اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-08-17

اجتماع مجلس انصار اللہ ہالینڈ 2022ءکے موقع پر

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےبصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

آپ کے اجتماع کا موضوع ’’مالی قربانی -ماڈل وِلیج ‘‘مناسب نہیں یہ ایک محدود موضوع ہے

آپ کے اجتماع کا موضوع ’’خدمت خلق‘‘ہونا چاہئے جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ’’مرا مقصود ومطلوب وتمناخدمت خلق است‘‘

تمام مذاہب ،فرقے ، رنگ و نسل اور قومیت کے لوگوں کی خدمت کرنا جماعت کے اوّلین مقاصد میں سے ہے

ہر ناصر کو چاہئے کہ سچے جذبے کے ساتھ بنی نوع انسان کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائے

اُنہیں تمام لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے

انہیں غریبوں کی امداد کیلئے خرچ کرنا چاہئےاور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے

انہیں چاہئے کہ وہ نیک نیتی اور خلوص نیت سے مسکینوں ، یتیموں اور بیوہ عورتوں کی خدمت کیلئے کوشش کریں 

اجتماع مجلس انصار اللہ ہالینڈ 2022ءکے موقع پر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےبصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

 

مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ دی نیدرلینڈز

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے آپ کا خط موصول ہوا ہے جس میں ’’مالی قربانی: ماڈل ولیج‘‘ کے موضوع پر 26سے 28؍اگست 2022ء تک آپ کے نیشنل اجتماع کے انعقاد کیلئے راہنمائی کی درخواست کی گئی ہے۔ میں آپ کی نیشنل اجتماع کے انعقاد کی درخواست کو منظور کرتا ہوں، تاہم آپ کے اجتماع کا موضوع ’’مالی قربانی: ماڈل ولیج‘‘ مناسب نہیں ہے اور مالی قربانیوں کے وسیع تر معنوں کے اعتبار سے بہت محدود موضوع ہے۔ ایسے پراجیکٹس سے متعلق بہت سا کام Humanity First اور IAAAE کے ذریعہ ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کے اجتماع کا عنوان ’’خدمت خلق‘‘ میں تبدیل ہو نا چاہئے۔جیساکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا: ’’مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمتِ خلق است‘‘ مزید برآں، جیسا کہ گزارش کی گئی ہے، اس پُرمسرت موقع پر مجلس انصار اللہ نیدرلینڈز کے ممبران کیلئے میرا پیغام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت سے ہمارے لیے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو زندہ کیا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے وضاحت فرمائی ہے کہ آپ کی آمد کا اہم اور بنیادی مقصد انسان کے اندر خلوص ِنیّت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ حقوق اللہ اور اس کی مخلوق کے حقوق کی ادائیگی کیلئے پوری کوشش کرے۔ ’’خدمتِ خلق‘‘ جو کہ بنی نوع انسان کیلئے ایک جامع روحانی اور جسمانی خدمت ہے ہمارے دین کا ایک بنیادی پہلو ہے۔ تمام مذاہب، فرقے، رنگ و نسل اور قومیت کے لوگوں کی خدمت کرنا جماعت اور مجلس انصار اللہ کے اوّلین مقاصد میں سے ہے۔ تمام ممبران کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان خدمات میں حصہ لیں اور اس سلسلے میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔ محبت، امن اور رحم کا مقدس پیغام، جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بنی نوع انسان کو دیا اور عمل کرنے کیلئے ہمارے لیے چھوڑا، ہمارے لیے ایک خوشگوار تبدیلی کا ذریعہ بن گیا ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد مشاہدہ کرنا چاہئے اور یہ دیکھنا چاہئے کہ آج مسلمان اسلام پر کس طرح عمل پیرا ہیں۔ اس پر غور کرنا لامحالہ سراسر مایوسی کے احساس کا باعث بنے گا۔ مسلمان صحیح راستہ سے بھٹک چکے ہیں۔ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کیلئے اللہ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا تھا۔ تاہم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی آمد سے اسلام کے ان بنیادی اور اہم اصولوں کو از سر نو زندہ کر دیا گیا ہے۔ لہٰذا یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم اس مقصد کو سمجھیں اور پھر اپنی صلاحیتوں کے مطابق اسے پورا کرنے کی کوشش کریں۔ ہر ناصر کو چاہئے کہ وہ اپنے قول سے ہی نہیں بلکہ اپنے عمل کے ذریعے اور سچے جذبے کے ساتھ بنی نوع انسان کی خدمت کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کو پوری دنیا میں پھیلانا اپنی اولین ترجیح بنائے۔ اُنہیں ضرورت مند لوگوں کی خدمت کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اُنہیں تمام لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اُنہیں غریبوں کی امداد کیلئے خرچ کرنا چاہئے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہیں چاہئے کہ وہ نیک نیتی اور خلوص نیت سے مسکینوں، یتیموں اور بیوہ عورتوں کی خدمت کیلئے کوشش کریں اور انسانیت کی بہتری کیلئے ہمیشہ تہ دل سے کوشاں رہیں۔ یہ کوشش نہ صرف آپ کے اپنے ایمان کو مضبوط کرے گی بلکہ آپ کو دوسرے مذاہب کے لوگوں تک پہنچنے کے قابل بنائے گی، جو اسلام کی خوبصورت تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ ایسے اعمال و افعال آپ کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ایک حقیقی انصار بنا ئیں گے اور آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو سکیں گے۔
اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے برکت عطا فرمائے تاکہ آپ اس کے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں۔ آمین۔ والسلام خاکسار

مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 6؍دسمبر2022)