اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش 2022ء کے موقع پر

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

خلافت کے ذریعہ اسلام احمدیت کی تعلیم اپنی پوری قوت کے ساتھ دنیا میں پھیلائی جا رہی ہے

خلافت احمدیہ سے کامل وفا اور تعلق ہمارے ایمان میں ترقی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے

ہمیں اپنی تمام تر کوششیں اس نظام خلافت کیلئے وقف کردینی چاہئیں

اس کے بابرکت سائے تلے ایک ایسی فضا قائم کرنی چاہئے جس میں اتحاد ، باہمی تعلقات کا فروغ اور بھائی چارہ نظر آئے

ہر خادم کو اپنے پر یہ لازم کرلینا چاہئے کہ باقاعدہ خطبہ جمعہ کو سنے اور اس میں دی گئی نصائح پر عمل کرے

سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش 2022ء کے موقع پر سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

 


نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر

اسلام آباد (یو.کے)
2022-جولائی-30

پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آپ کے صدر صاحب نے درخواست کی تھی کہ 50ویں سالانہ نیشنل اجتماع کے مبارک موقع پر آپ کو کوئی پیغام تحریر کر کے بھجواؤں۔
اس بابرکت موقع پر میرا پیغام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضورﷺ کی پیشگوئی کے عین مطابق اس دور میں حضرت مسیح موعودؑ کو بھیجا تاکہ اسلام کی حقیقی روح کو جو انسان کے بنائے ہوئے قانون، جھوٹے اعتقادات، بدعتوں اور توہموں کی نظر ہوچکی تھی اس کو دوبارہ زندہ کیا جائے۔ حضرت مسیح موعودؑ نے بنی نوع انسان کے سامنے اسلام کے حقیقی پیغام کو پیش کیا اور ان سب کو جو سچی راہ کے متلاشی تھے صحیح سمت میں ہدایت کی روشنی سے منور کیا۔
آپؑکی وفات کے بعد خلافت کا بابرکت نظام اسی عظیم مقصد کیلئے قائم ہوا۔ خلافت احمدیہ کے ذریعہ اسلام احمدیت کی تعلیم اپنی پوری قوت کے ساتھ دنیا میں پھیلائی جا رہی ہے اور وہی ہدایت جوحضرت مسیح موعودؑ لے کر آئے آج دنیا کے کناروں تک پہنچ رہی ہے۔ پس آپ کے کندھوں پر بطور ممبران مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش ایک عظیم ذمہ داری ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام لے کر اور آپؑکی حقیقی اسلامی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک در ملک اس پیغام کو پہنچائیں۔ اور یہ تبھی ہو سکتا ہے جب آپ روحانی و اخلاقی ترقیات کے اعلیٰ معیار حاصل کرنے والے ہوں گے جیسا کہ قرآن مجید اور حضورﷺ کا نمونہ ہمیں سکھاتا ہے۔
اصلاح نفس احمدیت کو پھیلانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اسلام نے ہر مشکل کا ایک روحانی حل پیش کیا ہے اور اصلاح نفس کے گر بتائے ہیں۔ روزانہ کی نماز کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا، قرآن کریم کی تلاوت کرنا اور اس کے ہر ایک حکم پر عمل کرنا اصلاح نفس کیلئے اور دل میں تغیر پیدا کرنے کیلئے سب سے مفید طریق ہیںبلکہ یہ ہمارے دین کا اہم ترین حصہ ہے جسےہر احمدی کو احسن رنگ میں ادا کرنا چاہئے۔
مزید یہ کہ خلافت احمدیہ سے کامل وفا اور تعلق ہمارے ایمان میں ترقی کیلئے انفرادی حیثیت سے بھی اور اجتماعی حیثیت سے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پس نہ صرف ہمیں اپنی تما م تر کوششیں اس نظام خلافت کیلئے وقف کر دینی چاہئیں بلکہ اس کے بابرکت سائے تلے ایک ایسی فضا بھی قائم کرنی چاہئے جس میں اتحاد، باہمی تعلقات کا فروغ اور بھائی چارہ نظر آئے۔
ہر خادم کو اپنے پر یہ لازم کرلینا چاہئے کہ باقاعدہ خطبہ جمعہ کو سنے اور اس میں دی گئی نصائح پر عمل کرے کیونکہ یہ خطبات ہماری روحانی ترقی کا سر چشمہ ہیں جو دینی لحاظ سے ہماری روحانی اور اخلاقی نشو نما کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے سے مضبوط دوستی کا تعلق قائم کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ پیار و محبت سے رہیں۔ خدا کی عطا کردہ خلافت کے سائے تلے ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ محض خدا کی محبت کے حصول اور اس کی رضا کی خاطر ہم انسانیت کی خدمت کریں۔
مجھے امید ہے کہ میرا یہ پیغام آپ کے ایمان میں ترقی کا باعث ہوگا اور اسلام احمدیت کا یہ پیغام نہ صرف آپ کے ملک کے نوجوانوں تک پہنچے گا بلکہ باقی سوسائٹی میں بھی پھیلتا چلا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے تمام پروگرامز اور مصروفیات سے آپ فائدہ اٹھانے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہو اور آپ کو اپنی محبت کی آغوش میں رکھے۔آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 15؍نومبر2022)