پیارے احباب جماعت احمدیہ کیمرون
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۲ و ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور سب شاملین غیر معمولی برکات حاصل کرنے والے ہوں۔
یہ جلسہ سالانہ جس کا انعقاد حضرت مسیح موعودؑ نے اللہ کی راہنمائی سے کیا تھا اس کا مقصد افراد جماعت کو متحد کرنا اور ان کے اسلام اور آنحضورﷺ کی تعلیمات کے متعلق فہم و ادراک میں بہتری لانا ہے۔ پس یہ جلسہ دنیاوی فوائد کے حصول یا کھیل تماشہ کےلیے نہیں بلکہ یہ روحانیت میں ترقی اور اخلاق کی بہتری کے لیے ہے۔ اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘
(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجمو عہ اشتہارات
جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہو جائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو قبول کر لیا ہے، بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی مخلصانہ کوشش بھی کرنی چاہیے جس کا آپ نے وعدہ کیا ہے۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنا ایمان زندہ رکھنے کے ليے ہر ایک شرط بیعت پر غور کرتے رہنا چاہئے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کے ہر مرحلے میں راہنما ہونی چاہئیں۔ اگر آ پ اپنے آپ کو ان کے مطابق ڈھالیں اور اپنے روز مرہ کے اعمال اور کاموں پر غور و فکر کریں اور جائزہ لیتے رہیں، تو آپ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں اور اس کے ذریعہ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے والے بن سکتے ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے اندر اسلام کی خدمت کا جوش و جذبہ پیدا کریں۔ اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ زندہ اور ذاتی تعلق پیدا کریں جو کہ ہمارا خالق ہے۔ چنانچہ باقاعدگی کے ساتھ پنجوقتہ نماز ادا کریں۔ تضرع میں بڑھیں اور اپنے دلوں میں مستقل ذکر الٰہی کرتے رہیں۔
یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کے ساتھ ہمیشہ وفا دار رہیں اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپکو میرے خطبات جمعہ اور دیگر تقریبات اور مواقع پر بیان کی گئی میری باتوں کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔ یہ آپ کو خلافت کے ساتھ ایک مستقل تعلق قائم کرنے میں مدد دے گا اور آپ کا ایمان مزید بہتر کرے گا۔
میں آپ کو تبلیغ کے حوالہ سے آپ کی ذمہ داریاں بھی یا ددلانا چاہتا ہوں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمارے ذمے یہ کام لگایا ہے کہ ہم اسلام کی سچائی اور اس کا پُر امن پیغام دنیا کے ہر کونے تک پھیلائیں۔ پس لوگ اسے قبول کریں یا نہ کریں ہمیں اپنے عزم میں کبھی کمزوری نہیں دکھانی چاہیے تاکہ ہم اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ اسلام کا حقیقی پیغام دنیا کے ہر ملک کے ہر ایک فرد تک پہنچے۔ یہ ایک بہت بڑا کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمارے ذمہ لگایا ہے۔
آپ دانشمندانہ منصوبہ بندی کریں اور موثر تبلیغی پروگرامز ترتیب دیں اور کیمرون کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کے پرامن پیغام کو پھیلانے کے لیے انتھک محنت کریں۔ اس کے نتیجہ میں آپ حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے مقصد کو پورا کرنے والے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس عظیم مقصد کی تکمیل میں ہر طرح کی کامیابی عطا فرمائے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو بہت کامیاب فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، لوگوں سے حسن سلوک، اچھے اعمال اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔ آمین۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 8مئی 2025)