اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-10-31

جماعت احمدیہ فلپائن کے سترھویں جلسہ سالانہ منعقدہ 28،29 اور 30 جون 2024 ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز پیغام

پیارے احباب جماعت احمد یہ فلپائن
السلام علیکم و رحمة الله وبركاته
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا سترھواں جلسہ سالانہ مورخہ28،29 اور30 جون 2024، کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو ہر کامیابی سے نوازے، آپ سب بے انتہا فضلوں کے وارث بنیں، ہمارے مذہب یعنی اسلام کی خوبصورت تعلیمات اور آنحضور ﷺکی دی ہوئی ہدایات کے متعلق علم و فہم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعود ؑکی بیعت میں آنے کے بعد جو اللہ تعالیٰ کے فضل ہم پر ہوئے ہیں ان میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ منفرد اجتماع ہمیں اپنے دلوں کو پاک کرنے اور نیک بننے کا ایک بہترین موقع دیتا ہے جس کے نتیجہ میں ہم اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے بھی حقوق ادا کر سکتے ہیں۔لہٰذاآپ ہمیشہ ان اعلیٰ مقاصد کو ذہن نشین رکھیں جن کی خاطر حضرت مسیح موعودؑ نے جماعت کی بنیاد رکھی اور بیعت کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں جن کی تفصیل حضرت مسیح موعود نے یوں بیان فرمائی ہے:’’ یہ سلسلہ بیعت محض بمراد فراہمی طائفہ متقین یعنی تقویٰ شعار لوگوں کی جماعت کے جمع کرنے کے لئے ہے تا ایسے متقیوں کا ایک بھاری گروہ دنیا پر اپنا ایک اثر ڈالے اور ان کا اتفاق اسلام کے لئے برکت و عظمت ونتائج خیر کا موجب ہو اور وہ یہ برکت کلمہ واحدہ پرمتفق ہونے کے اسلام کی پاک و مقدس خدمت میں جلد آسکیں۔
( مجوعہ اشتہارات جلد ا صفحہ196)
میں آپ کو تیسری شرط بیعت کی طرف توجہ دلاتا ہوں جس کے متعلق حضرت مسیح موعود ؑفرماتے ہیں کہ ’’ بلاناغہ پنج وقتہ نماز موافق حکم خدا اور رسول کے ادا کرتا رہے گا۔ اور حتی الوسع نماز تہجد کے پڑھنے اور اپنے نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنے اور ہر روز اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور استغفار کرنے میں مداومت اختیار کرے گا۔ اور دلی محبت سے خدا تعالی کے احسانوں کو یاد کرکے اس کی حمد اور تعریف کو اپنا ہر روزہ ورد بنائے گا‘‘۔
اس شرط بیعت کے ابتدائی حصہ سے متعلقہ حضرت ابو ہریرہؓسے مروی ایک حدیث ہے کہ آنحضور ﷺ نے فرمایا:قیامت کے روز بندے سے سب سے پہلے اس کی نماز کا محاسبہ ہوگا ، اگر وہ ٹھیک رہی تو کامیاب ہو گیا اور اس نے نجات پالی۔ اور اگر وہ خراب نکلی تو وہ ناکام اور نامراد رہا ۔ اور اگر اس کی فرض نمازوں میں کوئی کمی ہو گی تو اللہ تعالیٰ اس کی نفل نمازوں سے وہ کمی پوری کر دے گا ۔ پھر اسی انداز سے سارے اعمال کا محاسبہ ہوگا۔
(سنن الترمذی ، کتاب الصلوٰۃ ، باب اَنَّ اَوَّلَ مَا یُحَا سَبُ بِہٖ الْعَبْدُ)
سو آپ اس بات کی قدر کریں کہ ہر شرط بیعت اپنے اندر بیشمار حکمتیں رکھتی ہے۔ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کیلئے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور کرتے رہنا چاہئے ۔ یہ شرائط ہمارے لئے مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ ان کے مطابق عمل کریں گے تو دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کر سکتے ہیں ۔ خود احتسابی اور اپنے اعمال کے مستقبل جائزے لینے کے ذریعہ سے ہی ہم شرائط بیعت کے تقاضوں کو پورا کر سکتے ہیں۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ خلیفۃ المسیح سے قریبی تعلق بنانے کی کوشش کریں اور وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہئے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ کو میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سننا چاہئے اور دیگر مواقع پر بھی بیان کی گئی باتوں پر عمل کرنا چاہئے ۔
میں آپ کو تبلیغ کی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں جو کہ ہر احمدی مسلمان کیلئے ضروری ہے۔ تبلیغ کیلئے حکمت سے منصوبے بنائیںاور اسلام احمدیت کے پر امن اور محبت بھرے پیغام کو فلپائن کے لوگوں تک پہنچانے کے نئے ذریعے تلاش کریں۔
آخر پر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلسہ کی کاروائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اپنے ایمان مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے نظام سے وفادار رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ میں بہتری ، نیک سلوک اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ آپ پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 17 اکتوبر 2024)