اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-05-16

جلسہ سالانہ کینیا کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا احباب جماعت کے لئے بصیرت افروز خصوصی پیغام

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ ۹؍ اور ۱۰؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنا سالانہ جلسہ منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ آپ کے جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں بے پایاں فیوض حاصل کریں جو اس روحانی تقریب میں پنہاں ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ نے اس جلسہ سالانہ کا مقصد اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک خاص تعلق کو قائم کرنا اور آنحضورﷺ کی تعلیمات اور آپؐکے عمل کے طریق کو سننا بیان فرمایا ہےتاکہ ہر کوئی اپنی اصلاح کر سکے۔چنانچہ جلسہ سالانہ کا جو مقصد حضرت مسیح موعودؑ نے بیان فرمایا ہے اگر ہم اس کو سمجھنا چاہتے ہیں تواس کو ایک فقرے میں یوں سمویا جاسکتاہے کہ ’’تقویٰ کے راستے پر قدم مارنا‘‘ حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے اس بیان سے ہمیں ایک بہت بڑا سبق دیا ہےاور اگر ہم اس سبق پر عمل کریں تو ہم اپنی زندگیوں میں بہت بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں۔اس کا ہرگز یہ مطلب نہ کہ ہم دنیا کو مکمل طور پر خیر باد کہہ دیں اور ہر کسی سے کامل طور سے کنارہ کشی کر لیںبلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے ہمیں نیکی کے راستے پر چلتے رہنا چاہیے اور کوئی دنیاوی چیز ہمیں اس سے روکنے والی نہ ہو۔
اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہوچکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘ (ملفوظات جلد ۷صفحہ ۲۷۷-۲۷۸، ایڈیشن۱۹۸۴ء)
اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ آپ کو صرف اس بات سے خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کر لیاہےبلکہ آپ کو انتہائی کوشش کرنی چاہیے اور اپنی تمام تر قوتوں اور استعدادوں کو بروئے کار لانا چاہیے اور آپ کو اپنی روحانی حالت کو مسلسل بہتر بنانے اور اپنے اخلاقی معیاروں اوررویّوں کو اس حد تک بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کا تقاضا حضرت مسیح موعودؑ نے احباب جماعت سے کیا۔یہ تبھی ممکن ہے جب آپ اپنے رویّوں کا مستقل جائزہ لیں گےاور مسلسل بیعت کی شرائط کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے اور تبھی آپ جلسہ میں شامل ہونے کا مقصد بھی پورا کرنے والے ہوں گے۔
میں آپ کی توجہ تبلیغ کے کام کی طرف بھی مبذول کروانا چاہتا ہوںاور آپ کو اپنی کوششوں کو بہتر کرنے اور بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔یاد رکھیں کہ حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا مقصد اسلام کی عظمت کا احیائے نو تھا۔آج اسلام کے احیاکا کام ہر احمدی کا کام ہے۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں :’’ خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ اُن تمام روحوں کو جو زمین کی متفرق آبادیوں میں آباد ہیں کیا یورپ اور کیا ایشیاء اُن سب کو جو نیک فطرت رکھتے ہیں توحید کی طرف کھینچے اور اپنے بندوں کو دین واحد پر جمع کرے یہی خدا تعالیٰ کا مقصد ہے جس کے لئے میں دنیا میں بھیجا گیا سو تم اس مقصد کی پیروی کرو مگر نرمی اور اخلاق اور دعاؤں پر زور دینے سے۔‘‘(رسالہ الوصیت، روحانی خزائن جلد ۲۰صفحہ ۳۰۶-۳۰۷)
بے شک یہ اللہ کا خاص فضل اور رحم ہے کہ ہم نے حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کی ہے۔لیکن حضرت مسیح موعودؑ نے یہ ہرگز نہیں کہا تھا کہ صرف بیعت ہی ہماری زندگیوں کا حتمی مقصد ہے بلکہ آپؑنے فرمایاکہ اگر ہم آپؑ کے راستے کی پیروی کریں اور اللہ کی توحید قائم کرنے کےلیے سب کو ایک سچے مذہب پر جمع کریں تبھی ہم انصاف قائم کرنے والے اور اپنی بیعت کا حق ادا کرنے والے ہوں گے۔
اس لیے میں ہر فرد جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ تبلیغ کی اہمیت کو سمجھیں اورتبلیغی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی ہرممکن کوشش کریں۔آپ کو مستقل پروگرام منعقد کرتے رہنا چاہیے اور دانشمندانہ منصوبہ بندی کرنی چاہیےاور کینیا میں اسلام احمدیت کا پر امن پیغام پھیلانے کےلیے نئے ذرائع اور راستے تلاش کرتے رہنا چاہیے۔اللہ آپ کو یہ کرنے کی توفیق دے۔
آپ کو ہمیشہ خلیفۃ المسیح سےوفادار رہنا چاہیے اور خلیفۃالمسیح سے قریبی تعلق بنا کے رکھیں۔یاد رکھیں کہ اسلام کا مستقبل اور دنیا کا امن خلافت احمدیہ سے وابستہ ہے۔اس بات کو مدّنظر رکھتے ہوئے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ mtaدیکھے اور اس سے فائد ہ اٹھائے۔آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہیے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ روحانیت حاصل کرنے والے ہوں اور آپ کا ایمان مضبوط ہو۔اللہ کرے کہ آپ متقی ترین احمدی بننے کی طرف بڑھنے والے ہوں تاکہ آپ نئی روحانی قوت اور ولولے کےساتھ اسلام اور احمدیت کےمقصد کو پورا کرنے والے ہوں۔ اللہ آپ سب پر رحم کرے۔ (بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 13 دسمبر 2023)
…٭…٭…٭…