اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-09-14

لائبیریا کے 19ویں جلسہ سالانہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

جلسہ کا بنیادی مقصد دین اسلام کی ضروری معلومات حاصل کرنا ہے اور یہ کہ احباب جماعت اکٹھے ہو کر اجتماعی طور پر روحانی تربیت اور تعلیم حاصل کرسکیں 

آپ کو اپنے اندر ایک نیک تبدیلی لانی چاہئے ، مستقل مزاجی کے ساتھ پوری کوشش کرنی چاہئے کہ اپنی روحانی حالت کی مسلسل اصلاح کرتے رہیں 

اگر ہم اپنی بیعت میں مخلص ہیں اور ہمارا مقصد دنیا کو بدلنا ہے تو ہمیں روحانی طور پر زندہ ہونا چاہئے اور اپنے اندر نیک خوبیاں پیدا کرنی چاہئیں

میں آپ کو خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت کا بھی احساس دلانا چاہتا ہوں جو بے شمار نعمتوں کا منبع ہے،خلیفۃ المسیح سے آپ کا گہرا اور ذاتی تعلق ہونا چاہئے اور ہمیشہ وفا کا تعلق رکھنا چاہئے، اس ضمن میں مَیں احمدیوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کو کثرت سے دیکھنے کی عادت ڈالیں اور اس سے مستفید ہوں

 

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

2023-01-30

پیارے احباب جماعت احمدیہ لائبیریا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کربہت خوشی ہوئی ہے کہ اللہ کے فضل سے آپ اپنا جلسہ سالانہ مورخہ 10؍11 اور 12 ؍ فروری 2023ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو اعلیٰ کامیابی عطا فرمائے اور تمام شاملین جلسہ کو اس خاص اور بابرکت اجتماع میں شمولیت کی وجہ سے بے شمارنعمتیں حاصل ہوں۔
آپ کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ جلسہ کا بنیادی مقصد ہمارے دین اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن پاک کی تعلیمات کی ضروری معلومات حاصل کرنا ہے اور یہ کہ احباب جماعت اکٹھے ہو کر اجتماعی طور پر روحانی تربیت اور تعلیم حاصل کر سکیں۔ اس طرح ہم نیک کام کرنے میں ترقی کر سکتے ہیں، اپنی اخلاقی حالت کو بہتر بنا سکتے ہیں اور تقویٰ کے اعلیٰ معیار کو حاصل کرسکتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ میں ایسے حقائق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کیلئے ضروری ہیں اور نیز ان دوستوں کیلئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی اور حتی الوسع بَدَرگاہِ اَرحَمُ الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی اُن میں بخشے۔ اور ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہر یک نئے سال میں جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے۔وہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہو کر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور رُوشناسی ہو کر آپس میں رشتہ تَوَدُّد و تعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا اور جو بھائی اس عرصہ میں اس سَرائے فانی سے انتقال کر جائے گا۔ اس جلسہ میں اس کیلئے دعائے مغفرت کی جائے گی اور تمام بھائیوں کو روحانی طور پر ایک کرنے کیلئے ان کی خشکی اور اَجنبیت اور نفاق کو درمیان سے اٹھا دینے کیلئے بدرگاہِ حضرتِ عزَّت جَلَّ شَانُہ کوشش کی جائے گی اور اس روحانی جلسہ میں اور بھی کئی روحانی فوائد اور منافع ہوں گے جو اِن شَاء اللّٰہُ القَدِیر وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے‘‘۔ (آسمانی فیصلہ، صفحہ74)
آپ کو اپنے اندر ایک نیک تبدیلی لانی چاہئے اور نیکی اور تقویٰ میں بڑھنا چاہئے۔ آپ کو صرف اس بات پر ہی خوش نہیں ہونا چاہئے کہ آپ نے مسیح موعود علیہ السلام کو قبول کر لیاہے بلکہ آپ کو اپنی تمام تر قابلیت اورصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی پوری کوشش کرنی چاہئے کہ اپنی روحانی حالت کی مسلسل اصلاح کرتے رہیں اور اپنے طرز عمل اور اخلاق کے معیار کو اس درجہ تک بلند کریں جس کی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اپنی جماعت سے توقع تھی۔
اگر ہم اپنی اصلاح کے خواہشمند ہیں تو ہمیں اس مقصد کو اپنے ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ہم ہر اچھے اور نیک کام کو اپنانے کی کوشش کریں گے اور یہ کہ ہم اپنے آپ کو ہر برائی اور گناہ کے کام سے بچانے کی پوری کوشش کریں گے۔اگر ہم اپنی بیعت میں مخلص ہیں اور ہمارا مقصد دنیا کو بدلنا ہے تو ہمیں روحانی طور پر زندہ ہونا چاہئے اور اپنے اندر نیک خوبیاں پیدا کرنی چاہئیں۔ میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ اپنی پنجگانہ نمازوں کا خیال رکھیں اور اپنی نماز باقاعدگی سے اور با جماعت ادا کریں۔اللہ تعالیٰ کے ساتھ قریبی اور مخلصانہ تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دل میں مسلسل ذکر الٰہی کرتے رہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام اس ضمن میں فرماتے ہیں:’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘ (ملفوظات ،جلد7،صفحہ 277تا278)
آپ کو اپنی بیعت کی تمام شرائط پوری کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اور ان شرائط کو آپ کی زندگی میں آپ کی راہنما کے طور پر کام کرنا چاہئے اور اگر آپ اپنے آپ کو ان کے مطابق چلائیں تو آپ دنیا میں ایک حقیقی اخلاقی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ بیعت کی ہر شرط اپنے اندر حکمت کی ایک نہ ختم ہونے والی ترتیب رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کیلئے ان میں سے ہر ایک پر غور و فکر کرتے رہنا چاہئے۔تب ہی ہم اپنی بیعت کی ذمہ داری پوری کر سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ میں آپ کو خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت کا بھی احساس دلانا چاہتا ہوں جو بے شمار نعمتوں کا منبع ہے۔ خلیفۃ المسیح سے آپ کا گہرا اور ذاتی تعلق ہونا چاہئے اور ہمیشہ وفا کا تعلق رکھنا چاہئے۔ اس ضمن میں میں احمدیوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کو کثرت سے دیکھنے کی عادت ڈالیں اور اس سے مستفید ہوں۔ خاص طور پر میرے خطبات اور مختلف مواقع پر دیے گئے خطابات اور دیگر پروگراموں کو لازمی دیکھیں۔
میں آپ کو آپ کی تبلیغی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلاتا ہوں جو ہر احمدی کا فریضہ ہے۔ آپ کو حکمت کے ساتھ منصوبہ بندی کرتے ہوئے تبلیغ کےپروگرامز کا انعقاد کرنا چاہئے اور لائبیریا کے چاروں اطراف میں اسلام کا پُرامن پیغام پہنچانے کیلئے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک مقصد میں ہر کامیابی عطا کرے۔
آخر میں، میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو نمایاں کامیابی عطا کرے اور آپ کو اپنے ایمان کو مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نیکی، تقویٰ اور طہارت میں بڑھنے،اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

والسلام
خاکسار
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 6؍مئی 2023)