی تعمیری اور مفیدکام میں صَرف کرنے کی بابت نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اس لیے کوئی constructive کام کرنا چاہیے۔ فنانس اور اکنامکس پڑھنے والے کو تو ویسے ہی یہ چیزیں فضولیات لگتی ہیں۔ ان کو وقت ہی نہیں ملتا۔ وہ تو اپنے حساب کتاب میں بھی زیادہ مصروف ہوتا ہے۔اسے creative mind ہونا چاہیے کہ مَیں نے کیا کیا پیدا کرنا ہے، کس طرح موجودہ economyکو بہتر کرنا ہے اور کس طرح مَیں یہ کر سکتا ہوں، کس assignmentکو مَیں نے کس طرح لکھنا ہے اور اس کو کس طرح میں نے کرنا ہے۔ سو یہ ساری چیزیں اگر کرنے کا وقت ہے،سنجیدگی سے کرو، تو کانسرٹ وغیرہ کے اُوپر جانے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ پہلے ہیconcerts جو ہیں، بعض لوگ وہاں کھڑے ہو کے ڈانس بھی شروع کر دیتے ہیں، پھر تم کہو گی کہ چلو ہم بھی ڈانس کر لیں۔

آخر میں حضورِ انور نے مذکورہ نصائح کی روشنی میں متنبّہ فرمایا کہ یہ ساری چیزیں غلط ہیں۔ ایسی چیزیں جس سے بُرائی پھیلنے کا خیال ہو اس سے رُکنا بہتر ہوتا ہے۔ اور بہتر یہی ہے کہ رُک جاؤتو تمہارے مستقبل کےلیے بہتر ہوگا۔

بعد ازاں حضورِ انور نے بعض لجنہ ممبرات سے ازراہِ شفقت گفتگو بھی فرمائی اور انہیں نمازوں کی اہمیت کے بارے میں خصوصی تلقین بھی فرمائی۔

دورانِ گفتگوایک لجنہ ممبر نے حضورِ انور کے دریافت فرمانے پر عرض کیا کہ وہ اَکاؤنٹنگ پڑھ رہی ہے۔ اس پر حضورِ انور نے ازراہِ شفقت فرمایا کہ اچھا! ماشاء اللہ، بیچلرز کر رہی ہو، پھر ماسٹرز کروگی؟ اثبات میں جواب سماعت فرمانے کے بعد حضورِ انور نے مزید دریافت کیا کہ پھر کیا کرو گی، اپنی اکاؤنٹنگ فرم کھولو گی؟ جس پر موصوفہ نے ان شاء الله کے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے اپنے مصمم ارادے کا اظہارکیا۔ جس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ اچھا، ماشاءالله! تمہارے بڑے ambitions ہیں۔

پھر حضورِ انور نے شاملینِ مجلس سےمخاطب ہوتے ہوئے دریافت فرمایا کہ یہاں آ کر کسی کو کوئی فائدہ بھی ہوا ہے یا وقت ضائع ہوا ہے، کس کا یہاں وقت ضائع ہوا ہے؟سب کا نفی میں جواب سماعت فرمانے کے بعد حضورِ انور نے پُر شفقت انداز میں فرمایا کہ اچھا! کسی کا وقت ضائع نہیں ہوا اَور ساروں کو فائدہ ہوا ہے۔ پھر حضورِ انور نے فرمایا کہ باتیں کرنے کا اتنا ہی وقت ہے، اب ظہر کی نماز پڑھیں،یہاں آتے ہیں تو نمازیں پڑھنی پڑتی ہیں۔یہی ہمارا اصل کام ہے۔

ملاقات کے اختتامی لمحات میں حضورِ انور نے طالبات کو انتہائی پُرمغز اور زرّیں نصائح سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ اس کام کو پکڑ لو، اللہ تعالیٰ کو پکڑ لو، تو باقی نمازوں میں بھی اور پڑھائیوں میں بھی مزے آنے لگ جائیں گے۔تمہاری identity ہونی چاہیے کہ ایک احمدی کی حیثیت سے ہم کیا ہیں اور کس طرح ہم نے اسلام اور احمدیت کے پیغام کو دنیا میں پہنچانا ہے۔ جو سٹوڈنٹس پڑھی لکھی ہیں، وہ اپنے اپنے سرکل میں اپنے کیریکٹر سے اور اپنی ایک خاص identity سے پیغام پہنچائیں اور بتائیں، تاکہ دنیا آپ کی طرف attract ہوکہ پڑھنے لکھنے کے باوجود کہ کسی نے سی اے کیا ہے، کسی نے میڈیسن کی ہے، کسی نے لاء کیا ہے اور مختلف برانچز ہیں لاء کی ہیں، کوئی انجنیئر بن رہی ہے، کوئی ٹیچر ہے، ہر ایک احمدی لڑکی ایک خاص حیثیت رکھتی ہے۔

حضورِ انور نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ بس اپنی ایک خاص حیثیت بناؤ۔ اپنی identity کوestablish کرو، یہی اصل کام ہے، یہ کر لو گی تو تم ایکambassador بن جاؤ گی۔ کہتے ہیں کہ خلیفۂ وقت کی کس طرح پہچان کریں، تو خلیفۂ وقت کی پہچان کروانے والے تم لوگ ہو، توپہلے خود سمجھو اور پھر خلیفہ ٔوقت کیambassador بنو اور جماعت کا یہ پیغام پہنچاؤ۔

ملاقات کے اختتام پر حضورِ انور نے وفد کے قیام و طعام کے انتظامات کے بارے میں دریافت فرمایا اور ازراہِ شفقت تمام شاملینِ مجلس کو اپنے محبوب امام کے دستِ مبارک سے قلم کا تحفہ بطورِ تبرک حاصل کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی، حضورِ انور نے ان دعائیہ کلمات کے ساتھ اس نشست کا اختتام فرمایا کہ چلوجی، اللہ حافظ! اور یوں یہ ملاقات بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔

(بشکریہ روزنامہ الفضل یکم؍ نومبر 2025ء)