اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-04-18

جماعت احمدیہ فن لینڈ کے 10ویں جلسہ سالانہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز خصوصی پیغام

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ فن لینڈ اپنا دسواں جلسہ سالانہ 17 و 18؍جون 2023ء کو منعقد کر رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو یہاں جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں۔ اور اللہ کرے کہ آپ اچھائی، نیکی اور تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔
آپ کو اس بات کو ذہن نشین رکھنا چاہئے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کرنے کے بعد اللہ کا ایک خاص فضل اور عنایت جو اس نے ہم پر کی ہے وہ جلسہ سالانہ کا قیام ہے جو ایک یگانہ اور مقدس اجتماع ہے جو ہمیں اپنے روحانی اور اخلاقی معیار بلند کرنے، اپنے دین اسلام، قرآن اور آنحضورﷺ کی تعلیمات کا زیادہ علم حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے۔ یہ ہمیں اچھے کاموں میں بڑھنےاور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے۔ لہٰذا جو بھی فرد جماعت اس جلسہ میں شمولیت کرنے والے خوش نصیبوں میں شامل ہے اسے یاد رکھنا چاہئے کہ یہ جلسہ کوئی عام تقریب، میلہ یا تہوار نہیں ہے۔ بلکہ یہ ایک ایسا اجتماع ہے جس کا واحد مقصد ہمیں اللہ کا قرب حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر جلسہ میں آنا بے کار اور بے مقصد ہے۔
حضرت مسیح موعودعلیہ السلام اس ضمن میں فرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمۂ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کیلئے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار 27؍دسمبر 1892ء ، مجموعہ اشتہارات، جلد1، صفحہ361، ایڈیشن 2019ء)
اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ جلسہ کی کارروائی کے دوران اللہ کو بہت یاد کریں ۔ اللہ سے عہد کریں کہ اے اللہ! ہم اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں جو تیری خاص تائید، علم اور نیک مقصد کی خاطرقائم ہوا۔ ہم اس جلسہ میں تیری رضا کی خاطر، تجھے یاد کرنے کیلئے اور تیر ی خوشنودی کیلئے شامل ہوئے ہیں۔ ہمیں ان تمام رحمتوں کا وراث بنا جو تو نے اس جلسہ پر نازل کی ہیں اور ہمارے اند ر اس پاک تبدیلی کو پیدا کر جس کی تجھے خواہش ہے اور جس کیلئے تو نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کے غلام صادق کو اس دنیا میں بھیجا ہےتا کہ ہم اس سے سچی وفاداری کا عہد باندھ سکیں۔
میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اپنی روحانی حالت کو بہتر کریں اوراپنے روزمرہ اخلاق کا معیار بلند کریں جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت کے احباب سے توقع کی ہے۔ آپ کو صرف اس بات سے خوش نہیں ہو جانا چاہئے کہ آ پ نے بیعت کی ہے۔ اور حضرت مسیح موعودؑ کو مان لیا ہےبلکہ آپ کو ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہئے کہ آپ شرائط بیعت کو پورا کریں اور اپنے اند ر مستقل ایک تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کریں اور اس طرح پہلے سے زیادہ نیک اور متقی احمدی مسلمان بنیں۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ خلیفۃ المسیح سے قریبی تعلق بنا کے رکھیں اور ہمیشہ خلیفہ کے وفادار رہیں۔ آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت بتانی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی مبارک پناہ، راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ mta دیکھے اور اس سے فائدہ اٹھائے۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہئے۔ اس طرح آپ کا خلافت سے ایک مستقل تعلق بنا رہے گا اور یہ آ پ کے ازدیاد ایمان کا باعث ہو گا۔
میں آ پ کونصیحت کرتا ہوں کہ اپنی تبلیغ کی ذمہ داریوں کو سمجھیں جو کہ ہر احمدی کا فرض ہے۔ آپ کو فن لینڈ میں احمدیت اور اسلام کا پر امن پیغام پہنچانے کیلئے متدبرانہ منصوبہ سازی اور نئے اورجدیدطریقوں کوتلاش کرنا چاہئے۔
آخر پر میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق، اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔
(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 15؍نومبر2023ء)