اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-06-01

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ کینیڈا کے واقفین نو اطفال کی آن لائن ملاقات اور حضور انور کی زرّیں نصائح

اگر آپ ایک ذی شعور انسان ہیں اور سمجھ بوجھ رکھتے ہیں تو پھر آپ کو بری چیزوں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے جو بالآخر آپ کی زندگی تباہ کر سکتی ہیں، اس دنیا میں بھی
اور اخروی زندگی میں بھی، یہ مت خیال کریں کہ اگر آپ کچھ غلط کر رہے ہیں تو آپکو کوئی نہیں دیکھ رہا، ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر لمحہ دیکھ رہاہے اور جو بھی ہم کرتے ہیں
وہ جانتا ہے، اللہ تعالیٰ کی محبت کے حصول کیلئے اور اسلام کی تعلیمات سے جڑے رہنے کیلئے ہمیں اچھے کام کرنے ہیں جن کا ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سےحکم د یا گیاہے

کوشش کریں کہ آپ اپنے دوست کا چناؤ ایسے طلباءمیں سے کریں جن کی فطرت اچھی ہے ، پڑھائی میں اچھے ہیں اور اخلاقی طور پر اچھے ہیں

ایک اچھے وقف نو کو پنجوقۃ نماز کی ادائیگی میں ،تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ ہونا چاہئے، ایک وقف نو کو اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے
اچھے ٹی وی پروگرام دیکھنے چاہئیں، بُرے نہیں دیکھنے چاہئیں،اپنی پڑھائی میں اچھی کارکردگی دکھائیں ، اس کے علاوہ آپ کو میرا خطبہ سننا چاہئے

آنحضرت ﷺ کی محبت اپنے دلوں میں پیدا کریں جنہوںنے ہمیں اللہ سے محبت کرنا سکھایا،اس لئے آپ کو آنحضرت ﷺ کی زندگی کا مطالعہ کرنا ہوگا

اپنی نمازوں میں دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو شیطانی حملوں سے جملہ برائیوں سے بچائے

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ کینیڈا کے واقفین نو اطفال کی آن لائن ملاقات اور حضور انور کی زرّیں نصائح

 

سیّدناحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 17؍اکتوبر 2021ء کو واقفین نو مجلس اطفال الاحمدیہ کینیڈا کے ساتھ آن لائن ملاقات فرمائی۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ اس ملاقات کیلئے اسلام آباد (ٹلفورڈ)میں قائم ایم ٹی اے سٹودیوزمیں رونق افروز ہوئے جبکہ 550 واقفین نو اطفال نے انٹرنیشنل سینٹر Mississauga (Ontario)سے آن لائن شرکت کی۔ ملاقات کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد واقفین نو اطفال کو حضورانور کی خدمت میں سوالات پیش کرنے کا موقع ملا۔
ایک طفل نے سوال کیا کہ ایک نئے ہائی سکول کے طالب علم کے طور پر مَیں نے بہت سی برائیاں سکول میں ہوتی دیکھی ہیں۔ از راہ شفقت ہمیں راہنمائی سے نوازیں کہ ایسی تمام برائیوں سے جو ہائی اسکول میں پائی جاتی ہیں ان سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔
حضور انور نے فرمایا کہ دیکھیں، اب آپ کی عمر تقریباً 15 سال ہے، اور یہ بہت خطرناک عمر ہے۔ کیونکہ جب آپ 15،16 یا 17 سال کی عمر کو پہنچتے ہیں تو آپ کو خیال ہوتا ہے کہ آپ بالغ ہوگئے ہیں اور اب آپ پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہئے۔ لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ ایک احمدی ہیں اور آپ ایک خدا پر ایمان رکھتے ہیں اور یہ کہ اسلام ایک سچا مذہب ہے اور ہم مانتے ہیں کہ قرآن کریم آخری شرعی کتاب ہے جو آنحضرتﷺ پر نازل ہوئی تھی۔ ٹھیک ہے! اللہ تعالیٰ نے بہت سے احکامات سے ہمیں نوازا ہےکہ یہ اچھی چیزیں ہیں اور یہ بری چیزیں ہیں۔ اس لیے اگر ہمیں پتہ ہے کہ کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے تو پھر اگر آپ ایک ذی شعور انسان ہیں اور سمجھ بوجھ رکھتے ہیں تو پھر آپ کو بری چیزوں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے جو بالآخر آپ کی زندگی تباہ کر سکتی ہیں، اس دنیا میں بھی اور اخروی زندگی میں بھی۔ یہ مت خیال کریں کہ اگر آپ کچھ غلط کر رہے ہیں تو آپ کو کوئی نہیں دیکھ رہا۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر لمحہ دیکھ رہاہے اور جو بھی ہم کرتے ہیں وہ جانتا ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی محبت کے حصول کیلئے اور اسلام کی تعلیمات سے جڑے رہنے کیلئےاور اللہ تعالیٰ کے احکامات کےمطابق بھی ہمیں اچھے کام کرنے ہیں جن کا ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سےحکم د یا گیاہے۔ اس طرح آپ اس معاشرے اور اپنے ساتھی طلبہ کی بری عادات سے اجتناب کر سکتے ہیں اور ساتھ ساتھ اگر آپ کو پتہ ہےکہ آپ کے ساتھی طلبہ کچھ غلط کر رہےہیں تو آپ کو اپنی نا پسندیدگی کا اظہار بھی کرنا چاہئے۔ یا اس سے نفرت کرنی چاہئے، اگر وہ کچھ بر ا کر رہے ہیں۔ اور انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ آپ اس سے ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ جب ا نہیں پتہ لگ جائے گا کہ آپ کو بُری چیزیں پسند نہیں ہیں تو آپ کے سامنے (ایسی حرکتوں سے) اجتناب کریں گے۔ یہ بھی ایک طریقہ ہے جس سے آپ (برائیوں سے) اجتناب کر سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ آپ اپنے دوست کا چناؤ ایسے طلبہ میں سے کریں جن کی فطرت اچھی ہے، پڑھائی میں اچھے ہیں اور اخلاقی طور پر اچھےہیں۔
ایک طفل نے سوال کیا کہ حضورانور سے تعلق بنانے کا بہترین طریقہ کون سا ہے کہ حضور کو علم ہو کہ میں کون ہوں؟
حضورانور نے فرمایا (مجھے یہ تعارف ہونا چاہئے کہ)آپ کون ہیں۔ آپ کو مجھے باقاعدگی سے لکھنا چاہئے۔ اور کسی وقت کوئی اچھا لطیفہ بھی بھجوا دیا کریں یا اچھی تحریر بھی۔ یوں مجھے یاد رہے گا کہ آپ وہ ہو جس نے مجھے یہ لکھا تھا۔ اگر آپ کو پسند ہو تو اپنے خط پر اپنی تصویر بھی بھجوا دیا کرو۔
