اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-05-01

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا عائشہ اکیڈمی جرمنی کی پہلی تقریب تقسیم اسناد کے موقعہ پر بصیرت افروز خصوصی پیغام

فارغ التحصیل طالبات عائشہ اکیڈمی جرمنی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ سن کر بڑی خوشی ہوئی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عائشہ اکیڈمی جرمنی کاپہلا بیچ اپنی تعلیمات مکمل کرکے گریجوایشن کی اس تقریب میں اسناد حاصل کرنے جارہا ہے۔ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور ہمیں شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے جماعت جرمنی کی لجنہ کو یہ سعادت بخشی ہے۔ آپ نے اس اکیڈمی میں داخلہ لے کر دینی علم حاصل کرنے کا جو عزم کیاتھا اس سے آپ کی ذمہ داری اب اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس علم کو حاصل کرکے آپ نے اسے اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بنانا ہے اور اسے دوسروں میں بھی آگے پھیلانا ہے۔ یاد رکھیں کہ آپ کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ جماعت کی خدمت کےلیے اور آئندہ نسلوں کی تربیت کے لیے اس علم کو مؤثر طریق پر استعمال کرنا آپ کا اصل مقصود ہونا چاہیے۔ قرآن کریم کی تعلیمات پر مزید غور و فکر کریں۔ اس کے گہرے معانی کو سمجھنے کی کوشش کریں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء کی تحریرات کامطالعہ جاری رکھتے ہوئے اپنے دینی علم کو مزید وسعت دیتی چلی جائیں۔ جماعت کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں۔ چاہے وہ تدریس کے شعبہ سےتعلق رکھتی ہوں یا کسی اور شعبہ سے آپ کو ہمیشہ جماعت کی خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ آپ کی تعلیم کا مقصد صرف ذاتی ترقی نہیں بلکہ پوری جماعت کی ترقی اور اسلام کی خدمت ہے۔ آپ نے اپنے علم کو اپنے گھرانوں، اپنی آنے والی نسلوں اور پوری جماعت کے فائدے کے لیے بروئے کار لانا ہے اور اپنی عبادتوں کے معیاروں کو اونچا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ
کی رضا اور اس کا قرب حاصل کرنا ہے۔ اگر یہ مقصد آپ کے ذہنوں میں نہیں تو پھر اس ادارہ میں درس و تدریس کا سلیبس مکمّل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس لیے ہمیشہ اس نصیحت کو اپنے سامنے رکھیں اور جیسا کہ میں نے کہا اسے اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ سب کو اس نیک مقصد میں کامیابی عطا فرمائے اور اس میں برکت ڈالے۔ آمین
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل11 دسمبر 2024ء)