اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-09-18

اجتماع وقف نو جرمنی 2024ء کے موقعہ پر سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بصیرت افروز پیغام

پیارے واقفین نو جرمنی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کے سالانہ نیشنل اجتماع کے موقعہ پر میں آج آپ کے سامنے چند اہم باتیں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ آپ میں سے ہر واقف نو کو اپنے وقف کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جماعت کو دوسروں کےلئے نمونہ بنانا چاہتا ہے۔ اس لئے واقفین نو کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے۔اس کےلئے سب سے پہلی چیز یہ ہے کہ آپ کا اطاعت کا معیار دوسروں سے بہت اونچا ہونا چاہیے۔ کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں میں اطاعت کی کمی آئی وہ کمزور اور منتشر ہوکر تباہ ہو گئیں۔ ہمیں ان قوموں سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ اس لئے آپ نے جب اپنے والدین کے عہدوں کو جاری رکھتے ہوئے اسلام احمدیت کی خدمت کےلئے اپنی زندگیاں وقف کی ہیں تو اس کا تقاضا یہ ہے کہ جماعت آپ کو جہاں بھی بھجوائے، جو بھی ہدایت دے اس پر پوری طرح عمل کرنے کی کوشش کریں۔ لوگ مجھے لکھتے ہیں اور واقفین نو لڑکے لڑکیاں بھی اپنے خطوط کے ذریعہ راہنمائی لیتے ہیں کہ وہ مستقبل کی پڑھائی یا تعلیم کس فیلڈ میں مکمل کریں۔ میں ان کو اکثر یہی کہتا ہوں کہ جس فیلڈ میں آپ کی دلچسپی ہے اسی میں مزید تعلیم حاصل کرکے اپنی خدمات جماعت کےلئے پیش کردیں۔ لیکن اگر کہیں کسی بھی صورت میں جماعت کو آپ کی ضرورت پڑے تو تعلیم مکمل ہونے سے پہلے بھی آپ کو خدمت کےلئے لیا جاسکتا ہے۔ اس وقت اصل اطاعت کا معیار یہ ہے کہ ہر واقف نو خوش دلی سے اپنے آپ کو جماعت کےلئے پیش کرے۔ اور قطع نظر اس کے کہ آپ کو جماعت کی طرف سے کتنا الاؤنس ملتا ہے یا تھوڑے پیسوں میں گزارا کرنا پڑتا ہے۔ اس وقت آپ کا مقصد نیکی اور تقویٰ میں آگے بڑھنا ہونا چاہئے۔ اگر آپ نیکی اور تقویٰ کا مظاہرہ کریں گے تو اللہ تعالیٰ خود آپ کا کفیل ہوگا۔ وہ آپ کی ضروریات کو بھی پوری کرے گا اور اپنے بےشمار
انعامات سے بھی نوازے گا۔ لیکن اس کےلئے آپ کو اپنی نمازوں کی بروقت ادائیگی اور عبادات کی طرف خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ خشوع و خضوع کے ساتھ نمازوں کو ادا کریں۔ اس زمانے میں جب انٹرنیٹ اور دیگر برائیوں کی وجہ سے زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں آپ کو اپنے آپ کو ان برائیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ صرف تعلیمی اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ اپنی تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کریں اور ایسے پیشے اختیار کریں جو آپ کو اللہ کے قریب کرنے والے ہوں اور تبلیغ کے نئے راستے کھولنے والے ہوں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ کرے کہ آپ قرآن کریم کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا کر اور ان پر عمل کرکے جماعت کےلئے فخر کا باعث بنیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے اس اجتماع کو بھی ہرلحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے۔آمین۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 23 اپریل 2025ء)