مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے آپ کا خط ملا جس میں آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کے سالانہ نیشنل اجتماع کے لئے پیغام کی درخواست کی تھی۔ اس موقع پر مَیں مجلس خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے چند باتیں کرنا چاہوں گا۔
مجلس خدام الاحمدیہ جماعت احمدیہ مسلمہ کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس تنظیم میں وہ نوجوان اور بچے شامل ہیں جو مستقبل میں جماعت کی قیادت کی ذمہ داریوں کو سنبھالیں گے، ان شاء اللہ۔ آپ وہ لوگ ہیں جو آنے والے وقتوں میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام دنیا کے ہر کونے تک پہنچانے کی اہم ذمہ داری نبھائیں گے۔ یہ ایک عظیم ذمہ داری ہے جس کے لئے آپ کو ابھی سے اپنے آپ کو تیار کرنا چاہئے۔
آپ کی تربیت ایسے اعلیٰ معیار کی ہونی چاہئے کہ دنیا اسے رشک کی نظر سے دیکھے اور آپ کا دینی علم ایسا ہو کہ لوگ یہ کہنے پر مجبور ہوجائیں کہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سچے پیروکار ہیں۔ اس مقصد کے لئے جماعت نے مختلف پروگرامز تیار کئے ہیں۔ آپ کی تعلیم اور تربیت کے لئے جماعت میں مختلف سکیمیں موجود ہیں۔
اسی حوالہ سے میںنے حال ہی میں مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے نیشنل اجتماع میں شاملین کو جھوٹ سے بچنے اور جھوٹے بیانات دینے سے اجتناب کرنے کی نصیحت کی تھی۔ بلکہ ہر حال میں سچ بولنا اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف توجہ دینا ایسی اہم بنیادی باتیں ہیں جنہیں ہر احمدی خادم کو اپنانا چاہئے۔ جھوٹ ایک ایسی برائی ہے جو انسان کو ایمان سے دُور لے جاتی ہے۔ یہ انسان کی روحانی زندگی کو تباہ کردیتی ہے اور اللہ تعالیٰ سے دُور لے جاتی ہے۔ جھوٹ بولنے کی عادت انسان کو آہستہ آہستہ بڑے گناہوں کی طرف لے جاتی ہے۔ اور روحانی ترقی میں روک پیدا کرتی ہے۔ اس لیے ہر ممکن کوشش کریں کہ جھوٹ سے
بچیں۔ سچائی کو اپنے معاملات، تعلیم، کاروبار غرض ہر جگہ اپنائیں۔ یہ صفت آپ کو اس دنیا میں عزت دے گی اور آخرت میں بلند مرتبہ عطا کرے گی۔
مجلس خدام الاحمدیہ کا ہر رکن اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کرے۔ اس کے لئے سب سے پہلی اور ضروری بات یہ ہے کہ آپ اپنی نمازوں میں باقاعدگی قائم رکھیں۔ پنجوقتہ نمازوں کو باقاعدگی سے پڑھنے کی عادت ڈالیں اور جس قدر ممکن ہوسکے مسجد میں باجماعت نمازیں ادا کریں۔ ہر نماز کو اس کی روح کے مطابق، عاجزی اور تذلل کے ساتھ ادا کریں گویا کہ آپ اللہ تعالیٰ کو سامنے دیکھ رہے ہیں۔
قرآن مجید کی تلاوت بھی آپ آپ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ روزانہ قرآن کریم کےکم از کم ایک حصّہ کی تلاوت ضرور کریں اور اس کے ترجمہ اور تفسیر کا بھی مطالعہ کریں تا کہ آپ قرآن کریم کی تعلیمات کو سمجھ سکیں اور ان پر عمل کرسکیں۔ اسی طرح آپ کو اپنی روحانی تربیت کے لئے حضرت مسیح موعودؑ کی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ ان کتابوں کا مطالعہ آپ کو ایمان کی گہرائیوں کا صحیح علم دے گا اور آپ کے ایمان میں اضافہ کرے گا۔
یاد رکھیں کہ آپ اپنی جوانی کے عروج پر ہیں اور یہ زندگی کا وہ حصّہ ہے جب انسان میں فطری طور پر زیادہ جوش و جذبہ پایہ جاتا ہے۔ اس لیے مختلف کھیلوں میں حصّہ لیتے وقت، جیسا کہ اجتماع میں کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں، کبھی نہ بھولیں کہ آپ کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا اور اس کی رضا کے لئے نیک عمل کرنا ہے۔ لہٰذا کھیلوں کے پروگرامز کے ساتھ ساتھ اپنی روحانی اور اخلاقی حالتوں پر بھی توجہ دیں تا کہ آپ اپنے اندر پاک تبدیلیاں لاسکیں۔
جماعت کے نوجوانوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ جماعت کی ترقی اور کامیابی کا راز نظام خلافت کے ساتھ منسلک رہنے میں ہے۔ یہ وہ عظیم نظام ہے جسے اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعہ قائم کیا ہے اور اللہ تعالیٰ کے وعدہ کے مطابق یہ الٰہی نظام قیامت تک قائم رہے گا۔ ان شاء اللہ۔ آپ کی تمام علمی، روحانی اور اخلاقی پروگراموں کی کامیابی خلافت کے ساتھ ایک سچا تعلق قائم کرنے سے وابستہ ہے۔ اس لئے ہر خادم کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ وہ خلافت سے اپنا تعلق مضبوط کرے۔ خلیفہ ٔ وقت کی راہنمائی کو توجہ سے سنیں اور اس پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ خلافت کی ترقی و استحکام اور جماعت کی کامیابی کے لئے بھی دعا کریں۔ محبت اور خلوص کے ساتھ خلافت سے وابستہ رہنے سے آپ کی زندگی میں برکتیں نازل ہوں گی اور آپ ہر میدان میں کامیابی حاصل کریں گے۔ ان شاء اللہ۔
اگر آپ ان تمام نصائح پر عمل کریں گے تو آپ جلد ہی وہ لوگ بن جائیں گے جو اس دنیا میں وہ انقلاب لائیں گے جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کو بھیجا اور جس کے لئے حضرت مصلح موعودؑ نے مجلس خدام الاحمدیہ قائم کی تھی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس اجتماع کو تمام شاملین کے لئے ہر لحاظ سے بابرکت اور کامیاب بنائے۔ آمین
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل21 دسمبر 2024ء)