مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ مورخہ20 نومبر2023ء کولَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ کے موضوع پراپنا پانچواں جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شرکا کو بےشمار برکتیں نصیب فرمائے۔
اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے: لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُوْا اللّٰہَ وَالْیَوْمَ الْاٰخِرَ وَذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْرًا۔ یقیناً تمہارے لئے اللہ کے رسول میں نیک نمونہ ہے ہر اس شخص کے لئے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے اور کثرت سے اللہ کو یاد کرتا ہے۔(سورۃ الاحزاب، آیت22)
پس ہمیں احمدی مسلمان ہونے کے ناطے اپنا فرض سمجھنا چاہئے کہ اس مہربان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے ہر پہلو کی اور آپ کی زندگی کے تمام خوبصورت لمحات کی پیروی اور تبلیغ و تشہیر کریں اور ساری دنیا کے سامنے آپ کی عزت و وقار کو سربلند کریں۔ ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر مسلسل درود و سلام بھیجنا چاہئے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہئے کہ وہ ہمیں ہمیشہ آپؐ کے مبارک اسوۂ حسنہ کی تقلید کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’مَیں نے محض خدا کے فضل سے نہ اپنے کسی ہُنر سے اِس نعمت سے کامل حصّہ پایا ہے جو مجھ سے پہلے نبیوں اور رسولوں اور خدا کے برگزیدوں کو دی گئی تھی۔ اور میرے لئے اس نعمت کا پانا ممکن نہ تھا اگر مَیں اپنے سیّد و مولیٰ فخر الانبیاء اور خیر الوریٰ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے راہوں کی پیروی نہ کرتا۔ سو میں نے جو کچھ پایا۔ اُس پیروی سے پایا اور مَیں اپنے سچے اور کامل علم سے جانتا ہوں کہ کوئی انسان بجز پَیروی اُس نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خدا تک نہیں پہنچ سکتا اور نہ معرفت کاملہ کا حصّہ پا سکتا ہے۔ ‘‘
(حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد22 صفحہ 24-25)
لہٰذا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کےاسوہ حسنہ اور کامل نمونے کی پیروی کرنے اور آپؐ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانے کے لئے ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہمارا قرب کا تعلق قائم ہو۔ اس سلسلہ میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نےیہ اعلان فرمایا ہے کہ میں نے خداتعالیٰ کو آنحضرت ﷺ کے وسیلہ سے پایا ہے۔ آپؑ فرماتے ہیں: ’’ اور ہزاروں درود اور سلام اور رحمتیں اور برکتیں اس پاک نبی محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوں جس کے ذریعہ سے ہم نے وہ زندہ خدا پایاجو آپ کلام کر کے اپنی ہستی کا آپ ہمیں نشان دیتا ہے اور آپ فوق العادت نشان دکھلا کر اپنی قدیم اور کامل طاقتوں اور قوتوں کا ہم کو چمکنے والا چہرہ دکھاتا ہے سو ہم نے ایسے رسول کو پایا جس نے خدا کو ہمیں دکھلایا اور ایسے خدا کوپایا جس نے اپنی کامل طاقت سے ہر ایک چیز کو بنایا اس کی قدرت کیا ہی عظمت اپنے اندر رکھتی ہے جس کے بغیر کسی چیز نے نقش وجودنہیں پکڑا اور جس کے سہارے کے بغیر کوئی چیز قائم نہیں رہ سکتی۔ وہ ہمارا سچا خدا بےشمار برکتوں والا ہے اور بےشمار قدرتوں والا اور بےشمار حسن والا اور بے شمار احسان والا اس کے سوا کوئی اور خدا نہیں‘‘۔
(نسیم دعوت، روحانی خزائن جلد19 صفحہ363)
اس دور میں ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ تعلیمات کو آپ کے غلام صادق حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نےاز سر نو زندہ کیا ہے اور درحقیقت جلسہ سالانہ ایک روحانی جلسہ ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ جماعت کے افراد آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ جمع ہوں اور دینی علم اور ہمارے مذہب اسلام کی تفہیم میں ترقی کریں۔
میں آپ کو توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ جن شرائط پر آپ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت کی ہے انہیں پورا کرنے کے لئے بہت کوشش کریں اور ان اعلیٰ روحانی اور اخلاقی معیار کو حاصل کریں جن کی آپ کو اپنی جماعت کے افراد سے توقع تھی تاکہ آپ سب مثالی احمدی مسلمان بن سکیں۔ نیز خلافت احمدیہ کے روحانی نظام کے ساتھ وفادار رہنے کی اہمیت اور جماعت کے ہر فرد کے لئے خلیفۃالمسیح کے ساتھ مضبوط رشتہ قائم کرنے کی ضرورت کو بھی ہمیشہ ذہن میں رکھیں۔
آپ سب کو باقاعدگی سے mta دیکھنا چاہئے اور اپنی فیملی کو اور خاص طور پر اپنے بچوں کو بھی mta دیکھنے کی ترغیب دینی چاہئے۔ خاص طور پر آپکو میرےخطبات جمعہ اور دیگر تقریبات اور مواقع پر میرے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہئے۔ اس سے آپ کا خلافت کے ساتھ مستقل رابطہ اور تعلق قائم رہے گااور آپکے ایمان کو تقویت ملے گی۔ میں آپ کو تبلیغ کے حوالے سے آپکی ذمہ داریاں بھی یاد دلانا چاہتا ہوں جو کہ ہر احمدی کا فرض ہے۔آپکو مالٹا میں اسلام احمدیت کا پُر امن پیغام پھیلانے کیلئے متدبرانہ منصوبہ بندی کرنی چاہئے اور نئے اور جدید مؤثرطریق اپنانے چاہئیں۔
آخر پر میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، حسن اخلاق، اعمال صالحہ اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کیلئے حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا رحم اور فضل فرمائے۔ آمین۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 13دسمبر 2023)
٭…٭