اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-11-05

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع سالانہ نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بھارت2026ء

پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ بھارت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو "ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے" کے موضوع پر اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

میں اس موقع پر اس بارے میں چند ضروری باتیں بیان کرنا چاہتا ہوں۔

یہ زمانہ جو دنیا کو اللہ تعالیٰ سے دور لے گیا ہے اس وقت میں ہر احمدی کا یہ کام ہے کہ تعلق باللہ اور اللہ تعالیٰ کی معرفت کو حاصل کرنے کی کوشش کرے اور ہر چڑھنے والا دن اس معرفت میں ترقی کرنے والا ہو۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام اللہ تعالیٰ کی محبت میں ڈوبے ہوئے تھے۔ آپ کو کس قدر تڑپ تھی کہ اللہ تعالیٰ سے عشق و محبت کی یہ چنگاری دوسروں کے دلوں میں بھی پیدا ہو جائے۔ اس بارے میں آپ فرماتے ہیں:

"کیا بدبخت وہ انسان ہے جس کو اب تک یہ پتہ نہیں کہ اُس کا ایک خدا ہے جو ہر ایک چیز پر قادر ہے۔ ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے۔ ہماری اعلیٰ لذات ہمارے خدا میں ہیں کیونکہ ہم نے اِس کو دیکھا اور ہر ایک خوبصورتی اُس میں پائی۔ یہ دولت لینے کے لائق ہے اگرچہ جان دینے سے ملے اور یہ لعل خریدنے کے لائق ہے اگرچہ تمام وجود کھونے سے حاصل ہو۔ اے محرومو! اِس چشمہ کی طرف دوڑو کہ وہ تمہیں سیراب کرے گا۔ یہ زندگی کا چشمہ ہے جو تمہیں بچائے گا۔ میں کیا کروں اور کس طرح اِس خوشخبری کو دلوں میں بٹھادوں۔ کس دف سے میں باز اروں میں منادی کروں کہ تمہارا یہ خدا ہے تالوگ سن لیں۔ اور کس دوا سے میں علاج کروں تاسنے کے لئے لوگوں کے کان کھلیں"۔ (کشتی نوح۔ روحانی خزائن جلد 19 صفحہ 21-22)

ان الفاظ کی تہ میں کس قدر درد ہے۔ ان کی گہرائی میں ہر ایک اپنے فہم اور ادراک کے لحاظ سے جا سکتا ہے لیکن جس حد تک بھی کوئی اپنی استعداد کے مطابق پہنچے گا روحانیت میں غیر معمولی بلندی اور غیر معمولی ترقی حاصل کرنے والا ہوگا

ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں زمانے کے امام کو ماننے کی توفیق دی جن کی آمد کا مقصد اپنے متبعین کے تقویٰ کے معیار کو بلند کرنا، انہیں ایک خدا کی حقیقی پہچان کروا کر اس کے سامنے جھکنے والا، اس کی عبادت کرنے والا اور اس کے حکموں پر عمل کرنے والا بنانا تھا

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی تعلیمات میں اپنی پیاری جماعت کو نماز، روزہ کی پابندی کرنے اور تمام اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہونے کی بار بار نصیحت فرمائی ہے کیونکہ یہی وہ ذرائع ہیں جن سے انسان کو خدا تعالیٰ کی رضا اور اس کا قرب نصیب ہوتا ہے اور جس مومن کو خدا مل جائے اس نے اپنی زندگی کے مقصد کو پا لیا۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام ایک موقع پر فرماتے ہیں:

"اعلیٰ درجہ کی خوشی خدا میں ملتی ہے۔ جس سے پرے کوئی خوشی نہیں ہے۔ جنت پوشیدہ کو کہتے ہیں اور جنت کو جنت اس لیے کہتے ہیں کہ وہ نعمتوں سے ڈھکی ہوئی ہے۔ اصل جنت خدا ہے۔ جس کی طرف تردد منسوب ہی نہیں ہوتا۔ اس لیے بہشت کے اعظم ترین انعامات میں رِضْوَانٌ مِّنَ اللّٰهِ أَكْبَرُ (التوبة: ٧٢) ہی رکھا ہے۔ انسان انسان کی حیثیت سے کسی نہ کسی دکھ اور تردد میں ہوتا ہے مگر جس قدر قرب الہیٰ حاصل کرتا جاتا ہے اور تَخَلَّقُوا بِأَخْلَاقِ اللهِ سے رنگین ہوتا جاتا ہے اسی قدر اصل سکھ اور آرام پاتا ہے۔ جس قدر قرب الہیٰ ہوگا لازمی طور پر اسی قدر خدا کی نعمتوں سے حصہ لے گا۔" (ملفوظات جلد دوم صفحہ 21 تا 22)

پس آپ سب کو خدا تعالیٰ سے قرب اور تعلق میں بڑھنے کی ضرورت ہےدنیا کو پیچھے دھکیلیں اور خدا تعالیٰ سے قرب میں بڑھتے چلے جائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطا فرمائے کہ آپ خالص ہو کر اس کی طرف جھکنے والے اور اس سے محبت کرنے والے ہوں۔ آمین۔