اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-06-27

جماعت احمدیہ سینیگال کے جلسہ سالانہ منعقدہ 29،30 اور 31 دسمبر 2023کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا بصیرت افروز پیغام

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ سینیگال 29، ۳۰ اور ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ آ پ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں ۔
حضرت مسیح موعودؑ نے اس جلسہ سالانہ کا مقصد اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک خاص تعلق کو قائم کرنا اور آنحضورﷺ کی تعلیمات اور آپؐ کے عمل کے طریق کو سننا بیان فرمایا ہے۔ تاکہ ہر کوئی اپنی اصلاح کر سکے۔چنانچہ جلسہ سالانہ کا جو مقصد حضرت مسیح موعودؑ نے بیان فرمایا ہے اگر ہم اس کو سمجھنا چاہتے ہیں تواس کو ایک فقرے میں یوں سمویا جا سکتاہے کہ ’’تقویٰ کے راستے پر قدم مارنا‘‘۔
حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے اس بیان سے ہمیں ایک بہت بڑا سبق دیا ہے۔اور اگر ہم اس سبق پر عمل کریں تو ہم اپنی زندگیوں میں بہت بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم دنیا کو مکمل طور پر خیر آباد کہہ دیں اور ہر کسی سے کامل طور سے کنارہ کشی کر لیں۔بلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے ہمیں نیکی کے راستے پر چلتے رہنا چاہیے۔ اور کوئی دنیاوی چیز ہمیں اس سے روکنے والی نہ ہو۔
اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہوچکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی۔ اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘(ملفوظات جلد ۷صفحہ ۲۷۷-۲۷۸)
اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ آپ کو صرف اس بات سے خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے حضرت مسیح موعودؑکو قبول کر لیاہے۔بلکہ آپ کو انتہائی کوشش کرنی چاہیے اور اپنی تمام ترقوتوں اور استعدادوں کو بروئے کار لانا چاہیے اور آپ کو اپنی روحانی حالت کو مسلسل بہتر بنانے اور اپنے اخلاقی معیاروں اوررویوّں کو اس حد تک بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کا تقاضا حضرت مسیح موعودؑ نے احباب جماعت سے کیا۔
اپنے خالق اللہ تعالیٰ سے اپنا ذاتی تعلق بنانے کی کوشش کریں۔شرائط بیعت کے مطابق چلنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یہ شرائط آ پ کی زندگی کے لیے ایک مشعل راہ ہونی چاہئیں۔ اور اگر آپ خود کو ان میں ڈھالیں،اپنے جائزے لیں،غورو فکر سے کام لیں اور اپنے روزمرہ افعال کو بہتر کریں تو نہ صر ف آپ بہترین احمدی بن جائیں گے بلکہ دنیا میں حقیقی انقلاب لانے والے بھی ہوں گے۔ہر شرط بیعت میں لامتناہی حکمتیں ہیں۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کےلیے ہر شرط بیعت پر خوب غور کرتے رہنا چاہیے۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کو جو ایک الٰہی نظام ہے ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور دنیا میں امن کا قیام یہ سب بنیادی طور پر نظام خلافت سے منسلک ہیں۔اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے پختہ تعلق بنائیں اور ہمیشہ اس سے وفادار رہیں۔
ایم ٹی اے دیکھیں اور اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر اپنے بچوں کو اس کی تاکید کریں۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع اور تقاریب پر کی گئی تقاریر کو سننا چاہیے۔ اس سے آپ کا خلافت سے تعلق مضبوط ہو گا اورایمان مستحکم۔
میں تبلیغ کے متعلق آپ کی عظیم ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوںجو ہر احمدی کےلیے ضروری ہے۔ آپ کو سینیگال کے تمام لوگوں تک احمدیت اور اسلام کا خوبصورت اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کےلیے دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔اللہ آپ سب کو اس کام کی توفیق دے۔
آخر میں جلسہ میں شامل ہونے والوں کو حضرت مسیح موعودؑ کی ایک دعا یاد دلانا چاہتا ہوں۔آپؑ فرماتے ہیں کہ ’’بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالےٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کردیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمادے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔‘‘(اشتہار ۷؍دسمبر مجموعہ اشتہارات جلد ۱صفحہ۳۴۲)
اللہ کرے کہ حضرت مسیح موعودؓکی یہ دلی دعائیں آ پ کے ہمراہ ہوں۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق، اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 3 فروری 2023)