اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-11-05

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع سالانہ نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ بھارت2026ء

عزیز ممبرات لجنہ اماء اللہ بھارت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمدللہ کہ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے۔ آمین

اس موقع پر میں آپ کو چند ضروری نصائح کرنا چاہتا ہوں۔

آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت کرنے کی توفیق ملی ہے۔ بیعت کا مطلب بیچ دینا ہے۔ جب آپ نے اپنے آپ کو زمانے کے امام کے ہاتھ بیچ دیا ہے تو پھر اپنے تمام جذبات اور خیالات کو اس شخص کے تابع کریں جس نے آپ کو خدا کے حضور پیش کرنے کے لئے خریدا ہے۔ ( باقی صفحہ نمبر7 پر)

بقیہ از صفحہ نمبر 2: پس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں شامل ہو کر وہ تحفہ نہیں جو خدا تعالیٰ کو پیش کرنے کے لائق ہو۔ آپ کو اپنے نفس کی قربانیاں دینی ہوں گی، اپنی عبادتوں کے معیار بڑھانے ہوں گے اور تمام وہ اعمال بجالانے ہوں گے جن کے کرنے کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے۔

ہر احمدی عورت اور بچی کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کے اعمال صرف اس پر ہی اثر انداز نہیں ہو رہے بلکہ آئندہ نسلوں کی اٹھان بھی ان کے عمل کے زیر اثر ہو رہی ہے۔ پس ہمیشہ یاد رکھیں کہ کسی بھی قوم میں عورت کا کردار قوم کو بنانے میں انتہائی اہم ہے۔ اگر آپ اپنی ذمہ داریاں سمجھنے والیاں ہوں گی تو اپنی اولادوں کی صحیح نگرانی کریں گی اور اس کے لئے آپ نے اپنے پاک نمونے قائم کرنے ہیں۔ بعض ماں باپ اس بات کو معمولی سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ نمازیں نہ پڑھیں تو کیا فرق پڑتا ہے۔ قرآن نہ پڑھایا تو کیا فرق پڑتا ہے۔ جماعتی کارکنان اور عہدیداران کے متعلق گھر میں بیٹھ کر بچوں کے سامنے باتیں کر لیں تو کیا فرق پڑتا ہے۔ رشتوں کے تقدس کا خیال نہ رکھا تو کیا فرق پڑتا ہے حالانکہ یہی باتیں بچوں کے ذہنوں سے رشتے داروں اور جماعتی خدمتگاروں کا احترام ختم کر دیتی ہیں۔ یہی باتیں ہیں جو نمازوں اور قرآن پر توجہ میں کمی پیدا کرتی ہیں اور پھر بچوں کو بے دین بنا دیتی ہیں۔

تربیت کے لئے بچوں کی ابتدائی زندگی میں ماؤں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ بچے کو بچپن سے لاڈ پیار میں بگاڑنا نہیں چاہيے۔ اس وقت اس کے دل میں نظام جماعت کی محبت اور خدا تعالیٰ کی محبت ڈالنی چاہیے. اس وقت اپنے عمل سے اور دعاؤں سے اللہ تعالیٰ کی مدد مانگتے ہوئے بچے کی تربیت پر بہت زور دینا چاہیے.

یادرکھیں مائیں ہی ہیں جو بچوں کی قسمت بدلا کرتی ہیں بلکہ بچوں کے زیر اثر دوسروں کی قسمت بھی بدل جاتی ہے. عورت ہی ہے جو ولی اللہ بھی پیدا کرتی ہے اور ڈاکو بھی پیدا کرتی ہے. دیکھیں وہ ماں ہی تھی جس نے اپنے معصوم بچے کو سفر پر بھیجتے ہوئے یہ نصیحت کی تھی کہ بچے جو چاہے حالات گزر جائیں جھوٹ نہ بولنا. جب ڈاکو نے بچے کو گھیر اور اس سے پوچھا تمہارے پاس کیا ہے تو اس نے صاف صاف بتا دیا کہ اتنی اشرفیاں میری قمیض کے اندر سلی ہوئی ہیں. ڈاکوؤں کے سردار نے کہا تم ہم سے چھپا سکتے تھے کیونکہ ہم تمہیں بچہ سمجھ کر یہ توقع نہیں رکھتے تھے کہ تمہارے پاس بھی کچھ ہو گا. لیکن بچے نے اُس نیک ماں کی تربیت کی وجہ سے کیا خوبصورت جواب دیا کہ میری ماں نے کہا تھا کہ بچے کبھی جھوٹ نہ بولنا، اگر آج پہلے امتحان پر ہی میں جھوٹ بولنے والا بن گیا تو میری ماں نے جو مجھ پر محنت کی ہے اسے ضائع کرنے والا بنوں گا. یہ سن کر ڈاکوؤں کا سر داردھاڑیں مار مار کر رونے لگا اور توبہ کر کے اللہ کے عبادت گزاروں میں بن گیا۔

پس نیک تربیت اور نیک نمونہ دونوں ضروری ہیں. جب یہ دونوں ہوں گے تو آپ اپنی عاقبت بھی سنوارنے والی ہوں گی اور آپ کی اولاد بھی آپ کے لئے قرۃ العین ہوگی. اللہ تعالیٰ آپ کو میری ان نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭٭٭