اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-04-10

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بتیسویںجلسہ سالانہ سویڈن 2024ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اُردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ سویڈن
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ 21؍ اور 22؍ ستمبر 2024ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کررہے ہیں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جلسہ غیرمعمولی برکات حاصل کرنے والے اور ہمارے مذہب اسلام کی خوبصورت تعلیمات اور ہمارے محبوب رسول محمد ﷺکی ہدایات کی روشنی میں اپنے علم اور عرفان میں ترقی کرنے والے ہوں۔
جیسا کہ ہر احمدی مسلمان کو علم ہے کہ جلسہ سالانہ کا انعقاد جس کے لیے آپ لوگ جو ایک بار پھر جمع ہوئے ہیں مادی فائدہ اور تفریح کے لیے نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانا اور اپنی اخلاقی حالتوں کو بہتر کرنا ہے۔ یہ منفرد قسم کا جلسہ ہمیں اپنے دلوں اور دماغ کو پاک کرنے اور اپنی روحانی اور اخلاقی حالت کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نتیجۃً ہم زیادہ تقویٰ شعار اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے والے بن سکتے ہیں۔ یہی وہ نقطہ نظر ہے جسے شاملین جلسہ کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’ اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمہ ٔ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔ ‘‘
(اشتہار 27 ؍ دسمبر 1892ء مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 361 ایڈیشن 2019ء)
میں نصیحت کرتا ہوں کہ دس شرائط بیعت پر عمل کرنے کی پوری کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنا ایمان زندہ رکھنے کے لیے ہر ایک شرط بیعت پر غور کرتے رہنا چاہیے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کے ہر مرحلے میں رہ نما ہونی چاہئیں۔ اگر آپ اپنے آپ کو ان کے مطابق ڈھالیں اور اپنے روز مرہ کے اعمال اور کاموں پر غور و فکر کریں اور جائزہ لیتے رہیں، تو آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے والے بن سکتے ہیں۔
اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’ بیعت اگر دل سے نہیں تو کوئی نتیجہ اس کا نہیں میری بیعت سے خدا دل کا اقرار چاہتا ہے پس جو سچے دل سے مجھے قبول کرتا اور اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرتا ہے، غفور و رحیم خدا اُس کے گناہوں کو ضرور بخش دیتا ہے اور وہ ایسا ہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے نکلا ہے۔ تب فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ ‘‘
(ملفوظات جلد سوم صفحہ 62۔ ایڈیشن 2022ء)
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اپنی تربیت کے میعار کو بلند کرنے اور اپنی استعدادوں اور قابلیتوں کو استعمال کرکے اپنی روحانی حالت کو ترقی دے کر اس میعار تک لے جائیں جس کی حضرت مسیح موعود ؑ نے افراد جماعت سے توقع کی ہے۔
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ قریبی تعلق قائم رکھنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ اس کے وفادار رہیں۔ نیز ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کریں اور اپنی فیملی اور خاص طو پر بچوں کو بھی ایم ٹی اے دیکھنے کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص آپ کو چاہئے کہ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سُنیں اور میری تمام ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔
میں آ پ کی توجہ تبلیغ کی ذمّہ داریوں کی طرف بھی دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لئے لازمی ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہئے اور سویڈن کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُر
امن پیغام پہنچانے کے لئے نئے ذرائع تلاش کرنے چاہئیں۔ میں آپ کو اپنے ایک سابقہ خطاب کے وہ الفاظ یاد کراتا ہوں جہاں میں نے جماعت کے افراد کو مندرجہ ذیل نصیحت کی تھی۔
’’ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہم پر یہ ذمہ داری ڈالی ہے کہ اسلام کی سچائی کو پھیلائیں اور اس کے پُر امن پیغام کو دُنیا کے کونے کونے تک پھیلائیں۔ پس لوگ قبول کریں یا نہ کریں ، ہمیں اپنے عزم میں کبھی بھی سُست نہیں ہونا چاہئے تاکہ دُنیا کے ہر مُلک کے ہر بندے تک اسلام کاپیغام پہنچ جائے۔ یہ بہت عظیم کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں سونپا ہے۔ ‘‘
(اختتامی خطاب جلسہ سالانہ بیلجم 17 اگست 2018ء)
اس لئے آپ عہد کریں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن کو پورا کرنے کے لئے انتھک محنت کریں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے کہ اس جلسہ کی کارروائی سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے ایمانوں کو مضبوط کریں۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور اخلاق اور نیک اعمال میں بڑھائے اور خدمت دین اور انسانی ہمدردی کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل22 نومبر 2024ء)