اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-11-20

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا 35 ویں جلسہ سالانہ یوگینڈا 2025ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

پیارے احباب جماعت احمدیہ یوگنڈا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ اپنا 35 واں جلسہ سالانہ10،11 اور 12؍ جنوری2025ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور سب شاملین جلسہ غیر معمولی برکات حاصل کریںاور آپ سب اسلام اور ہمارے پیارے نبی ﷺ کی تعلیمات کے متعلق اپنا علم و فہم بڑھانے والے ہوں۔
یادرکھیں کہ یہ کوئی معمولی دنیاوی تقریب یا تہوار نہیں ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیںکہ اس جلسے کا بڑا مقصد یہ ہے کہ جماعت کے مخلص افراد دینی استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ علم حاصل کریں اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو آگے بڑھائیں۔ ایک فائدہ یہ ہے کہ مختلف دوستوں سے ملنے سے بھائی چارے کا دائرہ وسیع ہوگا اور ان کے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ (ماخوذ از آسمانی فیصلہ)
اس لیے آپ کو اس جلسہ کے مقدس ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے اور تقویٰ یعنی راستبازی کے اپنے معیار کو بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں اور اپنے اندر حقیقی خشیت اللہ پیدا کریں۔ آپ کو اپنی تمام تر استعدادوں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے نفس کو بہتر بنانے اور اپنی اخلاقی حالت کو پاک کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ آپ ان اعلیٰ معیاروں کو حاصل کرسکیں جن کی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اپنی جماعت کے ممبران سے توقع رکھتے تھے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دس شرائط بیعت مقرر کی ہیں۔ یہ شرائط آپ کی زندگیوں میں مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ ان کے مطابق اپنی زندگی گزاریں گے تو آپ دنیا میں ایک عظیم روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ہر ایک شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر غور کرتے رہنا چاہیے۔ ہم بیعت کے تقاضوں کو صرف تب ہی پورا کرسکتے ہیں اگر ہم خود احتسابی کریں اور مستقل طور پر اپنے اعمال کے جائزے لیتے رہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اس حوالے سے فرماتے ہیں: ’’بیعت اگر دل سے نہیں تو کوئی نتیجہ اس کا نہیں میری بیعت سے خدا دل کا اقرار چاہتا ہے پس جو سچے دل سے مجھے قبول کرتا اوراپنے گناہوںسے سچی توبہ کرتاہے، غفور و رحیم خدا اُس کے گناہوں کو ضرور بخش دیتا ہے اور وہ ایسا ہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے نکلا ہے۔ تب فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔‘‘
(ملفوظات جلد ۳ صفحہ ۶۲۔ ایڈیشن۲۰۲۲ء)
یہ بھی یاد رکھیں کہ خلافتِ احمدیہ کا کام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ جب احمدی خلیفۃ المسیح کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی بیعت کے عہد کو پورا کرنے کی کوشش کریں۔اگر ہر فرد جماعت اخلاص کے ساتھ خلیفۃ المسیح کی دی ہوئی ہدایات اور احکامات کی بجا آوری کرے، تو اطاعت اور اتحاد کے اعلیٰ معیار قائم ہو جائیں گے، اور نتیجۃً جماعت اس مقصد میں نمایاں ترقی کرے گی کہ انسانیت کو دوبارہ خدائے واحد کی عبادت کی طرف لایا جائے اور دنیا میں امن و ہم آہنگی قائم کی جائے۔
اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظام خلافت کی نعمت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلیفہ وقت کا وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہیے۔ اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور وفاداری کے تعلق میں مضبوطی پیدا کرتے رہنا چاہیے۔ یہ ہماری مستقل ترقی کی کنجی ہے اور اس ذریعہ سے ہم جماعت کی کامیابی کو مشاہدہ کرنے والے ہوسکتے ہیں۔
آپ کو ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ، خصوصاً اپنے بچوں کو اس کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور دیگر تقریبات اور مواقع پر بیان کی گئی میری باتوں پر بھی عمل کریں۔
میں تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریوں کی یاد دلانا چاہتا ہوں، جو ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔ میں نے جلسہ سالانہ بیلجیم ۲۰۱۸ء کے موقع پر احباب جماعت کو اس طرح نصیحت کی تھی کہ ’’جس حق کو اور ہدایت کو اور سچائی کو تم نے قبول کیا ہے اس کو دنیا میں پھیلاؤ اور بتاؤ۔ اور یہ پرواہ نہیں ہونی چاہيے کہ لوگ مانتے ہیں کہ نہیں مانتے۔ پیغام یہاں کے ہر شہری تک پہنچ جانا چاہئے۔ ہر ملک کے ہر شہری تک ہر احمدی کو پہنچا دینا چاہئے اور یہی وہ کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمارے سپرد فرمایا ہے۔‘‘
لہٰذا میں ہر فرد جماعت کو تلقین کرتا ہوں کہ یوگنڈا کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کے پرامن پیغام کو پھیلانے کے لیے خصوصی کوشش کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس عظیم مقصد کی تکمیل میں ہر طرح کی کامیابی عطا فرمائے۔
آخر میں میری دعا ہے کہ اللہ کرے کہ آپ جلسہ کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے والے ہوں اور یہ آپ کے ایمان میں اضافہ کا باعث ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، اچھے اعمال اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔ آمین۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔ (بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 15 مئی 2025ء)