اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-10-12

جماعت احمدیہ کوسووو کے 10ویں جلسہ سالانہ کے موقع پر سیّدناحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

جلسہ سالانہ ایک نہایت ہی منفرد تقریب ہے جو ہمیں ایمان اور اسلام کے بارے میں علم حاصل کرنے، ہمارے نبی حضرت محمدﷺ کی سچی تعلیمات اور قرآن کو سمجھنے کے قابل بناتی ہے

آپ کا واحد مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنا ہونا چاہئےجو کہ ہمار خالق ہے، اگر یہ مقصد نہیں ہے تو جلسہ میں آنا عبث اور بے فائدہ ہوگا

آپ کو باقاعدگی کے ساتھ میرے خطبات کو سننا چاہئے،ان کو سمجھنا چاہئے اور میری نصائح اور ہدایات پر عمل پیرا ہونا چاہئے

 

پیارے احباب جماعت احمدیہ کوسووو
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا دسواں جلسہ سالانہ21 و22؍مئی 2023ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسے کو بابرکت اور کامیاب کرے اور جلسے میں شریک تمام احباب بے پناہ روحانی ترقیات حاصل کرنےوالے ہوں اور آپ سب نیکی اور تقویٰ میں بڑھنےوالے ہوں۔
یہ بات یاد رکھیں کہ یہ جلسہ کوئی عام پروگرام یا میلہ نہیں ہے بلکہ نہایت ہی اہم اجتماع ہے جس کی بنیاد خود اللہ تعالیٰ نے رکھی ہے۔ یہ ایک نہایت ہی منفرد تقریب ہے جو ہمیں ایمان اور اسلام کے بارے میں علم حاصل کرنے، ہمارے نبی حضرت محمدﷺ کی سچی تعلیمات اور قرآن کو سمجھنے کے قابل بناتی ہے جن (تعلیمات) کا احیا اس زمانے میں حضرت مسیح موعودؑ نے کیا۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے سب سے بڑی غرض تو یہ ہےکہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل اور توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا۔ اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘ (اشتہار 27 ؍دسمبر 1892ء، مجموعہ اشتہارات،جلد 1،صفحہ360، ایڈیشن 2018ء)
اس لیے آپ کو جلسہ کی کارروائی سے مستفید ہونا چاہئے تا کہ آپ سیکھ سکیں کہ کیسےنیکی کے کاموں میں آگے بڑھتے ہوئے اللہ کا قرب حاصل کرنے کیلئے اپنے روحانی اور اخلاقی معیاروں کو بلند کرنا ہے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنا ہونا چاہئےجو کہ ہمار خالق ہے۔ اگر یہ مقصد نہیں ہے تو جلسہ میں آنا عبث اور بے فائدہ ہوگا۔اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا۔تو اس سے یہی غرض رکھی ہےکہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہےاور وہ تقویٰ اور طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی۔اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘(ملفوظات، جلد7، صفحہ277-278، ایڈیشن 1984ء)
اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ بڑے خوش قسمت ہیں کہ آپ حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت کے ممبر ہیں۔ اس لیے آپ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ آپ نے عہدِ بیعت کیا ہے اور آپ کو اس کی تمام شرائط کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔ بطور احمدی مسلمان آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کے تمام کاموں میں ممتاز رویہ نظر آئے۔ خاص طور پر اللہ تعالیٰ کی مخلوق کیلئے رحم اور مروت کے جذبات ہوں۔ آپ کو اچھائی، دیانتداری، سچائی، نیکی اور خاص طور پر تقویٰ کی اعلیٰ مثال قائم کرنی چاہئے۔ کیونکہ اس جماعت کو اسلام کے احیا اور انسانیت کی خدمت کے مقصد کیلئے اللہ نے خود بنایا ہے۔
اس کے علاوہ آپ کو اپنے ملک کے مثالی اور وفادار شہری ہونا چاہئے اور اپنی قوم کیلئے پیار کا اظہار کرنا چاہئے۔ کیونکہ یہ حضرت محمدﷺ کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ہے کہ اپنے وطن سے محبت ایمان کا اہم حصہ ہے۔میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہیں۔ آج اسلام کا احیا اور دنیا میں امن صرف خلافت کے نظام پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ آپ کو باقاعدگی کے ساتھ میرے خطبات کو سننا چاہئے،ان کو سمجھنا چاہئے اور میری نصائح اور ہدایات پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔
تبلیغ ہر احمدی مسلمان کےلیے ضروری ہے چنانچہ آپ کو اللہ کی مدد اور ہدایت کیلئے خاص طور دعا کرنی چاہئے، بہتر طریق پر منصوبہ بندی کرنی چاہئے اور کوسووو کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا خوبصورت پیغام پہنچانے کیلئے کارگر سکیمیں بنانی چاہئیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک کام میں کامیاب کرے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو کامیاب کرے اور آپ کو تقویٰ کی راہ میں ترقی کرنے کی توفیق دے۔اللہ کرے کہ آپ اسکاقرب حاصل کرنے والے ہوں اور وہ ہمیشہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ اللہ آپ سب پر رحم فرمائے۔

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 13؍جون 2023)