ایک طفل نے پوچھا کہ کیا ایم ٹی اے کا کوئی ایسا چینل بھی ہو سکتا ہے جو بچوں کے shows پر مشتمل ہو اور جس میں آنحضرتﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دور کی کہانیاں پیش کی جا سکیں۔
حضورانور نے فرمایا کہ آ ج کل بچوں کیلئے ایک slot چل رہی ہے اور story timeبھی ہے اور اب انہوں نے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے کہ بچوں کیلئے جس میں میرے خطبہ کی تفصیل آسان زبان میں بیان کی جا تی ہے اور مختلف ذرائع سےبھی پیش کیا جا تا ہے تاکہ چھوٹے بچے بھی سمجھ سکیں۔ تو سرِدست ہمارے پاس بچوں کیلئے کچھ slot ہیں لیکن ایک وقت آئے گا کہ ہمیں بچوں کیلئے ایم ٹی اے کا ایک الگ چینل بنانا پڑے گا۔ مگر اس وقت نہیں۔ بعد میں ہم دیکھ لیں گے۔ مگر کیا آپ children slot دیکھتے ہیں، story time اور دیگر بچوں کے پروگرام اور خطبہ کا خلاصہ جو بچوں کیلئے پیش کیا جاتا ہے؟ یہ بھی بہت اچھے پروگرام ہیں آپ کو یہ پروگرام بھی دیکھنے چاہئیں۔
ایک اور طفل نے سوال کیا کہ بہترین وقفِ نَو بننے کیلئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
حضورانور نے فرمایا کہ ایک اچھے وقفِ نَو کو پنجوقتہ نماز کی ادائیگی میں باقاعدہ ہونا چاہئے۔ اس کو تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ ہونا چاہئے۔ ایک رکوع (حصہ) روزانہ تلاوت کرنی چاہئے اور اگر ممکن ہو تو قرآن کریم کا متن سمجھنے کی کوشش کرے یا اس حصہ کا ترجمہ پڑھے جس کی تلاوت کر رہا ہے۔ ایک وقفِ نَو کو اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اس کو بڑوں کی عزت کرنی چاہئے۔ اپنے چھوٹوں کے ساتھ ہمدردی کا سلوک کرنا چاہئے۔ ان کو ایک دوسرے سے لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہئے۔ اور اچھے ٹی وی پروگرام دیکھنے چاہئیں، برے نہیں دیکھنے چاہئیں اور اپنی پڑھائی میں اچھی کارکردگی دکھائیں اور خوب محنت کریں تاکہ آپ کے اچھے گریڈز آئیں۔ یہ چند خوبیاں ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کو میرا خطبہ سننا چاہئے۔
ایک طفل نے سوال کیا کہ وہ اپنے دل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح بھلائی کیسے پیدا کر سکتا ہے؟
حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ دوسروں کیلئے وہی ہمدردی کے جذبات پیدا کریں جو اپنے بہن بھائیوں کیلئے ہیں۔ آنحضرتﷺ جو بھی عمل کرتے تھےوہ اللہ تعالیٰ کی خاطر ہوتا تھا۔ آپ کے دل میں اللہ کی محبت موجزن تھی۔ اس لیے اپنے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کریں، اور جب آپ یہ محبت پیدا کر لیں گےتو آپ کے دل میں اللہ کی مخلوق کی محبت بھی پیداہو جائے گی۔ آنحضرتﷺ کی محبت بھی اپنے دلوں میں پیدا کریں جنہوں نے ہمیں اللہ سے محبت کرنا سکھایا۔ اس لیے آپ کو آنحضرتﷺ کی زندگی کا مطالعہ کرنا ہوگا ۔یوں آپ کے دل میں آنحضرت ﷺ کی محبت پید اہو جائے گی اور نتیجۃً آپ کے دل میں بنی نوع انسان اور اپنے ساتھیوں کی محبت پیدا ہو جائے گی۔
ایک اور طفل نے پوچھا کہ ذہن میں جو برے خیالات پید اہوتے ہیں ان کو دور کرنے کیلئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
حضورانور نے فرمایا کہ استغفار پڑھیں اور اس کا ترجمہ سمجھ کر پڑھیں۔ اللہ کی مدد چاہیں اور اپنی نمازوں میں اس سے دعاکریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو شیطانی حملوں سے بچائے۔ اللہ تعالیٰ سےیہ مدد بھی چاہیں کہ وہ آپ کو جملہ برائیوں سے بچائے، اچھی چیزیں پڑھیں، اچھی کتابیں پڑھیں، جب بھی کوئی بری چیز ذہن میں آئے۔ اللہ تعالیٰ سے استغفار کرتے رہنا بھی آپ کیلئے بہت اچھا ہے۔

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 2؍نومبر2021)