مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ احمدیہ مسلم جماعت فجی اپنا انچاسواں جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس جلسہ میں شامل ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں اور اچھائی اور نیکی میں ترقی کریں اورتقویٰ اور پرہیزگاری میں بڑھیں۔
یہ بات نہایت اہم ہے کہ آپ جلسہ میں شامل ہونے کے حقیقی مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں۔اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے سب سے بڑی غرض تو یہ ہےکہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل وتوفیق سےان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے‘‘۔
(اشتہار ۲۷ دسمبر ۱۸۹۲ء مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اس لیے آپ کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ یہ جلسہ کوئی دنیاوی فوائد کے حصول یا تفریح کی جگہ نہیں ہے۔بلکہ روحانی ماحول سے اپنا حصہ لینے اوراپنی اخلاقی حالتوں کو درست کرنے کا ایک موقع ہے۔ حضرت مسیح موعودؑ اس ضمن میں مزید یاددہانی کرواتے ہوئے فرماتے ہیں کہ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاء کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے۔ اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ …کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے۔ جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار ۲۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ ۳۶۱ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
آپ کو صرف اس بات پر ہی خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے اس مسیح اور مہدیؑ کو مان لیا ہےجس کی آمد کی خبر پہلے سے ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے دے دی تھی۔بلکہ ہر وقت آپ کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیےکہ آپ اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔
ہر شرط بیعت اپنی ذات میں عقل و دانش کا ایک مجموعہ رکھتی ہے۔اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کےلیے ہر احمدی کو ہر وقت ہر شرط بیعت پر غور و خوض کرتے رہنا چاہیے۔شرائط بیعت آپ کی زندگی کی راہنما ہونی چاہئیں۔ اور اگر آپ خود احتسابی کریں،بار بار اپنا جائزہ لیں اور اپنے روزمرہ کاموں کو بہتربناتے ہوئے خود کو ان شرائط کے مطابق ڈھال لیں تو آپ ایک مزید بہتر احمدی بن سکتے ہیں اور دنیا میں حقیقی روحانی تبدیلی پیدا کر سکتے
آپ کو اپنی تمام لیاقتیں اور استعدادیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنے دینی علم اور اپنے عقائد کے فہم کو بڑھانا چاہیےاور اپنے اعمال اور طرز عمل میں اس حد تک بہتری لانی چاہیے جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت کے ممبران سے توقع کی ہے۔ چنانچہ مسلسل خود احتسابی اور بہتر احمدی بننے کی کوشش سے ہی آ پ جلسے پر حاضر ی کا مقصد حاصل کر سکیں گے۔
میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ نظام خلافت کو سب سے زیادہ اہمیت دیں۔یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی، اسلام کی اشاعت اور درحقیقت دنیا کا امن خلافت احمدیہ سے وابستہ ہے۔ اس لیے ہمیشہ خلیفۃ المسیح سے وفادار رہیں اور خلیفۃ المسیح سے قریبی تعلق بنا کے رکھیں۔
آپ کو mtaدیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر بچوں کو بھی اس کی ترغیب دینی چاہیے۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہیے۔ یہ کام آپ کا خلافت سے مستقل رابطہ قائم کرے گااور آپ کے ایمان کو مضبوط کرے گا۔
میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔آپ کو گرد ونواح میں اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کےلیے پہلے سے زیادہ دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔اللہ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی میں آپ کا حامی و ناصر ہو۔
آخر پر میری اللہ سے دعا ہےکہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے ۔اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، اچھے اخلاق اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔ (بشکریہ الفضل انٹر نیشنل 27 دسمبر 2023) …٭…٭…