اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-08-07

لتھوانیا کے دوسرے جلسہ سالانہ 2024ء کے موقعہ پر سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ لتھوانیا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ ۴،۵ ؍اکتوبر ۲۰۲۴ ء کو منعقد کررہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ سب اس منفرد اور مقدس جلسے میں شرکت کرکے بے انتہا روحانی فوائد اور برکتیں حاصل کریں۔
یہ بہت ضروری ہے کہ آپ جلسہ سالانہ میں شرکت کے مقصد کی قدر کریں اور اسے سمجھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’ اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لئے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء مجموعہ اشتہارات
جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
لہٰذا جلسہ مادی فوائد حاصل کرنے یا تفریح کی جگہ نہیں ہے بلکہ اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے اور اپنی اخلاقی اصلاح کرنے کی کوشش کا موقع ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں یاددہانی یوں کروائی ہے: ’’ اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تاہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خداتعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے … ‘‘
(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات
جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہوجائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو قبول کرلیا ہے جن کی آمد کی پیشگوئی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺنے خود فرمائی تھی۔ بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہئے۔یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں، خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روز مرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تب ہی آپ زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور و فکر کرتے رہنا چاہئے۔
آپ کو اپنے دینی علم اور ہمارے عقائد کے فہم کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہئے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں اور استعدادوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنی روحانی حالت کو اس سطح تک بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے جس کی امید حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’ اسلامی کاموں کے انجام دینے کے لئے عاشق زار کی طرح فدا ہونے کو تیار ہوں اورتمام تر کوشش اس بات کے لئے کریں کہ ان کی عام برکات دنیا میں پھیلیں۔ اور محبت الٰہی اور ہمدردی بندگان خدا کا پاک چشمہ ہریک دل سے نکل کر اور ایک جگہ اکٹھا ہو کر ایک دریا کی صورت میں بہتا ہوا نظر آوے … خدا تعالیٰ نے اس گروہ کو اپنا جلال ظاہر کرنے کے لئے اور اپنی قدرت دکھانے کے لئے پیدا کرنا اور پھر ترقی دینا چاہا ہے تا دنیا میں محبت الٰہی اور توبہ نصوح اور پاکیزگی اور حقیقی نیکی اور امن اور صلاحیت اور بنی نوع کی ہمدردی کو پھیلادے۔
(مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۱۹۷ - ۱۹۸، ایڈیشنل اوّل)
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ یقیناً جماعت کی ترقی، اسلام کی اشاعت او ردرحقیقت عالمی امن کا قیام بھی بنیادی طور پر نظام خلافت سے جڑا ہوا ہے۔ اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے ایک مضبوط تعلق قائم کریں اور ہمیشہ اس کے وفادار رہیں۔ میں ہر احمدی کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ وہ باقاعدگی سے ایم ٹی اے دیکھے اور اس سے فائدہ اٹھائے۔ خاص طور پر آپ کو میرے خطبات جمعہ، خطابات اور دیگر مواقع پر بیان کی گئی ہدایات کو باقاعدگی سے سننا چاہئے۔ درحقیقت ایم ٹی اے آپ کو خلافت سے ایک قریبی تعلق پیدا کرنے کا موقع دیتا ہے۔
میں آپ کو یاد دلاتا ہوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ لتھوانیا کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا خوبصورت اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کے لئے آپ کو دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئے۔ اللہ آپ کو اس نیک کام میں کامیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر پر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو بڑی کامیابی سے نوازے اور اپنے ایمان کو مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق بخشے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں مزید تقویٰ، نیک سلوک اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔ (بشکریہ الفضل انٹرنیشنل28 جنوری 2025ء)