اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-02-08

ایتھنز ، یونان کے چوتھے جلسہ سالانہ منعقدہ 30؍ اپریل 2023ء کے موقع پرسیّدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروزپیغام

میں آپ کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہیں

ایم. ٹی. اے دیکھیں اور باقاعدگی سے میرے خطبات سنیں،ان کو سمجھنے کی کوشش کریں اور جن باتوں کی طرف مَیں راہنمائی کرتا ہوں ان کی پیروی کریں


مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ احمدیہ مسلم جماعت یونان اپنا چوتھا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کیلئے جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں ۔ اور اللہ کرے کہ آپ نیکی اور تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔
یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ یہ جلسہ کوئی عام موقع یا تہوار نہیں ہے بلکہ نہایت ہی اہم اجتماع ہے جس کی بنیاد خود اللہ نے رکھی ہے۔یہ ایک نہایت ہی یکتا تقریب ہے جو ہمیں ایمان اور اسلام کے بارے میں علم حاصل کرنے، ہمارے نبی حضرت محمدﷺ کی سچی تعلیمات اور قرآن کو سمجھنے کے قابل بناتی ہے جنکا احیاء اس زمانے کے مسیح موعودؑ نے کیا۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے سب سے بڑی غرض تو یہ ہےکہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل اور توفیق سےان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا۔ اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوںگے۔‘‘(اشتہار27؍ دسمبر1892ء مجموعہ اشتہارات،جلد 1،صفحہ360،ایڈیشن 2019ء)
اس لیے آپ کو جلسہ کی تمام کارروائی سے مستفید ہونا چاہئے تا کہ آپ سیکھ سکیں کہ کیسےنیکی کے کاموں میں آگے بڑھتے ہوئے اللہ کا قرب کیسے حاصل کرنا ہے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ کی خوشنودی کا حصول ہونا چاہئے جو ہمارا خالق ہے۔
اللہ کے فضل سے آپ حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت کے ممبر ہونے کے لحاظ سے خوش قسمت ہیں۔اس لیے آپ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ آپ نے بیعت کی ہے۔اس لیے آپ کو بیعت کی تمام شرائط پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔بطور احمدی مسلمان آ پ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کے تمام کاموں میں ممتاز روّیہ نظر آئے۔خاص طور پر اللہ کی مخلوق کیلئے رحم،مروت اور خبر گیری۔آپ کو اچھائی،دیانتداری،سچائی،نیکی اور خاص طور پر تقویٰ کی اعلیٰ مثال قائم کرنی چاہئےکیونکہ اس جماعت کو اسلام کے احیاء اور انسانیت کی خدمت کے مقصد کیلئے اللہ نے خود بنایا ہے۔
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں خلافت احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہیں۔ایم ٹی اے دیکھیں اور باقاعدگی سے میرے خطبات سنیں۔ان کو سمجھنے کی کوشش کریں اور جن باتوں کی طرف میں راہنمائی کرتا ہوں ان کی پیروی کریں۔
آج اسلام کی اشاعت اور دنیا میں امن صرف خلافت کے نظام پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ نظام خلافت کو سب سے زیادہ اہمیت دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی مبارک پناہ،راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔
میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔یونان کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا پرامن پیغام پہنچانے کیلئے دانشمندانہ منصوبے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دیں۔
آخر میں جلسہ میں شامل ہونےوالوں کے حق میں حضرت مسیح موعودؑ کی ایک دعا کا ذکر کروں گا۔ آپؑنے یوں دعا فرمائی ہے:
’’میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کیلئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالےٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے…اے خدا اے ذوالمجد والعطاء اور رحیم اور مشکل کشا! یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین‘‘ (اشتہار 7؍ دسمبر1892ء)
اللہ کرے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی دل سے نکلی ہوئی دعائیں ہمیشہ آپ کےساتھ ہوں ۔اللہ کرے آپ کا جلسہ بڑی کامیابی سے ہمکنار ہو۔اور آپ سب میں ایمان اور تقویٰ کا نفوذ ہوجو آپ کو بہترین احمدی مسلمان بنائے تا کہ آپ بہترین روحانی قوت اور طاقت کے ساتھ اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔اللہ آپ سب پر رحم کرے ۔

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 26؍ستمبر2023ء)