اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-10-05

جماعت احمدیہ سیرالیون کے 58ویں جلسہ سالانہ منعقدہ 10تا 12؍فروری 2023ءکے موقع پر سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی بسیرت افروزپیغام

 

خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں 

ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اسلام کی اشاعت دنیا میں امن کا قیام براہ راست نظام خلافت سے منسلک ہے

اس لئے مَیں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے مضبوط تعلق بنا کے رکھیں اور ہمیشہ اس کے وفا دار رہیں
 
آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتانی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی مبارک پناہ،راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں

مَیں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ MTA دیکھے اور اس سے فائد ہ اٹھائے،آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہئے

 

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ مورخہ10، 11 اور12؍فروری 2023ء کو منعقد کر ہے ہیں۔ اللہ آ پ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کیلئے جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں۔ اور اللہ کرے کہ آپ اچھائی،نیکی اور تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔
یہ بہت اہم ہے کہ آپ جلسہ میں شامل ہونے کا مقصد بھی پورا کریں۔اس بارے میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بِالْمَوَاجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقاتِ اُخوت استحکام پذیر ہوں گے۔…‘‘ (اشتہار 27؍دسمبر 1892ء، مجموعہ اشتہارات، جلد1، صفحہ 360، ایڈیشن 2019ء)
اس لیے جلسہ کا اجتماع دنیاوی فوائد کے حصول کیلئے نہیں ہے۔نہ ہی میلہ ہے۔ بلکہ روحانی ماحول سے حصہ لینے اور اپنے اخلاق میں بہتری پیدا کرنے کا ایک موقع ہے۔حضرت مسیح موعودؑ مزید فرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کیلئے قومیں طیار کی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘ (اشتہار 27؍دسمبر 1892، مجموعہ اشتہارات، جلد 1، صفحہ 361 ایڈیشن2019)
چنانچہ آپ لوگوں کو محض اس بات پر خوش نہیں ہو جانا چاہئے کہ آپ نے مسیح موعودؑ اور مہدیؑ کو قبول کر لیا ہے۔جس کی آمد کے متعلق حضرت محمد ﷺ نے خود آگاہ کیا تھابلکہ آپ کو ہر وقت اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔آپ کو اپنی تمام قابلیتیں اور استعدادیں استعمال کرتے ہوئے اپنا مذہبی علم اور عقائد کے فہم کو بڑھانا چاہئے۔ اور اپنی روحانی حالت کو اس درجہ تک بڑھانا چاہئے جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت سےتوقع کی ہے۔لہٰذا اگر آپ اپنے ذاتی رویے کا خود سے محاسبہ کرتے رہیں اور مزید بہتر احمدی بننے کی مسلسل کوشش کرتے رہیں تو آپ اس جلسہ میں شامل ہونے کے مقصد کو پانے والے ہوں گے۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور درحقیقت دنیا میں امن کا قیام بھی براہ راست نظام خلافت سے منسلک ہے۔اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے مضبوط تعلق بنا کے رکھیں اور ہمیشہ اس کے وفادار رہیں۔آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتانی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی مبارک پناہ،راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ MTA دیکھے اور اس سے فائد ہ اٹھائے۔آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہئے۔درحقیقت MTAآپ کاخلافت سے مستقل رابطہ جوڑ ے رکھتا ہے۔
آپ جانتے ہیں کہ مکرم موسیٰ میوہ صاحب سیرالیون جماعت کی خدمت کیلئے بطور نئےامیر جماعت مقرر ہوئے ہیں۔میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ ان کی عزت کریں،ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ان کا ساتھ دیں تا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرسکیںاورجماعت احمدیہ سیرالیون کے کام اور مشن کو آگے بڑھانے کے مقدس فریضہ کو پورا کرنے والے ہوں۔اللہ ان کی امارت میں جماعت کو غیر معمولی ترقیات سے نوازے۔
میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔آپ کو سیرالیون کے تمام لوگوں تک احمدیت اور اسلام کا خوبصورت اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کیلئے پہلے سے زیادہ دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئے۔اللہ آپ سب کو اس کام کی توفیق دے۔
آخر پر میری اللہ سے دعا ہےکہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے۔اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق، اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 27؍مئی 2023)
…٭…٭…٭…