اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-09-07

جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کے جلسہ سالانہ 2023 کیلئے سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خصوصی پیغام

 

آپ کوکو شش کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ، جو ہمارا خالق ہے، آپ کا ذاتی محبت کا تعلق ہو

آپ پانچوں نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کرنے والے ہوں، مزید آپ کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ بنی نوع انسان کے حقوق بھی ادا کریں

 

آپ کو کوشش کرنی چاہئے کہ آپ کا خلیفۃ المسیح کے ساتھ مضبوط تعلق ہو اور ہر حالت میں سچی وفاداری کا مظاہرہ کریں

یاد رکھیں کہ اسلام کا مستقبل اور امن عالم کا قیام صرف اور صرف خلافت احمدیہ کے ساتھ وابستہ ہے، اس حوالہ سے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کے

زیادہ سے زیادہ ایم ٹی اے دیکھا کریں اور اس سے فائدہ اٹھائیں، بالخصوص میرے خطبات جمعہ اور خطابات جو مختلف مواقع پر میں کرتا ہوں ان کو باقاعدگی سے سناکریں

 

پیارے احباب جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بے حد خوشی ہے کہ آپ کو اپنا سالانہ جلسہ مورخہ 20 اور 21 جنوری 2023ء کو منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت بابرکت اور کامیاب فرمائے اور اس کے جملہ شاملین بے انتہا روحانی فوائد اور فضلوں کو حاصل کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مختلف مواقع پر جلسہ سالانہ کے مقاصد کی وضاحت فرمائی ہے۔ یہ مقاصد کچھ یوں ہیں کہ آپ کے ماننے والے تقویٰ، نیکی اور پرہیز گاری اختیار کریں، ان میں خدا خوفی پیدا ہو، ایک دوسرے سے پیار اور محبت ان کے دلوں میں پروان چڑھے اور وہ خدا تعالیٰ کی تمام مخلوق سے ہمدردی کا سلوک کرنے والے ہوں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے ماننے والوں کو مزید یہ ہدایت بھی فرمائی کہ وہ عاجزی اختیار کریں اور اسلام کے سچے اور پرامن پیغام کو ہر اس ملک میں پھیلائیں جس میں وہ سکونت رکھتے ہوں۔
چنانچہ آپؑاس حوالہ سے فرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمۂ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کیلئے قومیں تیار کی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘ (اشتہار 27؍دسمبر 1892ء، مجموعہ اشتہارات، جلد 1،صفحہ 341تا 342)
آپ کوکو شش کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ، جو ہمارا خالق ہے، آپ کا ذاتی محبت کا تعلق ہو۔ آپ پانچوں نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کرنے والے ہوں۔ مزید آپ کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ بنی نوع انسان کے حقوق بھی ادا کریں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’اُس کے بندوں پررحم کرواور ان پر زبان یا ہاتھ یاکسی تدبیر سے ظلم نہ کرو اور مخلوق کی بھلائی کیلئے کوشش کرتے رہو اور کسی پر تکبر نہ کرو گو اپنا ماتحت ہو اور کسی کو گالی مت دو گو وہ گالی دیتا ہو، غریب اور حلیم اور نیک نیت اور مخلوق کے ہمدرد بن جاؤ تا قبول کئے جاؤ۔‘‘ (کشتی نوح، روحانی خزائن، جلد19، صفحہ 11-12)
آپ کو ہمیشہ کوشش کرنی چاہئے کہ آپ بیعت کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے والے ہوں اور ہمیشہ اس کوشش میں لگے رہیں کہ اپنی روحانیت کے معیار کو اس درجہ تک لے جائیں جس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے جماعت میں شامل لوگوں سے کی ہے۔ پس آپ اسی وقت اس جلسہ میں شمولیت کے مقصد کو پاسکتے ہیں جب آپ مسلسل اپنے ذاتی کردار اور اطوار کا محاسبہ کرتے رہیں اور ایک مثالی احمدی بننے کی کوشش کریں۔
میں آپ کو اللہ تعالی کی طرف سے جاری کردہ خلافت کے نظام کی اہمیت کے متعلق بھی یاددہانی کروانا چاہتا ہوں جس کی بدولت ہم اللہ تعالی کی بے شمار برکات کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ آپ کو کوشش کرنی چاہئے کہ آپ کا خلیفۃ المسیح کے ساتھ مضبوط تعلق ہو اور ہر حالت میں سچی وفاداری کا مظاہرہ کریں۔ یاد رکھیں کہ اسلام کا مستقبل اور امن عالم کا قیام صرف اور صرف خلافت احمدیہ کے ساتھ وابستہ ہے۔ اس حوالہ سے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کے زیادہ سے زیادہ ایم ٹی اے دیکھا کریں اور اس سے فائدہ اٹھائیں، بالخصوص میرے خطبات جمعہ اور خطابات جو مختلف مواقع پر میں کرتا ہوں ان کو باقاعدگی سے سناکریں۔
تبلیغ کے حوالہ سے بھی اپنی ذمہ داری کو کبھی نہ بھولیں جو کہ جماعت کے ہر فرد کیلئے بہت اہم ہے۔ اس لئے حکمت کے ساتھ اسلام احمدیت کے خوبصورت پیغام کو موثر رنگ میں پورے نیوزی لینڈ میں پھیلانے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔
اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت بابرکت اور کامیاب فرمائے اور آپ سب کو تقویٰ اور روحانیت میں بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ اللہ تعالیٰ سے مزید قرب کا تعلق قائم کرنے والے ہوں اور وہ آپ کو اپنے اندر حقیقی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے تا کہ آپ نیکی اور ر ہیز گاری نیز اسلام اور انسانیت کی خدمت میں مزید ترقی کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنا فضل فرمائے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء‘‘

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 11؍اپریل 2023)