پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا چھٹا جلسہ سالانہ 20 ؍ اکتوبر 2024ء کو منعقد کررہے ہیں۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین بےشمار برکتیں حاصل کریں۔
جیسا کہ آپ کو علم ہے جلسہ سالانہ ایک روحانی تقریب ہے جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ احباب جماعت آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ جمع ہوں او ردینی علم اور ہمارے مذہب اسلام کی تفہیم اور سمجھ میں ترقی کریں۔ لہٰذاجلسہ مادی فوائد حاصل کرنے یا تفریح کی جگہ نہیں ہے بلکہ اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے اور اپنی اخلاقی اصلاح کرنے کی کوشش کا موقع ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں یاددہانی یوں کروائی ہے: ’’ اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے او ران کے معلومات وسیع ہوں او رخدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوںگے … ‘‘
(اشتہار 27 ؍ دسمبر 1892ء ، مجموعہ اشتہارات جلد 1 صفحہ 360، ایڈیشن 2019 ء)
آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہوجائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو قبول کرلیاہے جن کی آمد کی پیشگوئی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود فرمائی تھی۔ بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پرعمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہئے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں،خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روز مرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیںگے تب ہی آپ زیادہ بہتر احدمی مسلمان بن سکتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور و فکر کرتے رہنا چاہئے۔
خلافت احمدیہ کے روحانی نظام کے ساتھ وفادار رہیں اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہئے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ کو میرے خطبات جمعہ کو اور دیگر تقریبات اور مواقع پر میرے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہئے۔ اس سے آپ کا خلافت کے ساتھ مستقل تعلق قائم رہے گا اور آپ کے ایمان کو تقویت بخشے گا۔
میں آپ کو تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریاں بھی یاد دلانا چاہتاہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ تبلیغ کے لیے حکمت سے منصوبے بنائیں اور اسلام احمدیت کے پُر امن پیغام کو مالٹا کے لوگوں تک پہنچانے کے مؤثر ذریعے تلاش کریں۔
تبلیغ کے حوالے سے میں نے ایک دفعہ احباب جماعت کو اس طرح نصیحت کی تھی کہ ’’ جس حق کو اور ہدایت کو اور سچائی کو تم نے قبول کیا ہے اس کو دنیا میں پھیلاؤ اور بتاؤ۔ اور یہ پرواہ نہیں ہونی چاہیے کہ لوگ مانتے ہیں کہ نہیں مانتے۔ پیغام یہاں کے ہر شہری تک پہنچ جانا چاہیے۔ ہر ملک کے ہر شہری تک ہر احمدی کو پہنچا دینا چاہیے اور یہی وہ کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمارے سپرد فرمایا ہے۔‘‘
(اختتامی خطاب، جلسہ سالانہ بیلجیم 16؍ ستمبر 2018ء)
اس لیے آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کی تکمیل کے لیے انتھک کوشش کرنے کا عہد کریں۔ (بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 21 نومبر 2024ء)