پیارے ممبران مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھ سے درخواست کی گئی تھی کہ آپ کے نیشنل اجتماع کے مبارک موقع پر آپ کو ایک پیغام بھیجوں۔ میں اس موقع پر آپ سب کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس اجتماع کو اپنے خاص فضلوں سےبھر دے۔ خداتعالیٰ کرے کہ آپ کا یہ اجتماع آپ کے لیے بےپناہ روحانی ترقیات کا باعث بنے اور آپ کے دلوں میں ایمان اور بھائی چارے کی شمع کو روشن تر کردے۔ آمین
آج آپ یہاں محض افراد کی حیثیت میں اکٹھے نہیں ہوئے ہیں بلکہ بطور’’ انصاراللہ‘‘ یعنی اللہ کے معزز مددگار کے طور پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ یہ ٹائیٹل صرف ایک تمغہ نہیں ہے جو فخر کے ساتھ پہنا جائے بلکہ ایک گہری ذمہ داری ہے جو آپ کو اسلام احمدیت کے حقیقی سفیر بننے کے حوالہ سے ادا کرنی ہے۔ آپ زندگی کے اس مرحلہ پر ہیں کہ آپ کا سالوں کا تجربہ اور دانائی جماعت کے مستقبل کی تشکیل میں آپ کے کردار کو اور زیادہ اہم بنا دیتی ہے۔
قرآن پاک جو کہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی عبادت اور اس کی مخلوق کی خدمت سچے ایمان کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ جیسا کہ آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کو عبادت اور نیک اعمال سے مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہاں یاد رکھیں کہ آپ کا گھر اگلی نسل کے لیے پہلی تربیت گاہ ہے۔ جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی اولاد میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کی، اسی طرح آپ کو اپنے بچوں میں اور آگے ان کی اولاد میں وہی محبت اور عقیدت پیدا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یاد رکھیں، اعمال کا اثر آپ کے الفاظ سے زیادہ ہوتا ہے۔ نوجوان آپ کا مشاہدہ کرتے ہیں اورآپ کے نمونے سے سیکھتے ہیں۔ روزانہ پانچ نمازوں کے لیے آپ کی لگن، قرآن پاک کے مطالعہ کے لیے آپ کا عزم، اور آپ کا جماعت کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ان کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ کی قربانیاں، مالی بھی اور وقت
اور مجاہدہ کی صورت میں بھی، آپ کی طرف سے محض فرائض کی تکمیل ہی نہیں بلکہ آپ کے ایمان کی مضبوطی کے ثبوت کی حیثیت رکھتی ہیں اور وہ جو نمونہ کے لیے آپ کو دیکھتے ہیں ان پر گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خواہش تھی ایک ایسی جماعت تیار ہو جس میں اسلام کی حقیقی روح، امن، ہمدردی اورتمام انسانوں کے لیے محبت پائی جاتی ہو۔ یہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب ہر ایک نسل، اپنے بزرگوں کی رکھی ہوئی بنیادوں پر قائم عمارت کو آگے بڑھاتے ہوئے، روحانی ترقی کے لیے کوشش کرے اور خود کو خدمت انسانیت کے لیے وقف کردے۔ بحیثیت انصاراللہ، ان عظیم مقاصد کے حصول میں آپ کا کردار بہت ضروری ہے۔
اس لیے میں آپ کو ترغیب دلاتا ہوں کہ آپ اسلامی علوم کے خزانوں کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کریں۔ قرآن پاک اور حضرت محمد ﷺکے بابرکت اسوہ سے راہنمائی حاصل کریں۔ خلافت احمدیہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط
کریں۔ خلافت کی صورت میں میّسر الٰہی راہنمائی سے استفادہ کرتے ہوئے جدید دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کی کوشش کریں۔ یاد رکھیں، یہ خلافت کے ساتھ آپ کی غیر متزلزل اطاعت اور وفاداری ہی ہے جس کے ذریعہ آپ اپنے لیے، اپنے خاندانوں کے لیے اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
خدا کرے کہ یہ اجتماع آپ کی روحانی ترقیات کا پیش خیمہ ثابت ہو اور آپ کے اسلام احمدیت کی خدمت کےعزم کو مضبوط کرے۔ جو اہم ذمہ داریاں آپ کے سپرد ہیں خداتعالیٰ انہیں کما حقہ ادا کرنے کی صلاحیت عطا فرمائے۔ خدا تعالیٰ مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔ آمین
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل03 فروری 2025ء)