اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-07-10

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصاراللہ لائبیریا کے نیشنل اجتماع 2024ء کے موقعہ پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے ممبران مجلس انصاراللہ لائبیریا،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کے سالانہ نیشنل اجتماع کے اس بابرکت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک احمدی مسلمان اور خصوصاً مجلس انصاراللہ کے ممبران کے طور پر آپ پر ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ ایک ایسی ذمہ داری جسے ہر ناصر کو نہ صرف ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے بلکہ دوسروں کو تلقین بھی کرنی چاہئے اور اپنی زندگی کے تمام پہلوؤں میں ایمان، دیانت اور ہمدردی کی عمدہ مثال بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ حضرت مسیح موعود ؑ اور آپؑکے مشن کی بیعت ایک ایسا عہد ہے جو پاکیزگی، تقویٰ اور انسانیت کی خدمت کی زندگی گزارنے کا تقاضا کرتا ہے۔
یاد رکھیں کہ بیعت کرنا صرف ایک رسمی عمل نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی زندگیوں کو بدلنے کا ایک پختہ عہد ہے۔ لہٰذا اپنی زندگیوں کے ہر پہلو میں سچائی، ایمانداری اور دیانت داری کے بلند ترین معیار کو برقرار رکھنا جماعت کے ہر ناصر کی ذمہ داری ہے۔ اس لئے اپنے آپ کو بدکاری کی ہر قسم کی کشش اور تمام برائیوں سے بچائیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پنجوقتہ نمازوں کی اہمیت کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔ اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں پنجوقتہ نمازوں کو قائم کرنے کی کوشش کریں اور استغفار کی عادت کو مستقل طور پر اپنائیں کیونکہ یہ آپ کے دلوں کو پاک کرے گا اور آپ کے عزم کو مضبوط کرے گا۔ حقیقی توبہ کا تقاضا یہ ہے کہ نہ صرف ماضی کے گناہوں کی معافی طلب کی جائے بلکہ مستقبل کی غلطیوں سے بھی اپنے آپ کو محفوظ رکھا جائے۔
آج کل کے بگڑتے ہوئے حالات میں یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے ایمان پر ثابت قدم رہیں اور اللہ کی رضا کو تمام دنیاوی مسائل پر ترجیح دیں۔ غیر اسلامی رسومات اور نقصان دہ بدعات کو ردّ کریں۔ قرآن کریم
کی راہنمائی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر مضبوطی سے عمل کریں۔ عاجزی اور انکساری کو اپنائیں اور تکبر کے زہر کو رد کریں۔ حضرت مسیح موعودؑ کے ان الفاظ کو ہمیشہ یاد رکھیںکہ ’’ زمین تمہارا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتی اگر تمہارا آسمان سے پختہ تعلق ہے‘‘۔
سب سے بڑھ کر خلافت احمدیہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔ آزمائشوں اور مصائب کے اس دور میں  یہ آپ کی نجات کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو جماعت اور مجلس انصاراللہ کے حقیقی نمائندے بننے کے ساتھ ساتھ لائبیریا میں اسلام احمدیت کے روشن علمبردار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ کرے کہ یہ اجتماع آپ کے لئے، آپ کے اہل خانہ کے لئے اورپوری جماعت کے لئے رحمتوں کا باعث بنے۔ آمین ۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل04 جنوری 2025ء)