پیارے احباب جماعت احمدیہ سیرالیون،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ساٹھواں ڈائمنڈ جوبلی جلسہ سالانہ مورخہ14,15 اور 16؍ فروری2025ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے، آپ سب بے انتہا فضلوں کے وارث بنیں اور ہمارے مذہب یعنی اسلام اور ہمارے پیارے نبی کریم محمد ﷺ کی دی ہوئی تعلیمات اور ہدایات کے متعلق علم و فہم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔
یاد رکھیں کہ یہ کوئی عام دنیاوی تہوار یا میلہ نہیں ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اُٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘
(مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ ۳۴۰، ایڈیشن ۱۹۸۹ء)
تو آپ کو اس منفرد قسم کی تقریب کے مقدس ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنے تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے کی ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہیے اور اپنے اندر اللہ کا حقیقی خوف پیدا کریں۔ اپنے اندرون کو بہتر کرنے کی کوشش کریں اور اپنی اخلاقی حالت کو پاک کریں تاکہ آپ ان بلند معیاروں کو پاسکیں جن کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔
یقیناً یہ جلسہ آپ کے دلوں میں نرمی، شفقت اور عاجزی پیدا کرنے والا ہونا چاہیے۔ یہ جماعت کے اندر پیار اور بھائی چارے کے رشتوں کو بڑھانے کا ذریعہ ہونا چاہیے اور آپ کو اس قابل بنانے والا ہونا چاہیے کہ آپ نہ صرف ایک دوسرے کا خیال رکھیں بلکہ ایک بڑے پیمانے پر دوسرے ضرورت مند لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بہترین مثال قائم کریں۔ آپ کو اپنے روزمرہ کے طرز عمل اور سلوک میں عاجزی اور نرمی پیدا کرنی چاہیے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ کو اسلام کی خدمت کے لیے جوش و جذبہ پیدا کرنا چاہیے اور آپ کا حتمی مقصد ہمارے خالق، اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک زندہ اور ذاتی تعلق قائم کرنا ہونا چاہیے۔
لہٰذا اپنی پنج وقتہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دلوں میں اللہ کا ذکر ہمیشہ رکھیں۔
تمام شرائط بیعت پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ بیعت کی ہر ایک شرط اپنے اندر بےانتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک پر غور و فکر جاری رکھنا چاہیے۔ یقیناً یہ شرائط آپ کی زندگی میں بطور مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر اپنے آپ کو ان کے مطابق چلائیں گے، خود احتسابی سے کام لیں گے اور اپنے روزمرہ کے کاموں اور اعمال کا جائزہ لیں گے تو آپ نہ صرف بہتر احمدی مسلمان بنیں گے بلکہ دوسروں کے لیے تقویٰ اور راستبازی کی ایک عمدہ مثال قائم کریں گے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے توقعات کے حوالے سے فرمایا ہے: ’’اسلامی کاموں کے انجام دینے کے لئے عاشق زار کی طرح فدا ہونے کو تیار ہوں اور تمام تر کوشش اس بات کے لئے کریں کہ ان کی عام برکات دنیا میں پھیلیں۔ اور محبت الٰہی اور ہمدردی بندگان خدا کا پاک چشمہ ہر یک دل سے نکل کر اور ایک جگہ اکٹھا ہوکر ایک دریا کی صورت میں بہتا ہوا نظر آوے… خدا تعالیٰ نے اس گروہ کو اپنا جلال ظاہر کرنے کے لئے اور اپنی قدرت دکھانے کے لئے پیدا کرنا اور پھر ترقی دینا چاہا ہے تا دنیا میں محبتِ الٰہی اور توبہ نصوح اور پاکیزگی اور حقیقی نیکی اور امن اور صلاحیت اور بنی نوع کی ہمدردی کو پھیلا دے۔‘‘
(مجموعہ اشتہارات جلد۱صفحہ ۱۹۷-۱۹۸، ایڈیشن اول)
میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور خلیفۃ المسیح سے ایک مضبوط تعلق قائم کریں۔ آپ کو ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھنا چاہیے اور اپنی فیملی اور خاص طور پر بچوں کو بھی اس کی تلقین کریں۔ بالخصوص آپ کو میرے خطبات جمعہ کو اور دیگر تقریبات اور مواقع پر دیے گئے میرے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔ اس سے آپ کا خلافت کے ساتھ مستقل تعلق قائم رہے گااور آپ کے ایمان کو مضبوطی اور تقویت بخشے گا۔
میں آپ کو ایک بار پھر تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتا ہوں جو کہ ہر احمدی مسلمان کا فرض اور ذمہ داری ہے۔ لہٰذا آپ کو چاہیے کہ اسلام احمدیت کے پرامن پیغام کو سیرالیون کے تمام لوگوں تک پہنچانے کے لیے حکمت سے منصوبہ بندی کریں اور موثر پروگرام ترتیب دیں۔
آخر میں مَیں آپ سب سے کہتا ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ آگے بڑھیں اور پختہ عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ عہد کریں کہ آپ ہمیشہ اپنی زندگیوں میں تمام خالص تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں گے تاکہ آپ شرائط بیعت کی ہر شرط پر قائم رہ سکیں اور اسے پورا کرسکیں جس کا آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے وعدہ کیا ہے۔ ان شاء اللہ اگر آپ ایسا کریں گے تو دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس ہدایت پر بہترین انداز میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 28 مئی 2025ء)