اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-07-17

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تیسویں جلسہ سالانہ برازیل 2024ء کے موقعہ پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت برازیل!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا تیسواں جلسہ سالانہ 26،27 اور 28 ؍ اپریل 2024ء کو ’’ خدا تعالیٰ کا شکر بجالانا‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کررہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ سب بے انتہا فضلوں کے وارث بنیں، ہمارے مذہب اسلام اور نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور راہنمائی کے علم وفہم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دس شرائط بیعت مقرر کی ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ یہ شرائط آپ کے لیے مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر ان کے مطابق اپنی زندگی گزاریں گے تو آپ دنیا میں حقیقی اخلاقی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لئے ان میں سے ہر ایک شرط پر غور کرتے رہنا چاہئے۔ خود احتسابی اور مستقل طور پر اپنے اعمال کے جائزے لینے کے ذریعہ سے ہی آپ بیعت کے تقاضوں کو پورا کرسکتے ہیں۔
میں تیسری شرط بیعت کی طرف آپ کو توجہ دلاتا ہوں جو یوں ہے: ’’ یہ کہ بلاناغہ پنج وقتہ نماز موافق حکم خدا اور رسول کے ادا کرتا رہے گا۔ اور حتی الوسع نماز تہجد کےپڑھنے اور اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے اور ہر روز اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور استغفار کرنے میں مداومت اختیار کرے گا۔ اور دلی محبت سے خدا تعالیٰ کے احسانوں کو یاد کرکے اس کی حمد اور تعریف کو اپنا ہر روزہ ورد بنائے گا۔‘‘
آپ دیکھیں گے کہ اس شرط کے اندر ایک حکم یہ بھی ہے کہ آپ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے شکرگزار رہیں۔ اس حوالہ سے اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے : اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ (الفاتحہ : ۲) یعنی تمام حمد اللہ ہی کے لئے ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے۔
اللہ تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے :
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ وَلَہُ الْحَمْدُ فِی الْاٰخِرَۃِطوَہُوَ الْحَکِیْمُ الْخَبِیْرُ(صبا: ۲) یعنی سب حمد اللہ ہی کی ہے جس کا وہ سب کچھ ہے جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے اور آخرت میں بھی تمام تر حمد اُسی کی ہوگی اور وہ بہت حکمت والا (اور ) ہمیشہ خبر رکھتا ہے۔
اس ضمن میں حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے منبر پر [کھڑے ہو کر] فرمایا: جو تھوڑے پر (چھوٹی بات پر) شکر نہیں کرتا وہ بڑی (نعمت) پر بھی شکر ادا نہیں کرتا۔ اور جو بندوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کیا کرتا۔ نعمائے الٰہی کا ذکر کرتے رہنا شکر گزاری ہے اور اس کا عدم ذکر کفر (یعنی ناشکری) ہے۔ (مسند احمد بن حنبل جلد ۴ صفحہ ۲۷۸ مطبوعہ بیروت)
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’ اب غور کرکے دیکھ لو کہ حقیقی طور پر ان سب محامد کا مستحق صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے جو کامل طو رپر ان صفات سے متصف ہے اور کسی میں یہ صفات نہیں ہیں۔ غرض اوّلاً بالذّات اکمل اور اعلیٰ طور سے خدا تعالیٰ ہی مستحق تعریف ہے۔‘‘
(روئداد جلسہ دعا، روحانی خزائن جلد ۱۵ صفحہ ۵۹۸ - ۶۰۱)
اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ذاتی تعلق قائم کریں اور بہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش کریں۔ اپنی پنجوقتہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت اد اکریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دلوں میں اللہ اور اس کی حمد و ثنا کا ذکر ہمیشہ رکھیں۔
اس دور میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظام خلافت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلافت کا وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہئے اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور اخلاص کے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہئے۔ یہ ہماری مسلسل ترقی کی کلید ہے اور صرف یہی راستہ ہے جو ہماری جماعت کی ابدی ترقی کی طرف ہمیں لے جانے والا ہے۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہئے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبات جمعہ کو سننا چاہئے اور دیگر مواقع پر بھی بیان کی گئی ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔
آخر میں مَیں آپ سب سے کہتا ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ آگے بڑھیں اور پختہ عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ عہد کریں کہ آپ وہ تمام خالص تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کی گئی بیعت کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہیں۔ ان شاء اللہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ اسلام کے پُر امن پیغام کی اشاعت کا ذریعہ بنیں گے اور اپنے ہم وطنوں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو اسلام کے سائے تلے لانے والے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس ہدایت پر بہترین انداز میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل18 جنوری 2025ء)