امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍فروری 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو کی نیشنل مجلس عاملہ اور ریجنل قائدین سے آن لائن ملاقات فرمائی۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے اس ملاقات کو اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں قائم ایم ٹی اے سٹوڈیوز سے رونق بخشی جبکہ30سے زائد ممبران مجلس عاملہ نے جامعۃ المبشرین واقع بستان مہدی، واگا ڈوگو برکینا فاسو سے آن لائن شرکت کی۔
65منٹ پرمشتمل اس ملاقات میں جملہ حاضرین (ممبران مجلس عاملہ) کو حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمت اقدس میں اپنے شعبہ جات کی رپورٹ پیش کرنے اور راہنمائی و ہدایات حاصل کرنے کا موقع ملا۔
مہتمم صاحب تربیت، مکرم حسن جنگانی صاحب مربی سلسلہ بوبوجلاسو، جنہوں نے جامعہ احمدیہ گھانا انٹرنیشنل سے شاہد پاس کیا ہوا ہے، نے اردو میں اپنا تعارف کروانا شروع کیا تو حضور انور نے فرمایا کہ اچھا آپ مجھے ٹائپ کرکےاردو میں خط لکھتے رہتے ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ جی حضور۔
حضور انور نے مہتمم صاحب تربیت کو ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ تربیت کا پلان کیا ہے؟ کس طرح تربیت کریں گے؟ نمازوں کی طرف توجہ ہے؟ قرآن پڑھنے کی طرف توجہ ہے؟ دینی علم سیکھنے کی طرف توجہ ہے؟ اخلاق کو بہتر کرنے کی طرف توجہ ہے؟ اور اگر ہے تو کس طرح ہے؟ نمازیں پڑھنے کے بارے میں کیا منصوبہ ہے؟ کتنے فیصد خدام باجماعت نماز پڑھتے ہیں؟ آپ کے ہاں تو restrictionکوئی نہیں ہےوہاں نماز با جماعت پڑھنی چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ جی حضور ان سب امور کی انجام دہی کیلئے کوشش کر رہے ہیں کہ بہتر سے بہتر ہو جائیں۔
حضو ر انور نے فرمایا کہ اصل چیز تو یہی ہے، نماز۔ نمازکی طرف توجہ ہو نی چا ہئے۔ اگر خدام کو نماز پڑھنے کی عادت ہوجائے تو پھر انشاء اللہ باقی طرف بھی توجہ پیدا ہو تی ہے۔ تو (یوں ) تربیت کریں۔ اور دوسرے قرآن کریم پڑھنے کی طرف ان کی زیادہ توجہ ہونی چاہئے۔ پھر یہ ہے کہ تربیت کیلئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک صفحے کا، آدھے صفحے کا کوئی نہ کوئی حوالہ نکال کر یا کوئی حدیث نکال کےخدام کو دیا کریں تاکہ وہ اس کو پڑھیں اور اپنی اصلاح کریں اور تربیت کریں، پھر کوشش کریں کہ سارے خدام میرا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے پر جو آتا ہے اس کو ہردفعہ ضرور سنا کریں۔
حضور انور نے مہتمم صاحب تبلیغ کو تلقین فرمائی کہ وہ ممبران مجلس عاملہ جو نیشنل، ریجنل اور لوکل سطح پر خدمت بجا لا رہے ہیں وہ بھرپور انداز میں تبلیغ میں حصہ لیں اور ان کے معین ٹارگٹس ہونے چاہئیں تاکہ انہیں motivateکیا جاسکے۔
مہتمم صاحب اشاعت کو ہدایات سے نوازتے ہوئے حضور انور نے فرمایا کہ انہیں خدام کو توجہ دلانی چاہئے کہ وہ اپنے میگزین کیلئے کچھ لکھا کریں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو پڑھے لکھے ہیں اور شہروں میں رہتے ہیں انہیں توجہ دلائیں کہ انہیں کچھ مضامین لکھنے چاہئیں۔ ان میں سے بعض کو لکھنا چاہئے کہ انہوں نے کس طرح احمدیت قبول کی، ان کے والدین نے کس طرح احمدیت قبول کی۔ احمدیت کیا ہے؟ ہمیں احمدیت کو کیوں قبول کرنا چاہئے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مسیح موعود کے حوالہ سے کیا پیشگوئیاں ہیں۔ تو اس طرح یہ ان کے علم اور ایمان کو بڑھانے والی تحریریں ہوں گی۔ پھر آپ انہیں جماعت احمدیہ مسلمہ کیلئے مزید لکھنے کی توجہ دلا سکتےہیں اور ان کے آرٹیکل دیکھ کر بعض دیگر خدا م بھی مضامین لکھنے لگیں گے یا کم از کم وہ اپنے ایمان میں بڑھنے کی کوشش کریں گے۔
مہتمم تربیت نومبائعین مکرم باؤرو احمد رشید صاحب سے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے استفسار فرمایا کہ کیا آپ پیدائشی احمدی ہیں یا آپ نے خود بیعت کی ہے؟ انہوں نے بتایا کہ میں پیدائشی احمدی نہیں ہوں، میں نے خود بیعت کی ہے۔
حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ مختلف گروہوں کیلئے، مختلف مذاہب سے بیعت کرنے والوں کیلئے مختلف منصوبے ہونے چاہئیں۔ یہ ممکن بات ہے کہ ایسےخدام جو مسلمان تھے ان میں سے ایک تعداد جو احمدیت میں شامل ہوتی ہے وہ نماز، سورت فاتحہ اور قرآ ن کریم پڑھنا جانتے ہوں۔ ان کو احمدیت کے بارے میں زیادہ بتانا چاہئے اور ان کا اسلامی علم بڑھانے کی کوشش کریں اور جو عیسائیت میں سے شامل ہوتے ہیں ان کیلئے مختلف تربیتی پروگرام ہونا چاہئے۔ ان کو چاہئے کہ وہ نماز کے الفاظ سیکھیں، سورت فاتحہ سیکھیں۔ ان کو نماز پڑھنے کا طریقہ بتائیں اور نماز کا مطلب (ترجمہ) سکھائیں اور یہ کہ پنجوقتہ نماز کیوں ادا کرنی چاہئے۔ اسی طرح دوسرے گروپس ہیں۔ ہر گرو پ کا مختلف پروگرام ہونا چاہئے نہ کہ سب کیلئےایک ہی پروگرام۔
نیز فرمایا کہ جو سورت فاتحہ جانتے ہیں ان کو اس کا ترجمہ بھی سیکھنا چاہئے، یوں وہ مزید توجہ کے ساتھ نماز پڑھیں گے۔ تو اس طرح ہر ایک لفظ جو نماز میں پڑھا جاتا ہے اس کا مطلب آنا چاہئے۔ یہ ایمان کو بھی تقویت بخشے گا اور خدا تعالیٰ کی ہستی پر بھی یقین عطا کرے گا۔
اس ملاقات کے اختتام پر حضور انور نے جملہ اراکین مجلس عاملہ کو دعائیہ کلمات سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفاظت میں رکھے اور جماعت کیلئے محنت سے کام کرنے کی توفیق بخشے اور سارے ملک میں آپ کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ۔
(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 25؍مارچ 2022ء)