اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-08-14

فجی کے پچاسویں جلسہ سالانہ 2024ء کے موقعہ پر سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ فجی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا پچاسواں جوبلی جلسہ سالانہ 14 اور 15 دسمبر 2024ء کو منعقد کررہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسے کو عظیم کامیابی سے نوازے اور آپ تمام شاملین جلسہ بےپایاں فضلوں کے وارث بنیں اور ہمارے مذہب اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے بارے میں اپنے علم کو بڑھانے والے ہوں۔
یہ بات یاد رکھیں کہ جلسہ سالانہ اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم فضل ہے جو حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعہ ہم پر نازل ہوا ہے۔ یہ جلسہ جس کے لیے آپ سب ایک بار پھر سے جمع ہوئے ہیں کوئی دنیاوی فوائد کے حصول یا تفریح کی جگہ نہیں ہے۔ بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ احباب جماعت اپنی اخلاقی حالتوں کو درست کرنے کے لیے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ جلسہ ہمارے عقائد کے متعلق زیادہ علم حاصل کرنے اور ان پر عمل پیرا ہوکر اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے حقوق ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے والا ہونا چاہئے تا کہ دنیا میں امن و آشتی پیدا ہو۔
یقیناً اس جلسہ کو آپ کے تقویٰ کے معیار کو بڑھانے والا ہونا چاہئے اور اللہ تعالیٰ کاخوف آپ کے دلوں میں پیدا کرنے والا ہونا چاہئے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ کی خوشنودی کا حصول ہونا چاہئے۔ حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:
’’ اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لئے قومیں طیار کی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اُس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ ۳۴۱)
یہ بھی اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ اس نے ہمیں حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کرنے کی توفیق بخشی ہے۔ اگر انہیں قبول کرنے اور بیعت کرنے کے بعد ہم روحانی ترقی اور اعلیٰ اخلاقی معیار کے حصول کی کوشش نہیں کررہے تو ہم اپنی بیعت کے حقیقی مقصد کو پورا کرنے والے نہیں بن رہے۔ یہ وہ باتیں ہیں جنہیں سب شاملین جلسہ کو اپنے ذہن میں رکھنا چاہئے۔
حضرت مسیح موعودؑ نے دس شرائط بیعت مقرر کی ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ یہ شرائط بیعت ہماری زندگی کے ہر مرحلے میں راہنما ہونی چاہئیں۔ پس ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے کہ ہم حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اور اپنے ایمان کو اعلیٰ ترین معیار تک بلند کرکے آپؑسے کی ہوئی بیعت کے حق کو پورا کریں اور اپنی پوری قوت کے ساتھ آپ کے مشن کو پورا کریں، بجائے اس کے کہ ہم اپنی مذہبی اقدار پر سمجھوتہ کرکے دنیا کےحصول میں گم ہوجائیں۔
اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظام خلافت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلیفہ وقت کا وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہئے۔ اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور وفاداری کے تعلق میں مضبوطی پیدا کرنی چاہئے۔ یہ ہماری مستقل ترقی کی کنجی ہے اور اس ذریعہ سے ہم جماعت کی کامیابی کو مشاہدہ کرنے والے ہوسکتے ہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھنا چاہئے اور اپنے اہل خانہ، خصوصاً اپنے بچوں کو اس کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور میری تمام ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔
اب جبکہ آپ نے پچاسویں جلسہ سالانہ کا سنگ میل طے کرلیا ہے۔ آپ کو چاہئے کہ آپ خود کو مضبوط عزم و ہمت اور پوری لگن کے ساتھ جماعت کے لیے
وقف کردیں۔ آپ کو صرف اس تاریخی سنگ میل کے حصول پر ہی خوش نہیں ہوجانا چاہئے بلکہ خود سے سوال
کرنا چاہئے کہ آپ نے کیا حاصل کیا اور کیسے آپ اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں اور مزید ترقی حاصل کرسکتے ہیں اور کیسے ہم اپنی کمزوریاں دُور کرسکتے ہیں۔ صرف وہی قومیں فتح یاب ہوتی ہیں جو مستقل طور پر خود کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور مزید آگے بڑھنے کے لیے نئے منصوبے بناتی ہیں۔
لہٰذا آپ کو تبلیغ کے لیے اور احباب جماعت کی تربیت کے لئے نئے منصوبے بنانے چاہئیں تاکہ آپ مزید ترقی کریں اور آنے والے سالوں میں جماعت کی ترقی اور بہتری کئی گنا زیادہ ہوجائے۔ ان پروگراموں کو لاگو کرنے کی ذمہ داری صرف عہدیداروں ہی کی نہیں بلکہ تمام احباب جماعت کو بھی اس میں پوری طرح شامل ہونا چاہئے اور ان پاک مقاصد کے حصول میں بھرپور محنت کرنی چاہئے۔ اللہ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنا فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل29 جنوری 2025ء)