اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-01-18

وقف نو قادیان کے25ویں سالانہ اجتماع کے موقع پر سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خصوصی پیغام

واقفاتِ نوکومیری نصیحت ہے کہ اپنی حیا کی حفاظت کریں اور اپنے پردے کا ہمیشہ اہتمام کریں احمدی بچیوں کو پردے کے حوالے سے کسی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے

اگر ہر واقف نو اپنے عہد کو نبھانے والا بن جائے تو یقیناً ایک عظیم الشان انقلاب برپا ہوجائے

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لانے کے بعد ایک احمدی کا سب سے اولین فرض یہ ہے کہ وہ اپنے عہدِ بیعت کو نبھائے

یادرکھیں کہ آپ نے ہمیشہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرنی ہے

قرآن کریم کی تلاوت کی طرف بھی بھرپور توجہ کریں، قرآن کریم کا بغور مطالعہ کریں اور اس کی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کریں

تمام واقفینِ نو اور واقفاتِ نو کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماں باپ کے عہد کی لاج رکھیں

 جو انہوںنے آپ کی پیدائش سے پہلے کیا تھا، دین کو دنیا پر مقدم رکھیں اور اسلام کی خدمت کو زندگی کا مقصد بنائیں

اسلام آباد یوکے
MA 28-10-2023


پیارے واقفینِ نو اور واقفات ِ نو قادیان

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ آپ کو اپنا پچیسواں سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے۔ آمین

مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔ میں اس موقع پر آپ کو چند ضروری نصائح کرنا چاہتا ہوں ۔

جیسا کہ آپ سب واقف ہیں کہ وقفِ نَو وہ سکیم ہے کہ جس کے تحت والدین نے اپنے بچوں اور بچیوں کو ان کی پیدائش سے پہلے ہی خدا کے دین کی خاطر وقف کردیا ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لانے کے بعد ایک احمدی کا سب سے اولین فرض یہ ہے کہ وہ اپنے عہدِ بیعت کو نبھائے ۔ آپ نے تو اپنی زندگیاں خدا تعالیٰ کے حضور وقف کی ہوئی ہیں لہٰذا آپ کا تو یہ بدرجہ اَولیٰ فرض ہے کہ اپنی زندگیوں کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ ا لسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں ۔ یادرکھیں کہ آپ نے ہمیشہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرنی ہے۔ قرآن کریم کی تلاوت کی طرف بھی بھرپور توجہ کریں۔ قرآن کریم کا بغور مطالعہ کریں اور اس کی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
واقفاتِ نوکومیری نصیحت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ مومن عورتوں کو چاہیےکہ اپنی حیا کی حفاظت کریں اور اپنے پردے کا ہمیشہ اہتمام کریں ۔ پس احمدی بچیوں کو پردے کے

حوالے سے کسی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ دنیا میں بہت ساری بیماریاں ہیں اور لوگ دین سے دور جا رہے ہیں۔ آپ کی ذمہ داری ہے کہ خدا تعالیٰ کیلئے کھڑی ہوجائیں۔ ہمیشہ کوشش کریں کہ دنیا داری کی ہر بات کو اپنے ذہن سے ختم کریں اور دنیا کی چکا چوندپر فریفتہ نہ ہو ں بلکہ اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں ۔

جو واقفینِ نو ہیں ان کو میری یہ نصیحت ہے کہ آپ اپنے عقیدے ، اپنے عمل اور اپنے کردار میں بہترین بن کر دکھائیں۔ آپ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگیاں بسر کرنے والے ہوں ۔ آپ ہمیشہ خدا کی محبت کے حصول میں مشغول رہیں کیونکہ اسی طرح آپ اپنے حقِ بیعت کو ادا کر سکتے ہیں۔ آپ کا عہد یہ بھی تقاضاکرتا ہے کہ آپ ہر قربانی کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔ خدا سے ہمیشہ وفا کا تعلق نبھانے والے ہوں ۔ وفا کے مضمون میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے قرآن کریم کی روشنی میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی مثال دی ہے۔ پس آپ کا عہد بھی ایسی ہی وفا کا تقاضا کرتا ہے ۔ آپ نے اپنے آخر سانس تک اس عہد کو نبھاناہے۔ اگر ہر واقف نو اپنے عہد کو نبھانے والا بن جائے تو یقیناً ایک عظیم الشان انقلاب برپا ہوجائے۔

تمام واقفینِ نو اور واقفاتِ نو کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ماں باپ کے عہد کی لاج رکھیں جو انہوںنے آپ کی پیدائش سے پہلے کیا تھا۔ دین کو دنیا پر مقدم رکھیں اور اسلام کی خدمت کو زندگی کا مقصد بنائیں ۔ اللہ کرے کہ آپ اپنی ذمہ داری پورا کرنے والے ہوں اور دنیا میں حقیقی روحانی انقلاب لانے والے ہوں ۔ آمین

والسلام خاکسار
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس