مجھےاس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ گنی بساؤ اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ اللہ اس جلسے کو بابرکت اور کامیاب کرے اور جلسے میں شریک تمام احباب بے پناہ روحانی ترقیات حاصل کرنیوالے ہوں اور آپ سب نیکی اور تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعودؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے ۱۸۹۱ء میں قادیان میں پہلا جلسہ سالانہ منعقد کیا تھا۔۱۳۲؍ سال پہلے اس موقع پر صرف ۷۵؍افراد نے شرکت کی تھی۔ لیکن آج ہم سب اس بات کے گواہ ہیں کہ یہ جلسے بشمول گنی بساؤ دنیا کے ہر ملک میں منعقد ہورہے ہیں جن میں سینکڑوں ہزاروں لوگ شرکت کر رہے ہیں۔یہ سب ہمارے خالق اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ہی ممکن ہوا ہے۔ اس لیے ہمیں دل کی گہرائیوں سے اس کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جلسے کے بارے میں فرمایا: ’’حتی الوسع تمام دوستوں کو محض للہ ربّانی باتوں کے سننے کے لئے اور دعا میں شریک ہونے کے لئے اس تاریخ پر آ جانا چاہیے اور اس جلسہ میں ایسے حقایق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں اور نیز ان دوستوں کے لئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہو گی اور حتی الوسع بدرگاہ ارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشے‘‘۔
(آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد۴صفحہ ۳۷۵-۳۷۶)
اس لیے اس جلسہ کا بنیادی مقصد جماعت کے مخلصین کا روحانی فیوض حاصل کرنا، ہمارے مذہب اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کے متعلق مزید آگاہی حاصل کرنا اور اس طرح سے اللہ تعالیٰ سے تعلق میں ترقی حاصل کرنا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے مزید فرمایا: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لئے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘ (اشتہار ۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲، مجموعہ اشتہارات جلد۱ صفحہ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
پس آپ کو اللہ تعالیٰ سے اپنا ذاتی تعلق مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ نے جو حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کی ہے اس کی شرائط کو پورا کرنے کی تگ و دو کرنی چاہیے۔یہ شرائط آپ کی زندگی کے لیے ایک مشعل ہونی چاہئیں۔ اور اگر آپ خود کو ان میں ڈھالیں، خود احتسابی کریں، غورو فکر سے کام لیں اور اپنے روزمرہ افعال و اعمال کو بہتر کریں تو نہ صر ف آپ بہترین احمدی بن جائیں گے بلکہ دنیا کے اندر حقیقی انقلاب لانے والے بھی ہوں گے۔ ہر شرط بیعت اپنی ذات میں معرفت کا ایک سمندر ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کےلیے ہر شرط بیعت پر خوب غور کر نا چاہیے۔
میں آپ کو نظام خلافت کی اہمیت بھی باور کروانا چاہتا ہوں جو ہمارے لیے بے انتہا فیوض کا منبع ہے۔ آج اسلام کی اشاعت اور دنیا میں امن صرف خلافت کے نظام پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ خلیفہ وقت سے مضبوط تعلق بنانے کی کوشش کریں اور اس کے وفادار رہیں۔ آپ اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی بابرکت راہنمائی، پناہ اور حفاظت میں رہیں۔ میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ MTA دیکھے۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہیے اور ان میں کی گئی نصائح پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔
آپ کو تبلیغ کی ذمہ داریوں کے متعلق بھی آگاہ رہنا چاہیے جو کہ جماعت کے ہر رکن کا فرض ہے۔ باقاعدگی سے تبلیغ کے پروگرام منعقد کریں اور گنی بساؤ میں اسلام احمدیت کو پھیلانے کےلیے نئے طریقے اور ذرائع تلاش کریں۔اللہ اس نیک کام میں آپ کا حامی ہو۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق، اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔ اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔ (الفضل انٹرنیشنل 31 جنوری 2024)
…٭…٭…٭…