اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-05-23

جلسہ سالانہ فرنچ گیانا کیلئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خصوصی پیغام

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ فرنچ گیانا ۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو یہاں جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں۔ اور اچھائی، نیکی اور تقویٰ کے اعلیٰ معیار حاصل کرنے والے ہوں۔
یہ بات بہت اہم ہے کہ آپ جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کا حقیقی مقصد حاصل کریں۔ اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱صفحہ۳۶۰ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اس لیے جلسہ کا اجتماع دنیاوی فوائد کے حصول کے لیے نہیں ہے۔نہ ہی میلہ ہے۔بلکہ روحانی ماحول سے حصہ لینے اور اپنے اخلاق میں بہتری پیدا کرنے کا ایک موقع ہے۔حضرت مسیح موعودؑ مزید فرماتے ہیں: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِکلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱ ایڈیشن۲۰۱۹ء)
آپ کو صرف اس بات پر ہی خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے اس مسیح اور مہدیؑ کو مان لیا ہےجس کی آمد کی خبر پہلے سے ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے دے دی تھی۔بلکہ ہر وقت آپ کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیےکہ آپ اپنی بیعت کی ذمہ دراریوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔
آپ کو اپنی تمام لیاقتیں اور استعدادیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنے دینی علم اور اپنے عقائد کے فہم کو بڑھانا چاہیے۔ اور اپنے اعمال اور طرز عمل میں اس حد تک بہتری لانی چاہیے جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت کے ممبران سے توقع کی ہے۔ چنانچہ مسلسل خود احتسابی اور بہتر احمدی بننے کی کوشش سے ہی آ پ جلسے پر حاضر ی کا مقصد حاصل کر سکیں گے۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور درحقیقت دنیا میں امن کا قیام بھی براہ راست نظام خلافت سے منسلک ہے۔اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃالمسیح سے قریبی تعلق بنا کے رکھیں اور ہمیشہ خلیفہ کے وفادار رہیں۔آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتانی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کے بابرکت حصار، راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ mtaدیکھے اور اس سے فائدہ اٹھائے۔آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہیے۔درحقیقت mtaآپ کا خلافت سے مستقل رابطہ جوڑ ے رکھتا ہے۔
میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔فرنچ گیانا کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا خوبصورت اورپیارا پیغام پہنچانے کےلیے دانشمندانہ منصوبے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دیں۔ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی میں اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
آخر پر میری دل کی گہرائیوں سے یہ دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے۔اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم فرمائے۔ (بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 13 جنوری 2023) …٭…٭…٭…