میرے پیارے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے روحانی فرزند و!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
الحمدللہ! واقفین نو نائیجیریا کا نیشنل اجتماع 17تا 19اپریل 2026ءکو منعقد ہو رہا ہے۔ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ یہ اجتماع آپ سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہو۔
آپ کے اجتماع کے مرکزی موضوع کی روشنی میں میں تمام واقفین نو اور واقفات نو کو یاد دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ سب سے پہلی اور بنیادی بات یہ ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ اور اُس کے دین پر اپنے ایمان کے معیاروں کو مسلسل بلند کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔ صرف اللہ تعالیٰ کی محبت اور اُس کا قرب حاصل کر کے ہی واقفین نو حضرت مسیح موعودؑ سے کیے گئے اپنی بیعت کے عہد اور اپنے وقف کے تقاضوں کو پورا کر سکتے ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ نے ایک مقام پر حقیقی ایمان اور اطاعت الٰہی کا ذکر کرتے ہوئے بیان فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں حضرت ابراہیمؑ کی ان الفاظ میں تعریف فرمائی ہے:
وَإِبْرٰهِیْمَ الَّذِیْ وَفّٰی (النجم: ۳۸)
”اور ابراہیم (کے صحف میں) جس نے عہد کو پورا کیا۔“
قرآن کریم کے یہ الفاظ گواہی دیتے ہیں کہ حضرت ابراہیمؑ نے اللہ تعالیٰ سے کیے گئے اپنے عہد کو وفاداری سے پورا کیا۔ آپ نے خدا تعالیٰ کے احکامات کی بجا آوری کی اور اللہ تعالیٰ کی خاطر سخت آزمائشوں اور مصائب کو عظیم صبر اور کامل وفاداری کے ساتھ برداشت کیا۔
اسی لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے انہیں ’وفادار‘ کا لقب دیا گیا۔ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت محض ایک کہانی نہیں ہے جسے ہم سنائیں اور اس کی تعریف کریں۔ بلکہ یہ آپ سب کے لیے ایک تحریک کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ یقیناً آپ کو اسے ایک ذاتی ہدایت سمجھنا چاہیے جو اس اطاعت کے معیار اور غیر متزلزل ایمان کو واضح کرتی ہے جو اُن لوگوں سے مطلوب ہے جو اپنی زندگیاں اپنے دین کے لیے وقف کرتے ہیں۔
جب آپ اللہ کے ساتھ ایسی مکمل وفاداری کا مظاہرہ کریں گے صرف تب ہی آپ اپنے عہد کے ساتھ انصاف کر سکتے ہیں۔ ورنہ وہ عہد اور وعدہ جو آپ نے اللہ تعالیٰ سے کیا ہے بے معنی ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر واقف نو کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اپنے عہد کو پورا نہ کرنا کوئی چھوٹی یا معمولی بات نہیں۔ بلکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جو اپنے وعدے پورے نہیں کرتے وہ جوابدہ ہوں گے۔
دعا ہے کہ آپ سب قرآن کریم کی تعلیمات کے حقیقی مرتبہ اور قدر و قیمت کو پہچانیں، اپنی زندگیاں مثالی طریقے سے گزاریں اور تمام نیک کاموں میں سبقت لے جائیں۔ آمین
( بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 22 ؍ جون 2026)