پیارے احبابِ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ نامساعد حالات میں اپنے جلسہ سالانہ کا انعقاد کررہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپکو کامیابی سے نوازے اور جلسہ کا انعقاد ہر لحاظ سے بخیر و خوبی ہو جائے۔ دشمن کوئی شرارت نہ کرسکے۔ جلسہ کے ان بابرکت ایام میں دعاؤں پر بہت زور دیں اور دعاؤں کو مسلسل اپنی زندگی کا حصّہ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطا فرمائے۔ جوں جوں سخت حالات ہو رہے ہیں، آپ کو خدا تعالیٰ کی طرف زیادہ توجہ کرنی چاہئے۔ خدا تعالیٰ کے حضور زیادہ جھکنا چاہئے اور اپنی عبادتوں کے معیار بلند کرنے چاہئیں۔
حضرت اقدس مسیحِ موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’ خدا تعالیٰ نے مجھے بار بار بذریعہ الہامات کے یہی فرمایا ہے کہ جو کچھ ہو گا دعا ہی کے ذریعہ سے ہو گا۔ ہمارا ہتھیار تو دعا ہی ہے اور اس کے سوائے اور کوئی ہتھیار میرے پاس نہیں۔جو کچھ ہم پوشیدہ مانگتے ہیں، خدا تعالیٰ اس کو ظاہر کرکے دکھا دیتا ہے…جب ہماری دعائیں ایک نقطہ پر پہنچ جائیں گی تو جھوٹے خود بخود تباہ ہو جائیں گے۔ ‘‘
(ملفوظات، جلد ۵، صفحہ ۳۶۔ ایڈیشن۱۹۸۸ء)
جب یہ معیار ہم حاصل کریں گے تو ہم دیکھیں گے کہ مخالفین کی عارضی خوشیاں جلد حسرتوں میں بدل جائیں گی۔ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے جو انشاء اللہ ضرور پورا ہو گا۔
خدا تعالیٰ آپ کے ایمان اور ایقان کو سلامت رکھے اور آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور آپ سب کو حضرت اقدس مسیحِ موعود علیہ السلام کی ان تمام دعاؤں کا وارث بنائے جو آپ نے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں کے لئے کی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ آمین
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 3 مئی 2025ء)