اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-04-06

اچھی شادی شدہ زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے برداشت کے معیار کو بلند کریں 

 شیطان کا حملہ اِسقدر بڑھا ہوا ہے کہ ہم صرف اپنی کوشش اور محنت سے خود کو نہیں بچا سکتے، ہمیں اللہ سے راہنمائی اور مدد حاصل کرنےکی ضرورت ہے،پنجوقتہ نمازوں میں دعا کریں کہ اللہ آپ کو جملہ شیطانی حملوں اور شیطانی چیزوں سے محفوظ رکھے ۔ استغفار کثرت سے پڑھیں اسکو معمول بنا لیں ث ٹیلی ویژن یا انٹر نیٹ یا سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے غیر معیاری پروگرامز دیکھنے سے بھی بچیں اپنا دینی علم بھی بڑھانے کی کوشش کریں ۔ اچھی شادی شدہ زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے برداشت کے معیار کو بلند کریں ۔ اگر آپ اس حقیقت کو سمجھ جائیں کہ ہمیں ایک دوسرے کی کمزوریوں سے صرف نظر کرنی ہے تو طلا ق کی شرح کم ہو جائیگی ۔ صبح جلدی بیدار ہونے کی کوشش کریں۔ جو بھی آپ نے دن میں کیا ہو وہ ضرور لکھیں، اس طرح آپ کو پتہ ہوگا کہ آپ نے کتنا وقت اچھے اور تعمیری کاموں میں صرف کیا اورکتنا وقت ضائع کیا ہے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ نائیجیریا کی احمدی طالبات اور ممبرات لجنہ اماء اللہ کی ورچوئل ملاقات اور حضور انور کی زرّیں نصائح

 

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍ستمبر 2021ء کو نائیجیریا کی احمدی طالبات، ممبرات لجنہ اماء اللہ سے ورچوئل ملاقات فرمائی۔حضور انور اس ملاقات کیلئے اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں قائم ایم ٹی اے سٹوڈیوزمیں رونق افروز ہوئے جبکہ طالبات نے لجنہ ہال اجوکورو، لیگوس( نائیجیریا )سے آن لائن شرکت کی۔ملاقات کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد ممبرات لجنہ اماء اللہ کو دوران ملاقات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے سوالات پوچھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
ایک ممبر لجنہ نے سوال کیاکہ جن گناہوں کا انسان عادی ہوگیا ہوتا ہے ان سے کس طرح بچا جاسکتا ہے۔ حضور انور نے فرمایا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ سے پنجوقتہ نمازوں میں دعا کریں کہ اللہ آپ کو جملہ شیطانی حملوں اور شیطانی چیزوں سے محفوظ رکھے۔ ہم آج کل کی دنیا میں اس قدر گندی چیزوں سے گھرے ہوئے ہیں۔ آج انٹرنیٹ، ٹیلی وژن اور سوشل میڈیا کی ایسی کشش ہے جو سیدھا راستہ نہیں ہے۔ ٹیلی وژن اور انٹرنیٹ پر دکھائے جانے والے اکثر پروگرام ہمیں سیدھے راستے سے اور حقیقی اسلامی تعلیمات سے دور ہٹا رہے ہیں اور (ایسے پروگراموں کی) کشش کے باعث ہم پھر ان چیزوں کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں۔
