اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-11-23

28ویں سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ وناصرات الاحمدیہ بھارت کے مو قع پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خصوصی پیغام

 

بچوں کی تربیت کی ذمہ داری اللہ اور اس کے رسول نے عورتوں پر ڈالی ہے، اگر ہماری عورتیں خدا سے پیار کرنے والی ہیں ،

ا گر خدا تعالیٰ کا خوف دل میں رکھنے والی ہیں تو ان کو اپنی نسلوں کو سنبھالنے کیلئے اس ماحول میں بڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے

 

چھوٹی عمر سے ہی بچوں کو اسلامی تعلیم اور معاشرے کی برائیوں کے بارے میں بتائیں

 تبھی ہماری نسلیں دین پر قائم رہ سکیں گی اور نام نہاد ترقی یافتہ معاشرے کے زہر سے محفوظ رہ سکیں گی

 

آخرت کیلئے دولت اکٹھی کرو بجائے اس دنیامیں دولت بنانے کے

اگر یہ سوچ پیدا کرلوگے تو یہی مال اور دولت اور بیٹے اور وسیع کاروبار تمہارے لئے ایک بہترین اثاثہ بن جائیں گے


اسلام آباد (یو.کے)
MA 16-10-2023

پیاری ممبرات لجنہ اماء اللہ بھارت
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے اور اس کے نیک نتائج پیدا فرمائے ۔ آمین
مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے ۔ میں اس موقع پر آپ کو تربیت ِ اولاد کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔
بچوں کی تربیت کی ذمہ داری اللہ اور اس کے رسول نے عورتوں پر ڈالی ہے۔ اگر ہماری عورتیں خدا سے پیار کرنے والی ہیں ،ا گر خدا تعالیٰ کا خوف دل میں رکھنے والی ہیں تو ان کو اپنی نسلوں کو سنبھالنے کیلئے اس ماحول میں بڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر احمدی عورت کو اپنے نمونوں کے ساتھ دعاؤں کے ساتھ ایسی عمدہ اور اعلیٰ معیار کی تربیت کی ضرورت ہے کہ کہا جا سکے کہ یہ مائیں تو ایک ایسا وجود ہیں جو اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹ کراپنی اولاد کو ایک قیمتی سرمائے کی صورت میں جماعت کو دے رہی ہیں۔ یہ اولاد یں ، یہ بچے آپ کے پاس جماعت کی امانے ہیں اور ان کی تربیت کی وجہ سے یہ سب بچے خدا تعالیٰ کے پسند یدہ مال بن چکے ہیں۔ یہ لوگ ہیں جن پر اللہ تعالیٰ کے پیار کی نظر ہر آن پڑتی رہتی ہے جو اپنے پاکیزہ ذہن کی وجہ سے دنیا کی گندگیوں کی طرف نظر اٹھاکر بھی نہیں دیکھتے ۔ انہیں ٹی وی اور انٹرنیٹ کے لغو اور بیہودہ اور ننگے اور غلیظ پروگراموں سے کوئی رغبت نہیں ہے ۔ انہیں اگر دلچسپی ہے تو خدا تعالیٰ کے فضل کو تلاش کرنے کی دلچسپی ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآن کریم کی سورۃ الکہف میں فرماتا ہے : اَلْمَالُ وَالْبَنُوْنَ زِيْنَۃُ الْحَيٰوۃِ الدُّنْيَا۝۰ۚ وَالْبٰقِيٰتُ الصّٰلِحٰتُ خَيْرٌ عِنْدَ رَبِّكَ ثَوَابًا وَّخَيْرٌ اَمَلًا اس آیت کا ترجمہ ہے ۔مال اور اولاد دنیا کی زندگی کی زینت ہیں اور باقی رہنے والی نیکیاں تیرے ربّ کے نزدیک ثواب کے طور پر بہتر اور امنگ کے لحاظ سے بہت اچھی ہیں۔
یہاں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ باقی رہنے والی چیز نیکی ہے ، نیک اعمال ہیں ، اللہ تعالیٰ کی خشیت ہے، اس کی عبادت کرنا ہے۔ آخرت کیلئے دولت اکٹھی کرو بجائے اس دنیامیں دولت بنانے کے۔ فرمایا کہ اگر یہ سوچ پیدا کرلوگے تو یہی مال اور دولت اور بیٹے اور وسیع کاروبار تمہارے لئے ایک بہترین اثاثہ بن جائیں گے۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں :
’’اس آیت میں …ثَوَابًا سے مراد خود اس عمل کرنے والے کی ذات کے متعلق بہتر نتائج کا پیدا ہونا ہے اور اَمَلًا سے مراد آئندہ نسل کیلئے بہترین امیدوں کا ہونا ہے۔ مطلب یہ کہ نیک کاموں کا نتیجہ بھی تم کو نیک ملے گا اور تمہاری اولاد کو بھی ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کی یہ سنت ہے کہ وہ نیک کی اولاد کو بھی پہنچاتا ہے ۔‘‘ (تفسیر کبیر ، جلدچہارم، صفحہ457)
پس نیک نمونہ اور نیک نصیحت سے اپنے بچوں کی تربیت پر خاص توجہ دیں ۔ یہ خا ص طور پر ماؤں کا کام ہے کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں کو اسلامی تعلیم اور معاشرے کی برائیوں کے بارے میں بتائیں تبھی ہماری نسلیں  دین پر قائم رہ سکیں گی اور نام نہاد ترقی یافتہ معاشرے کے زہر سے محفوظ رہ سکیں گی۔ آپ اُن کو وقت دیں۔ اُن کی پڑھائی کی طرف توجہ دیں۔ اُن کو جماعت کے ساتھ جوڑنے کی طرف توجہ دیں ۔ اپنے گھروں میں  ایسے ماحول پیدا کریں کہ بچوں کی نیک تربیت ہو رہی ہو۔ بچے معاشرے کا ایک اچھا حصہ بن کر ملک وقوم کی ترقی میں حصہ لینے والے بن سکیں۔
اسلام مخالف قوتیں بڑی شدت سے زور لگارہی ہیں کہ مذہبیتعلیمات اور روایات کو مسلمانوں کے اندر سے ختم کیا جائے لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ اس زمانے میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ کاکام حضرت مسیح مورعود علیہ السلام کی جماعت کے سپرد ہے اور اس کیلئے ہمیں بھر پور کوشش کرنی پڑے گی اور تکلیفیں بھی اٹھانی پڑیں گی۔ ہمیں دعاؤں پر بھی زور دینا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان شیطانی چالوں کا مقابلہ کرنے کی ہمت اور توفیق بھی دے اور ہماری مدد بھی فرمائے۔
میری دعاہے کہ اللہ آپ کو تربیت اولاد کی ذمہ داری احسن رنگ میں نبھانے کی توفیق دے۔ آمین

والسلام خاکسار
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس