پیارے احباب جماعت احمدیہ چاڈ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ اپنا تیسرا جلسہ سالانہ21؍ و22؍ فروری 2025ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو ہر لحاظ سے کامیاب فرمائے اور تمام شاملین اس بابرکت جلسے میں شامل ہونے کے نتیجے میں غیر معمولی برکات حاصل کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعودؑ نے جلسہ سالانہ کا جو مقصد بیان فرمایا ہے اس کو ہم اس فقرے میں خلاصۃً بیان کر سکتے ہیں کہ ’’تقویٰ کی باریک راہوں پر قدم مارنا‘‘۔ اس راستے میں بہت سی نیکیاں شامل ہیں جیسے کہ نرم دلی،غصے پر قابو پانا، آپس کا بھائی چارہ،عجز و انکساری قائم کرنا، تکبر سے بچنا اور سچائی کو اختیار کرنا۔
آخر کار، افراد جماعت کے لیے جلسے کا مقصد اپنی اصلاح کرنا اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنا ہے۔ تاہم، جیسا کہ ہماری روحانی پیاس ایک دم میں نہیں بجھ سکتی، اس لیے ہمیں چاہیے کہ جب یہ جلسہ ختم ہو جائے تو ہم اس روحانی پانی کو اپنے ساتھ لے جائیں اور ان مثبت تبدیلیوں کو قائم رکھیں جو ہم نے اس جلسہ میں شامل ہو کر حاصل کی ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائیدِحق اور اعلائے کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لئے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اُس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار7دسمبر1892ء، مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ341)
اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ آپ کو صرف اس بات سے خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کرلیاہے۔بلکہ آپ کو انتہائی کوشش کرنی چاہیے اور اپنی تمام تر قوتوں اور استعدادوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی روحانی حالت کو مسلسل بہتر بنانے اور اپنے اخلاقی معیاروں اوررویوں کو اس حد تک بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کا تقاضا حضرت مسیح موعودؑ نے احباب جماعت سے کیا۔
اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک ذاتی تعلق پیدا کریں اوربہترین احمدی بننے کی کوشش کریں۔ہر روز باجماعت پنجوقتہ نمازیں ادا کریں اور اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور ہر وقت اللہ کو یاد کریں اور دل میں اس کی حمدوثنا کریں۔
اس حوالے سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’انسان کو چاہئے کہ روحانی پانی کو تلاش کرے تو وہ اسے ضرور پالے گا۔ اور روحانی روٹی کو ڈھونڈے تو وہ اسے ضرور دی جائے گی۔ جیسا کہ ظاہری قانون قدرت ہے ویسا ہی باطن میں بھی قانون قدرت ہے لیکن تلاش شرط ہے جو تلاش کرے گا وہ ضرور پالےگا۔ خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق پیدا کرنے میں جو شخص سعی کرے گا خدا تعالیٰ اس سے ضرور راضی ہوجائے گا۔‘‘
(ملفوظات جلد10صفحہ 95)
تمام شرائط بیعت پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ ہر ایک شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر غور کرتے رہنا چاہیے۔ یہ شرائط آپ کے لیے مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر ان کے مطابق اپنی زندگی گزاریں گے اور خود احتسابی اور مستقل طور پر اپنے اعمال کے جائزے لیں گے تو آپ بہتر احمدی مسلمان بنیں گے اور دنیا میں ایک عظیم روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔
میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک قریبی تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور دیگر تقریبات اور مواقع پر میری بیان کی گئی باتوں پر بھی عمل کریں۔
میں آپ کو تبلیغ کی اہم ذمہ داری کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔ دانشمندانہ منصوبے بنائیں اور اسلام احمدیت کا پرامن پیغام چاڈ کے لوگوں تک پہنچانے کےلیے خاص کوشش کریں ۔
آخر میں میری دعا ہے کہ اللہ کرے کہ آپ جلسے کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے والے ہوں اور اپنے عقائد، اسلامی تعلیمات اور آنحضورﷺ کی راہنمائی کے حوالے سے علم حاصل کرنے والے ہوں۔اللہ کرے کہ آپ تقویٰ کی راہ پر چلنے والے ہوں، اپنے اندر مثبت تبدیلی پیدا کرنے والے ہوں اور اس جلسے کے مقاصد کو پورا کرنے والے ہوں۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 7مئی 2025)