حضور انور نے مزید فرمایا کہ اس لیے پہلی چیز یہ ہے کہ اللہ سے مدد طلب کی جائے، صرف اللہ ہی ہمیں شیطان سے بچا سکتا ہے۔ اسی لیے ہم اعوذ باللّٰہ من الشیطٰن الرجیم پڑھتے ہیں،کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شیطان سے بچا جو مردود ہے۔ پھر پنجوقتہ نمازوں میں باقاعدگی سے اپنے لیے دعا کریں کہ اللہ آپ کو، آپ کے بہن بھائیوں کو، آپ کے خاندان کے افرادکو اور احباب جماعت کو بچائے، اس طرح آپ اپنی دعاؤں میں وسعت پیدا کر سکتی ہیں۔ یوں آپ صرف خود کو نہیں بچا رہی ہوں گی بلکہ اپنے اردگرد اور ماحول کو بھی بچانےوالی ہوں گی۔ پھر استغفار کثرت سے پڑھیں۔ اس کو معمول بنا لیں کہ آپ روزانہ جس قدر ہو سکے استغفار پڑھا کریں۔ پھر ٹیلی وژن یا انٹر نیٹ یا سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے غیر معیاری پروگرامز دیکھنے سے بھی بچیں۔ تو اس طرح آپ خود کو بچا سکتی ہیں۔ پھر اس کے ساتھ ساتھ اپنا دینی علم بھی بڑھانے کی کوشش کریں۔ اس کیلئے قرآن کریم پڑھیں اور دیکھیں کہ قرآن کریم میں کیا احکامات دیے گئے ہیں۔ انہیں لکھیں کہ آپ کو کیا کرنا ہے اور کس چیز سے بچنا ہے۔ اور اپنے آپ کو پھر ان چیزوں سے روکیں۔ پھر اس کے ساتھ ساتھ، آج کے دور میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا ہے تاکہ وہ دین اسلام کی تجدید کریں اور ہمیں قرآن کریم کی حقیقی تعلیم اور آنحضرتﷺ کی سنت بتائیں اور احادیث بتائیں۔ اس طرح آپ نے بہت سی چیزوں کی تشریح اپنی کتب میں فرمائی ہے۔ اس لیے جو کتاب بھی انگریزی میں مہیا ہو، جس کا انگریزی ترجمہ ہو چکا ہے، اس کتاب کا کچھ حصہ روزانہ پڑھنے کی کوشش کریں۔ اس طرح آپ اپنا دینی علم بھی بڑھا سکتی ہیں۔ بہر حال ہمیں محنت کرنی پڑے گی تاکہ ہم اپنے آپ کو برائیوں سے بچا سکیں اور آج کل کے گناہوں سے، بصورت دیگر شیطان کا حملہ اس قدر بڑھا ہوا ہے کہ ہم صرف اپنی کوشش اور محنت سے خود کو نہیں بچا سکتے۔ ہمیں اس حوالہ سے اللہ سے راہنمائی اور مدد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک ممبر لجنہ نے سوال کیا کہ ہمارے معاشرے میں طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے، اس حوالہ سے شادی شدہ جوڑوں کیلئے پیارے حضور کی کیا نصیحت ہے۔
حضور انور نے فرمایا کہ آپ کو، لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کو اپنی برداشت کا پیمانہ بڑھانا ہوگا ، دیکھیں آپ یہ نہیں کہہ سکتیں کہ طلاق کی شرح صرف کسی ایک یعنی لڑکا یا لڑکی کی وجہ سے اوپر جا رہی ہے۔ دونوں میں کمزوریاں ہوتی ہیں۔اچھی شادی شدہ زندگی گزارنے کےلیے ضروری ہے کہ اپنے برداشت کے معیار کو بلند کریں۔ اور اپنے زوج (بیوی یا شوہر) کی ہر کمزوری سے صَرفِ نظر کریں۔ مرد بھی صرفِ نظر کرے اور عورت بھی صرفِ نظر کرے۔ اور اچھی چیزوں کو تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ فلاں صرف بری صفات کا مالک ہے۔ ہر ایک میں اچھی اور بری صفات ہوتی ہیں۔ مردوں میں بھی اچھی صفات ہوتی ہیں ، عورتوں میں بھی اچھی صفات ہوتی ہیں۔ مردوں میں بھی کمزوریاں ہوتی ہیں اور عورتوں میں بھی کچھ کمزوریاں ہوتی ہیں۔ اس لیے اگر آپ اس حقیقت کو سمجھ جائیں کہ ہمیں ایک دوسرے کی کمزوریوں سے صرف نظر کرنی ہے تو طلا ق کی شرح کم ہو جائے گی اور آپ ایک اچھی شادی شدہ زندگی گزارنے والے ہوں گے۔ اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو پُر امن ماحول میں پروان چڑھائیں۔ اس لیے اپنے بچوں کو ایسا ماحول دیں جو ان کیلئے بہتر ہے۔ جو ان کی بڑھوتری کیلئے ساز گار ہے۔ اور یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب میاں بیوی پر امن اور دوستانہ ماحول میں ایک خوشگوار زندگی گزاررہے ہوں گے۔
ایک ممبر لجنہ نے عرض کیا کہ حضور آپ دنیا کے سب سے زیادہ مصروف شخص ہیں اسکے باوجود اپنے وقت کو نہایت حکمت سے صرف کرتے ہیں ، برائے کرم ہمیں بتائیں کہ آپ اپنا وقت کس طرح اتنے احسن رنگ میں صرف کرتے ہیں اور ہمیں نصیحت بھی فرمائیں کہ بطور طالبات ہم اپنا وقت کس طرح بہترین طریق پر استعمال کر سکتے ہیں۔
حضور انور نے فرمایا کہ آپ ایک طالبہ ہیں۔ صبح جلدی بیدار ہونےکی کوشش کریں۔ یہ بہت ضروری ہے۔ اور اگر آپ کو مجبوراً رات کو دیر سے سونا پڑے تو ٹھیک ہے ورنہ جتنی جلدی ہو سکے سونے کی کوشش کرنی چاہئے۔
Early to bed and early to rise, makes a man healthy, wealthy and wise.
(جلدی سونا اور جلدی اٹھنا، انسان کوصحت مند، دولت مند اور سمجھدار بنا دیتا ہے)
بعد ازاں حضور انورنے فرمایا کہ پھر اللہ سے مدد طلب کریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگی صحیح نہج پر گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اپنے آپ کو منظّم کرنے کی توفیق دے۔ نمازوں کے بعد ، آپ کو ایک طالب علم کے طور پر چھ گھنٹے کی نیند پوری کرنی چاہئے۔ کم از کم چھ گھنٹے کی نیند پوری کریں۔ اور اسکے بعد اپنے آپ کو پڑھائی میں اور دیگر مصروفیات میں مصروف رکھیں۔ جو آپ نے دن کے دوران کیا ہے وہ آپ (بالعموم)نہیں جانتے ، اس لیے دن کے آغاز سے ہی جو بھی آپ کررہے ہیں وہ لکھتے جائیں۔ اگر آپ چھ بجے جاگے ہیں مجھے نہیں پتہ کہ آپ کےپاس نماز کا کیا وقت ہے ، بہرحال نمازفجر کے وقت اٹھے، تو لکھیں کہ میں اتنے بجے اٹھی۔ پھر نماز ادا کی۔ کچھ تلاوت کی ، قرآن کریم کی چند آیات کی تلاوت کی یا کس سپارہ کی تلاوت کی۔ پھر جو کا م کیا، جیسے ناشتہ کیا، یونیورسٹی جانے کی تیاری کی ، یونیورسٹی گئی۔یونیورسٹی جانے میں ایک گھنٹہ لگا، اگر آپ ہوسٹل میں رہائش پذیر ہیں تو الگ بات ہے۔ اسوقت سے اسوقت تک یونیورسٹی میں رہی۔ پھر گھر واپسی ہوئی۔ اپنے اسباق دہرائے ، نمازیں ادا کیں ، یہ کیا یہ کیا۔ جو بھی آپ نے دن میں کیا ہو وہ ضرور لکھیں۔ اس طرح آپ کو پتہ ہوگا کہ یہ آپ کا روزانہ کا پلان ہے۔ میں نے کتنا وقت اچھے اور تعمیری کاموںمیں صرف کیا اور اتنا وقت میں نے فلمیں دیکھنے میں، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ وغیرہ دیکھنے میں ضائع کیا ہے۔ اس طرح آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ نے کون سی اچھی چیزیں کی ہیں۔ کون سی ایسی چیزیں تھیں جو روزمرہ روٹین میں ضروری نہیں تھیں۔ اور آپ اسکو کس طرح سے manageکر سکتے ہیں۔ اس لیے ایک ہفتے کیلئے آپ کو اپنا پروگرام یا پلان، صبح سے شام تک کا ضرور لکھنا چاہئے۔ آپ کو پتہ لگے گا کہ کون سی تعمیری چیزیں ہیں اور کون سی تخریبی چیزیں ہیں۔ اس طرح آپ سیکھ جائینگے اور آہستہ آہستہ وقت کے بہترین استعمال کا آپ کوپتہ لگ جائے گا۔
ایک ممبر لجنہ نے پوچھا کہ حضور انور طالبات کو احمدیہ مسلم جماعت کی کون سی کتب پڑھنے کی تلقین فرمائینگے۔
حضور انور نے فرمایا کہ آپ کو اسلامی اصول کی فلاسفی پڑھنی چاہئے۔ یہ آپ کو اسلامی تعلیمات سے تفصیلی آگاہی دے گی۔ پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مختلف کتب سےمختلف موضوعات پر بعض اقتباسات کا مجموعہ ہے، جو چند جلدوں میں اکٹھا کیا گیاہے جس کا نام Essence of Islam ہے۔ تو ان کتب کو پڑھیں۔ ہر جلد میں مختلف موضوعات ہیں اور آپ اپنی پسند کا کوئی موضوع لے سکتی ہیں ، اس طرح آپ کا دینی علم حاصل کرنے کا شوق بڑھے گا۔
ایک دوسری ممبر لجنہ نے سوال پوچھا کہ ایک لیڈر میں کون سی خوبیاں ہونی چاہئیں تاکہ وہ دوسروں کیلئے نمونہ بن سکے۔
حضور انور نے فرمایا کہ دیکھیں، اگر آپ کا مطلب ایک سیاسی لیڈر ہے یا آپ کے ملک کا لیڈر ہے تو پھر انہیں امانتدار ہونا چاہئے۔ انہیں لوگوں کی تکلیف کا خیال ہونا چاہئے۔ اور اگر وہ عوام کے پیسوں سے صرف اپنی خواہشات پوری کریں اور اپنے ملک میں اور دیگر ممالک میں بینک بیلنس بڑھائیں تو وہ اچھے لیڈر نہیں ہیں۔ اگر آپ اچھے لیڈر ہیں تو پھر آپ کو پوری طرح امانت دار ہونا چاہئے۔ اور اپنے لوگوں کا خیال رکھنے والا ہو نا چاہئے۔ یہ بہترین صفات ہیں۔ اور انصاف سے بھی کام لیں۔ اس لیے ایک اچھے لیڈر کو امانت دار ہونا چاہئے اور ہر لحاظ سے پوری طرح عدل پر قائم ہونا چاہئے، محنتی ہونا چاہئے، قوم اور وطن کا مخلص ہونا چاہئے۔ یہی خوبیاں ہیں۔ اگر آپ کے لیڈر میں یہ خوبیاں ہیں تو وہ ایک اچھا لیڈر ہے۔ اور اگر نہیں ہیں ، تو میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں احمدیوں کو اچھے لیڈرز کے طور پر سامنے آنا چاہئے تاکہ آپ اپنا ملک بہترین طریقے سے چلا سکیں۔
اگر آپ روحانی لیڈر کی بات کر رہے ہیں تو ایک روحانی لیڈرمیں بھی ایسی ہی خوبیاں ہونی چاہئیں۔ اگر یہ جماعت کے لیڈر کی بات ہے، آپ کے امیر کی بات ہے، آپ کے صدر جماعت کی بات ہے، تو ان میں بھی ایسی ہی خوبیاں ہونی چاہئیں۔
ملاقات کے اختتام پر حضور انور نے فرمایا کہ اب ملاقات کا وقت ختم ہو گیاہے، جن کو سوال پوچھنے کا موقع نہیں ملا، وہ آئندہ پوچھ سکیں گی انشاء اللہ۔ جب بھی ہمیں موقع ملے گا۔ اللہ حافظ۔ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔
(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 12؍اکتوبر 2021)
…٭…٭…٭…