مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ سیرالیون 9تا11؍فروری 2024ء اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آ پ کا جلسہ بابرکت کرے اور تمام شاملین بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ سے ان الفاظ میں وعدہ کیا تھا کہ ’’میں تجھے زمین کے کناروں تک عزت کے ساتھ شہرت دوں گا اور تیرا ذکر بلند کروں گا اور تیری محبت دلوں میں ڈال دوں گا۔ جَعَلْنَاکَ الْمَسِیْحَ ابْنَ مَرْیَمَ (ہم نے تجھ کو مسیح ابن مریم بنایا) ان کو کہہ دے کہ مَیں عیسیٰ کے قدم پر آیا ہوں۔‘‘
(تذکرہ صفحہ ۱۶۳، ایڈیشن ۲۰۲۳ء)
دنیا کے ہر کونے میں منعقد ہونےوالے جلسے جن میں نیکی اور تقویٰ کے جذبات سے پُر ہزاروں شاملین اکٹھے ہوتے ہیں اور حضرت مسیح موعودؑ کا نام عزت و تکریم سے لیتے ہیں اللہ تعالیٰ کے اس وعدے کے پورا ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔
چنانچہ حضرت مسیح موعودؑ کی جائے پیدائش سے ہزاروں میل دور آپ کا جلسہ منعقد کرنا بھی حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ کی سچائی کا ایک ثبوت ہے جن کی آمد کا ذکر نہ صرف آنحضورﷺ نے کیا بلکہ قرآن کریم میں بھی اس کی واضح پیشگوئی موجود ہے۔لہٰذا آپ میں سے ہر ایک جو اس جلسہ میں شریک ہے وہ اس پیشگوئی کے عظیم الشان ظہور کا شاہد ہے۔ اسی لیے ہر احمدی کویہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ حضرت مسیح موعودؑ کے اس مشن کو پورا کرنے کےلیے انتھک کوشش کرے گا جس میں پہلی چیز تمام انسانوں کو اپنے خالق حقیقی کی پہچان کروانا اور اس کی عبادت کی دعوت دینا اوردوسری چیز اپنے ساتھی انسانوں کے حقوق ادا کرناہے تا کہ دنیا میں امن اور ہم آہنگی پیدا ہو۔ اس ضمن میں حضورؑ فرماتے ہیں کہ ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاء کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے۔ اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے۔ جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘(اشتہار ۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲، مجموعہ اشتہارات جلد۱ صفحہ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
یہ جلسہ آپ کے تقویٰ کے معیار بڑھانیوالا ہونا چاہیے جو حقیقی نیکی ہے اور ساتھ ہی اللہ تعالیٰ کا خوف آپ کے دلوں میں بڑھانیوالا ہونا چاہیے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصداللہ کی خوشنودی کا حصول ہونا چاہیے۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’انسان کو چاہئے کہ روحانی پانی تلاش کرے تو وہ اسے ضرور پالے گا۔ اور روحانی روٹی کو ڈھونڈے تو وہ اسے ضرور دی جائے گی۔ جیساکہ ظاہری قانون قدرت ہے ویسا ہی باطن میں بھی قانون قدرت ہے لیکن تلاش شرط ہے جو تلاش کرے گا وہ ضرور پائے گا۔ خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق پیدا کرنے میں جو شخص سعی کرے گا۔ خدا تعالےٰ اس سے ضرور راضی ہوجائیگا۔ (ملفوظات جلد۱۰ صفحہ ۹۵، ایڈیشن ۱۹۸۴ء)
حضرت مسیح موعودؑ کے ساتھ کی ہوئی بیعت کی شرائط کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یہ شرائط آ پ کی زندگی کے لیے ایک مشعل راہ ہونی چاہئیں۔ اگر آپ خود کو ان میں ڈھالیں گے،خود احتسابی،غورو فکر سے کام لیں گے اور اپنے روزمرہ افعال و اعمال کو بہتر کریں گے تو نہ صر ف آپ بہترین احمدی بن جائیں گے بلکہ دنیا میں حقیقی انقلاب لانے والے بھی ہوں گے۔ ہر شرط بیعت اپنے آپ میں بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کےلیے ہر شرط بیعت پر خوب غور کر نا چاہیے۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور درحقیقت دنیا میں امن کا قیام بھی براہ راست نظام خلافت سے منسلک ہے۔ اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے قریبی تعلق بنا کر رکھیں اور ہمیشہ خلیفہ کے وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر بچوں کو اس کی نصیحت کریں۔آپ کو خاص طور پر میرے خطبات کو سننا چاہیے اور دوسرے مواقع اور تقریبات پر کی جانے والی نصائح پر عمل کرنا چاہیے۔
میں آپ کو تبلیغ کی عظیم ذمہ داری کی طرف بھی متوجہ کرتا ہوں چونکہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔ آپ کو سیرالیون کے تمام لوگوں تک احمدیت اور اسلام کا خوبصورت اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کیلئے دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو مبارک کرے۔ آپ اس جلسہ کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے والے ہوں اور اپنے مذہب اسلام کی تعلیمات کا علم حاصل کرنے والے ہوں اور ایک نئی قوت اور روحانی طاقت کے ساتھ اللہ اور انسانیت کے راستے میں جدو جہد کرنے والے ہوں۔ اللہ آپ پر رحم کرے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 5فروری 2024)